Tag: 3 new polio cases

  • ایک دن میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

    ایک دن میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

    اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع چاغی میں 4 سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران پولیو کے 3 کیسز سامنے آگئے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ اب تک ملک میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ضلع چاغی میں 4 سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، ضلع چاغی افغان مہاجر کیمپ گردی میں رہائش پذیر 5 سالہ بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔

    این سی او سی کے مطابق ڈی آئی خان اور لکی مروت سے بھی پولیو کیسز رپورٹ ہوئے، لکی مروت کی رہائشی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا۔

    ڈی آئی خان کا رہائشی بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا، متاثرہ بچوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا ہے، رواں سال بلوچستان سے 22 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    اس کے علاوہ سندھ 12، خیبرپختونخوا سے 9 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری ہے اس موقع پر 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تمام والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس ملک گیر پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلوانے کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ویکسین کے دو قطرے پلائے جائیں۔

  • پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آگئے، وزارت صحت  نے بھی تصدیق کردی

    پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آگئے، وزارت صحت نے بھی تصدیق کردی

    اسلام آباد : ملک میں مزید 3 پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی، رواں برس کے پہلے ماہ میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 06 ہوگئی ہے، پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید 3 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سندھ کے علاقے رتو ڈیرو کی یو سی جمو اگھم کی26 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا ہے، پولیو کا شکار ہونے والے بچے کے نمونے 24 دسمبر کولئے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کا گیارہ ماہ کا بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا، پولیو کا شکار ہونے والے اس بچے کے والدین اسے ویکسین پلانے سے انکاری تھے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی کا 20ماہ کا بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا ہے، پولیو کا شکار بچے کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی کی یوسی سکندر آباد سے ہے۔

    پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھر میں 136 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔ 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

    سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

    اس تمام عرصے میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں دیکھی گئی۔ صوبہ سندھ بدقسمتی سے اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں رواں برس 2020 کا پہلا پولیو کیس

    گزشتہ برس کے مجموعی 136 پولیو کیسز میں سے صرف خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 92 تھی۔ 25 کیسز سندھ میں، 11 بلوچستان اور 8 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آئے تھے۔