Tag: 3 Policeman Killed

  • تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    کراچی : ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حلقہ این اے 246سے منتخب حق پرست رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

    انہو ں نے کہا کہ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

    کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی آماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے، کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔

    لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی حاجی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے۔

  • کراچی:  بھنگوریہ گوٹھ فائرنگ، 3پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی: بھنگوریہ گوٹھ فائرنگ، 3پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی: شہرِ قائد میں مزید تین پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا، عزیز آباد بھنگوریا گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے تین اہلکار مارے گئے۔
    پولیس اہلکار دہشتگردوں کےنشانہ پر ہیں، شہر قائد میں سیکیورٹی اداروں کی تابڑ توڑ کارروائیوں بھی امن نہ لاسکیں، امن دشمنوں نے مزید تین پولیس اہلکار مار دیئے۔

    موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے بھنگوریا گوٹھ میں پولیس موبائل پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، سر اور جسم کے اوپری حصے پرگولیاں لگنے سے تین اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    دہشت گرد اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

    ایس پی لیاقت آباد طاہر نوارانی نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں، جو نائٹ ڈیوٹی پر تھے۔

      ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کی۔