Tag: 31 march

  • سعودی عرب : بیرون ملک پروازوں کی بحالی سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    سعودی عرب : بیرون ملک پروازوں کی بحالی سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی حکومت نے 31مارچ سے شہریوں کیلئے بیرون ملک پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے، مسافروں کو کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔

    اس حوالے سے سعودی ایئرلائن انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے بیرون ملک پروازوں کی بحالی کی تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی ایئرلائن میں کمیوکیشن شعبے کے سربراہ انجینئر عبد اللہ الشہرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31مارچ سے بیرون ملک سفر کے خواہشمند شہری سعودی ایئرلائن کے ذریعہ جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے ایئرلائن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ سفر کے لیے کورونا ایس او پیز سمیت تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ایئرلائن نے کہا ہے کہ کورونا بحران کے باعث شہریوں کا بیرون سفر معطل تھا جسے اب 31 مارچ سے بحال کیا جارہا ہے۔ سعودی ایئرلائن شہری ہوابازی سمیت وزارت صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے شہریوں کو بیرون ملک سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو دو ماہ کا مزید وقت دے دیا

    ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو دو ماہ کا مزید وقت دے دیا

    اسلام آباد : بین الاقوامی فورم ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے31 مارچ تک عمل درآمد کے لیے مزید وقت دے دیا، میوچیول ایولیوایشن کااجلاس اگست میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نےپاکستان کو 31 مارچ تک عمل درآمد کے لیے مزید وقت دےدیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عمل درآمد سے متعلق سہ ماہی رپورٹ 31 مارچ سے پہلے جمع کرانا ہوگی۔

    میوچیول ایولیوایشن کا فروری میں ہونے والےاجلاس سے کوئی تعلق نہیں ہے، فروری میں ہونے والا اجلاس27نکاتی ایکشن پلان پر عمل درآمد پر ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق میوچیول ایولیوایشن کااجلاس اگست میں ہوگا، ایولیوایشن پر وزارت خزانہ، قانون،آئی کیپ کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خزانہ ریئل اسٹیٹ اور سناروں کے لیے ریگولیشن بنائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قانون وکلا کے لیے ریگولیشن بہتر کرے گا، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنس چارٹرڈ اکاؤنٹنس کے لیےریگولیشن بنائے گا۔

    وزارت مواصلات اور ایس ای سی پی کو بھی مزید متحرک کیا جائے گا، پاکستان پوسٹل انشورنس کو باضابطہ طور پر کمپنی بنایا جائے گا، پاکستان پوسٹل انشورنس کو70کروڑ کی انشورنس کمپنی میں بدل دیا جائے گا۔

    ایف اے ٹی ایف کے اہداف کے مطابق قوانین میں ترامیم کی جائیں گی، قوانین میں ترامیم کے لیے مسودہ قانون پہلے ہی پارلیمنٹ میں موجود ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بیجنگ میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات کے دوران پاکستان نےایف اے ٹی ایف حکام کو گزشتہ ساڑھے چار ماہ کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

  • ایل این جی کی درآمد 31 مارچ سے شروع ہوگی،شاہد خاقان عباسی

    ایل این جی کی درآمد 31 مارچ سے شروع ہوگی،شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ نجی شعبہ کے تعاون سے ایل این جی کی درآمد 31 مارچ سے شروع ہوگی،

    تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیکر ایاز صادق کی صدارات میں ہو نے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوے بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے حوالے سے فلور پر معاہدے کی وجہ سے آگاہ  نہیں کر سکتے اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، وہاں پر تمام اعداد و شمار پیش کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد انتہائی مناسب نرخ پر کی جارہی ہے، ایل این جی سب سے پہلے توانائی کے شعبے کو دی جائے گی۔

    سید نوید قمر کے ایل این جی کی درآمد میں شفافیت کے فقدان سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کئی سالوں کے التواءکے بعد ایل این جی کی انتہائی مناسب قیمت پر درآمد کی جارہی ہے اور یہ سارا عمل انتہائی شفاف انداز میں چل رہا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر گیس اور پی ایس او کے درمیان ایل این جی کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے۔ قومی اسمبلی نے لیگل پریکٹیشنرزاینڈ بار کونسلز ترمیمی بل 2014اورکریڈٹ بیوروز بل2015کے بل کی منظوری دی، قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبع گیارہ بجے دو بارہ ہو گا۔

  • ایل این جی کی  درآمد اکتیس مارچ سے شروع ہوگی

    ایل این جی کی درآمد اکتیس مارچ سے شروع ہوگی

    اسلام آباد : وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اکتیس مارچ سے ایل این جی کی درآمد شروع ہوجائے گی ۔جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں کو مشترکہ مفادات کونسل میں ریگیولیٹ کیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں او جی ڈی سی تیل اور گیس کی تلاش کے لائسنس دینے کی تقریب کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی درآمد کےحوالے سے قطر ،برونائی اور ملائیشیا سے مذاکرات ہورہے ہیں۔

    انھو ں نے مزید کہا کہ اوگرا ایل پی جی کی قیمتوں پر قابو رکھنے میں ناکام رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کے کنٹرول کیلئے یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل لے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت پیٹرولیم ایک سو چوون لائسنس جاری کر چکی ہے، جن میں پینتالیس میں کامیابی ہوئی ہے۔