Tag: 32 زخمی

  • صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد: ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی، حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق حادثے میں اکبر ایکسپریس کے اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت 10افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہیں۔ حادثے کے باعث4 بوگیاں متاثر اور 2 ٹریک سے اتر گئیں۔

    اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل کردیا گیا، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد اورڈی پی اوعمرسلامت ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، آپریشن میں ریسکیو1122 کی21 اور10 نجی ایمبولینس حصہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 32 زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کےلیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ٹرین حادثے میں زخمی اورجاں بحق افراد کی معلومات کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، شہری 9230709-068 اور03009402579 پر رابطہ کریں۔

  • افغانستان، انتخابی ریلی میں دھماکا، 12 افراد ہلاک، 32 زخمی

    افغانستان، انتخابی ریلی میں دھماکا، 12 افراد ہلاک، 32 زخمی

    کابل: افغانستان کے صوبے تخار میں انتخابی ریلی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے تخار کے ضلع رستاق میں انتخابی ریلی کے دوران موٹرسائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔

    ریسیکیو اداروں نے دھماکے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، ہلاک ہونے والوں میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

    گورنر تخار احمد جواد ہجری نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ متعدد زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے جبکہ پولیس چیف نے دھماکے میں 32 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    پولیس چیف خلیل اسر نے کہا کہ 20 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں خاتون امیدوار نازیفہ یوسفی ریلی نکال رہی تھیں کہ اسی دوران قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں 20 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں دو ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں اسی سلسلے میں امیدواروں کی جانب سے ریلی نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش دھماکا، 13 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں افغانستان کے صوبے ننگر ہار کے ضلع کامہ میں امیدوار عبدالناصر محمد کی انتخابی ریلی میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔

  • پنجاب میں شدید دھند‘ مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 32 زخمی

    پنجاب میں شدید دھند‘ مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 32 زخمی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں شدید دھند نے عوام کو پریشان کردیا جبکہ دھند کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے۔

    سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب کمالیہ چیچہ وطنی روڈ پرٹریفک حادثے میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے جبکہ کوٹ مومن میں مختلف ٹریفک حادثات میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

    ادھر پنجاب کے شہر چنیوٹ میں لاہور روڈ بائی پاس پر بس الٹنے سے 25 مسافر زخمی ہوگئے۔

    موٹروے پولیس نے سموگ اور دھند کے دوران مسافروں کو محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    موٹروے حکام کے مطابق لاہور سے پتوکی اور چیچہ وطنی تک حد نگاہ صفر سے 150 میٹر، میاں چنوں سے خانیوال، ملتان اور بہاولپور تک حدنگاہ صفر سے 50 میٹر رہ گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔