سرگودھا (22 جولائی 2025): انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی کیس میں پنجاب کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 کارکنوں کو سزا سنا دی۔
اے آر وائی نیوز سرگودھا کے نمائندے عبدالحنان کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے احمد خان بھچر سمیت 32 کارکنوں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
9 مئی واقعات پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔
دوسری جانب اے ٹی سی کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کا کوئی کارکن عدالت میں موجود نہ تھا۔ جن ملزمان کو سزا سنائی گئی، وہ سب ضمانت پر ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 9 مئی کیسز میں پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو عدالت سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔