Tag: 37 اے

  • سیلز ٹیکس کی شق 37 اے میں ترمیم ! تاجر برادری کیلئے بڑی خبر آگئی

    سیلز ٹیکس کی شق 37 اے میں ترمیم ! تاجر برادری کیلئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس کی شق 37 اے میں ترمیم کر دی، جس سے تاجروں کو غیر ضروری گرفتاریوں سے تحفظ حاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس کے قانون کی شق 37 اے میں ترمیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب کسی بھی بزنس مین کے خلاف کمشنر کی منظوری کے بغیر کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ممبران ان لینڈ ریونیو کی منظوری کے بغیر کمشنر کسی بھی کاروباری شخصیت کے خلاف تحقیقات کا آغاز نہیں کرسکے گا، یہ فیصلہ کاروباری برادری کے دیرینہ مطالبے پر کیا گیا ہے۔

    سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "معزز ٹیکس گزاروں کو آج بڑی کامیابی ملی ہے۔ فنانس ایکٹ 2024 میں کاروباری طبقے کے مشورے سے شق 37 اے میں اہم ترمیم کی گئی ہے، جس سے تاجروں کو غیر ضروری گرفتاریوں سے تحفظ حاصل ہوگا۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ "کاروباری برادری کی مشاورت کے بغیر اب کسی تاجر کو گرفتار نہیں کیا جا سکے گا، 18 چیمبرز آف کامرس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے اٹھایا تھا، جس کے نتیجے میں یہ اہم قانونی اصلاحات ممکن ہوئیں۔”

    گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھی بزنس کمیونٹی کو ایف بی آر کے سخت قوانین سے تحفظ فراہم کرنے کے وعدے کو پورا کیا، تاجروں کی گرفتاری سے قبل سیف گارڈز یقینی بنانے کا فیصلہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

    ایف بی آر کی نئی پالیسی کے تحت کسی بھی کاروباری شخصیت کے خلاف انکوائری یا تحقیقات شروع کرنے سے قبل ایف پی سی سی آئی، چیمبرز آف کامرس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی کی منظوری لینا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    یہ اقدام ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔