Tag: 4 افراد جاں بحق

  • لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد دکان کی چھت پر نصب لوہے کا بل بورڈ اتار رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لوہے کا بل بورڈ اتارتے ہوئے بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، بورڈ اور بلڈنگ میں کرنٹ آنے سے چاروں افراد موقع پر چل بسے۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی جانب سے شہریوں کو دکان پر لگے بورڈ اتارنے کا کہا گیا تھا، کاریگر نہ ملنے اور ایف آئی آر کے خوف سے دکاندارخود بورڈ اتار رہے تھے۔

    حادثے میں 45 سالہ ندیم، 25 سالہ نعمان، 26 سالہ اویس اورایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوئے۔

    اس سے قبل بھی لاہور میں برساتی پانی کے اندر بچی بجلی کے کھمبے سے چپک گئی تھی لیکن اس کا بال بیکا نہ ہوا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے شالیمار لنک روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں رہائشی آبادی میں بارش کا پانی جمع تھا۔

    9 سالہ رامین اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اسی برساتی پانی سے گزر کرجا رہی تھی کہ اچانک وہ راستے میں آنے والے بجلی کے کھمبے سے چپک گئی۔

    کرنٹ لگنے سے کراچی میں 2 گدھے ہلاک

    لیکن جس کو اللہ رکھے تو اس کا کوئی بال بیکا نہیں کر سکتا۔ رامین کو فوری طور پر اس کے چھوٹے بھائی نے کھینچ کر کھمبے سے الگ کیا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔

    شور سن کر گھروں سے لوگ بھاگتے ہوئے آئے اور دونوں بہن بھائیوں کو انکے گھر تک پہنچایا۔

  • پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور کے علاقے کوچی بازارمارکیٹ کے ساتھ گھر میں اچانک آگ لگ گئی، آتشزدگی کی زد میں آکر 2 خواتین سمیت 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں ،اسپتال انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر فوری پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، دو افراد  نے موقع پر جان دے دی جبکہ دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر 2 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل کے دوران 2 ریسکیو اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوگئی تھی
    جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گھر میں لگی آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی، دو طالبات جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احمد پور شرقیہ کے علاقے لیاقت پور میں سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں زخمی ہونے والی طالبہ اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے بعد جاں بحق طالبات کی تعداد 2 ہوگئی۔

    جاں بحق ہونے والی اجالا نامی طالبہ برن یونٹ ملتان میں زیر علاج تھی اور چک 2 عباسیہ کی رہائشی تھی، حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    کالج وین میں گیس سلنڈر آتشزدگی واقعے کے بعد 3 نجی کالجز کے پرنسپلز سمیت کالج ایڈمن، وین مالک، ڈرائیور سمیت 8 افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • سبی : مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور 32  زخمی

    سبی : مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور 32 زخمی

    سبی : بلوچستان کے ضلع سبی میں مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے، جس میں پانچ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سبی میں بختیار آباد کے قریب مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں چار افراد جاں بحق اور بتیس زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ بس صادق آباد سے کوئٹہ جارہی تھی کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،  جاں بحق ہونیوالوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز راولہ کوٹ میں پولیس وین کھائی میں گرنے سے 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس وین کو افسوسناک حادثہ تولی پیر چھتی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس وین گہری کھائی میں جا گری۔

    جاں بحق افراد میں علی بخآری انسپکٹر ریجن آفس راولاکوٹ ، نوید احمد انسپکٹر ، یاسر عرفات انسپکٹر ، ذاکر  حسین اے ڈی ریجن راولاکوٹ اور محمد فہیم متعغیہ اکاؤنٹ برانچ ریجن راولاکوٹ شامل تھے۔

  • اٹلی، کیبل کار ٹوٹ کر کھائی میں جاگری، متعدد ہلاک

    اٹلی، کیبل کار ٹوٹ کر کھائی میں جاگری، متعدد ہلاک

    اٹلی میں کیبل کار ٹوٹ کرکھائی میں گرنے کے نتیجے میں 4 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے 16 افراد کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے ریسکیو کرلیا۔

    واضح رہے گزشتہ سال بھی اٹلی میں سیاحوں کو پہاڑوں پر واقع جھیل تک لے جانے والی کیبل کار گر گئی تھی، اٹلی کے شمال میں جھیل میگواہ کے قریب پیش آنیوالے اس واقعے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل تھائی لینڈ کے صوبے پپراچن پوری میں سرکاری افسران کی بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق افسوسناک حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 18 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبل ڈیکر بس مقامی حکومت کے افسران کو فیلڈ ٹرپ پر لے کر روانہ ہوئی تھی، بس میں 49 افراد سوار تھے۔

    امریکی فضائیہ کا یمن میں تیل بندرگاہ پر بڑا فضائی حملہ، 38 جاں بحق

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سڑک پر پیش آنے والے حادثات میں تھائی لینڈ کا ریکارڈ بدترین ہے جہاں ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

  • شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان کے دری ڈھولے والی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، اس واقعے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں گروہوں کے افراد ریکارڈ یافتہ اور کرمنلز ہیں۔

  • سکھر: موٹروے پر کار اور ٹرک میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    سکھر: موٹروے پر کار اور ٹرک میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    سکھر ملتان موٹروے پر تیز رفتار کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ سکھر ملتان موٹر وے ایم فائیو پر دادلو کے قریب پیش آیا جہاں ملتان جانے والی کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ہیں۔

    کار سوار افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم زخمی اور لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل سالم کے قریب موٹروے پر کار سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد زہر خورانی کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں، 3 خواتین اور ایک بچے کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    ڈسکہ میں کم عمر بچے موٹر سائیکل لے اڑے

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور بیہوشی کی حالت میں پایا گیا ہے، جبکہ زہر خورانی کا شکار فیملی کا تعلق لاہور سے ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • لاہور کار پر فائرنگ،2خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    لاہور کار پر فائرنگ،2خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    لاہور : باغبانپورہ کے علاقے سلامت پورہ میں مہندی کی رسم سے واپس آنے والی کار پر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    کار سوار دو خواتین اور مردوں پر مسلح ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی، عینی شاہدین کے مطابق ایک خاتون کو ملزم نے گاڑی سے باہر نکال کر دوبارہ فائرنگ کی اور ٹھوکریں بھی ماریں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی، ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو گاڑی پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے فوٹیج کی مدد سےملزم کا سراغ لگالیا گیا ہے۔

    ملزم سلمان نے اپنی سابقہ بیوی، اس کے والد، بہن اور بھائی کو قتل کیا، کار پر فائرنگ سے ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی بھی ہوئے، مقتولین اور زخمی فیصل آباد کی نجی سوسائٹی کے رہائشی ہیں۔

    مقتول محبوب اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کیلئے آیا تھا، مقتولہ کرن کی2سال پہلے ملزم سلمان سے طلاق ہوئی تھی، ملزم نےطلاق کی رنجش پر اپنی سابقہ بیوی اوراس کےخاندان کو قتل کیا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ملزم نے خاتون کو گاڑی سےنکال کر دوبارہ فائرنگ کی اور ٹھوکریں ماریں،
    دو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمیوں میں 55سالہ تاج بی بی اور 5سالہ بچی مناہل شامل ہیں، ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، تلاش جاری ہے۔

  • کراچی:ہجرت کالونی کی عمارت میں آتشزدگی،4 افراد جاں بحق

    کراچی:ہجرت کالونی کی عمارت میں آتشزدگی،4 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ہجرت کالونی میں عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ہجرت کالونی میں 3 منزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، آتشزدگی سے 2 خواتین اور بچی سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔جاں بحق خاندان عمارت کی پہلی منزل پر رہائش پذیر تھا۔

    فائر بریگیڈ کے مطابق اب بھی کئی لوگوں کے عمارت میں موجود ہونے کا خدشہ ہے، تنگ گلیوں اور رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب علاقہ مکین نے الزام عائد کیا ہے کہ اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ آدھےگھنٹے تاخیر سے پہنچی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 21 مارچ کو کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مانسہرہ میں مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں مکان کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس نے بتایا کہ جائے حادثہ سے ایک خاتون کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اس سے قبل 28 اگست کو پولیس نے شانگلہ میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ فرقان اور واصف خان کی موت اس وقت ہوئی جب وہ گھر میں موجود تھے کہ تودہ آگرا۔

    یاد رہے کہ 27 جولائی کو اورکزئی ایجنسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ڈی پی او اورکزئی نثار خان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

  • گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں کڑیانوالہ روڈ پر 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم ہوا، افسوس ناک واقعے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ چاروں افراد ٹکر لگنے سے سڑک پر گرے،ٹریکٹر چاروں کے اوپر سے گزر گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت شعبان، جمشید، ارسلان اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مانگا منڈی رائے ونڈ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔