بھارت کے شہر جے پور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب بیسمنٹ میں اچانک پانی بھرنے کے سبب 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیسمنٹ میں ڈوبنے والے 4 لوگوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، تمام لاشوں کو بیسمنٹ سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیکر روڈ نمبر 17 پر بیسمنٹ میں جمعرات کی علی الصبح پانی بھر گیا تھا۔ یہ بیسمنٹ تقریباً 15 فٹ گہرا تھا جہاں ایک شخص اپنی فیملی کے ساتھ سو رہا تھا۔
سول ڈیفنس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم اس حادثہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچی اور ڈوبنے والوں کی لاشوں کو نکالنے کے لئے آپریشن شروع کیا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز جے پور میں شدید بارشیں ہوئیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بیسمنٹ میں بھی بدھ کی دیر شب پانی بھرنا شروع ہوا جس کی خبر سوتے ہوئے لوگوں کو نہیں ہو سکی۔ جب لوگوں کی آنکھ کھلی تو معملہ بگڑ چکا تھا۔ کچھ لوگ بڑی مشکل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، لیکن 4 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔
انٹر کی طالبہ کی کالج کے ہاسٹل میں موت، دردناک انکشاف
یاد رہے کہ جے پور میں اب بھی آئندہ 72 گھنٹوں تک بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، کئی علاقوں میں سڑکوں کے دھنسنے اور اسپتالوں میں پانی بھرنے کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں۔