کراچی : بن قاسم پولیس نے پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی سامان کی چوری میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، چاروں ملزمان پولیس اہلکار بتائے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے قبضے سے 55 کلو سے زائد تانبا برآمد ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے چاروں پولیس اہلکار شاہین فورس میں تعینات تھے، ملزمان کے کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے پولییس اہلکاروں میں علی گل، واجد خان، آصف اور ظہور شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان اسٹیل ملز میں ہونے والی چوری کا ڈراپ سین
واضح رہے کہ اس سے قبل سال 2021 میں پاکستان اسٹیل ملز کے ورکشاپ سے لاکھوں روپے مالیت کا پیتل اور تانبہ غائب ہوا تھا جس کا مقدمہ انچارج ورکشاپ محمد اسلم کی مدعیت میں بن قاسم تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، ادارے کا قیمتی سامان چوری کرنے میں اسٹیل ملز کے ملازم ہی ملوث پائے گئے تھے۔