Tag: 43 degree

  • کراچی میں شدید گرمی ، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    کراچی میں شدید گرمی ، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    کراچی : شہر قائد میں غضب کی گرمی شہریوں کا امتحان لے رہی ہے، پارہ اب تک 45 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سورج آج بھی آگ برسا رہا ہے، کراچی میں پارہ 40 سے تجاوز کرگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت45 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا، سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 45 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 4 فیصد ہے جس کے بعد آج کا دن سال کا گرم ترین دن کہلایا جارہا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم جمعے سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے ہفتہ اور اتوار کو موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے ہیٹ ویو آنے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے صوبائی اور شہری حکومتوں کے زیر انتظام اسپتالوں میں پہلے ہی ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ ہیٹ ویو کی پیش نظر کمشنر کراچی کی زیر نگرانی ضلعی حکومتوں، رینجرز اور پولیس نے ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کررکھے ہیں۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری گذشتہ دنوں پڑنے والی گرمی کی طرح احتیاط کریں اور شدید ہیٹ ویو اور ہوا میں نمی کم ہونے پر بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر دھوپ میں نکلتے وقت سر گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

    روزہ دار افطار وسحر میں دودھ دہی لسی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، تلی ہوئی اشیاء اور فریج میں رکھے باسی کھانے اور کھلی فضاء میں فروخت ہونے والے کٹے فروٹ استعمال نہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لئے دن میں دو بار نہانا بہتر رہے گا۔

    گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب سندھ پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہروں میں میں قیامت خیز گرمی کا راج ہے، لاہور فیصل آباد اور سرگودھا میں آج درجہ حرارت پینتالیس ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ حیدر آباد 45 سکھرمیں48 اور موہنجوڈارو میں49 تک پارہ چڑھا رہے گا۔

    تربت میں48 اورسبی میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی تک جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان، ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان، ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب کراچی میں ماہ رمضان کے پہلے روزے سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، تو دوسری طرف کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 5 سے 6 روز میں کراچی میں سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ ہیٹ ویو کے باعث ہیٹ اسٹروک کا بھی خدشہ ہے، ہوا بند ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔


    پہلا روزہ، کراچی میں شدید گرمی ، درجہ حرارت 41سینٹی گریڈ رہنے کا امکان


    دوسری جانب کراچی میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ہدایات جاری کردیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو سائے تلے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری صحت اور کمشنر کراچی کو فون کی اور معاملات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کو کہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے موبائل اسپتال سروس کو فعال کرنے، اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز پر اسٹاف، ادویات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی، علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنرز کو بھی مناسب مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹرز متحرک کرنے کی ہدایت سمیت کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو بھی ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کی تلقین کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔