Tag: 4th suspect gang rape

  • لاہور : شوہر کے سامنے بیوی سے گینگ ریپ کا چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا

    لاہور : شوہر کے سامنے بیوی سے گینگ ریپ کا چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا

    لاہور (07 اگست 2025): پولیس نے چوہنگ میں گینگ ریپ کے چوتھے مرکزی ملزم کو بھی مقابلے میں ہلاک کردیا، جس نے اس واردات کی پلاننگ کی تھی۔

    چوہنگ میں شوہر کے سامنے اس کی بیوی سے گینگ ریپ واقعے سے متعلق ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، چوتھا ملزم بھی سی سی ڈی کے ہاتھوں مقابلے میں مارا گیا۔

    سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے اہلکاروں نے قصور میں گینگ ریپ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تھا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں چوتھا مرکزی ملزم عمران بھی مارا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے انسپکٹر شاہد، اور علی بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہے، تاہم ملزمان کی فائرنگ سے بلٹ پروف جیکٹس اور پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم عمران نے گینگ ریپ کی مکمل پلاننگ کی تھی، مقدمے میں نامزد 3 ملزمان اویس، زاہد، ارشاد پہلے ہی مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ یکم اگست کو سی سی ڈی ترجمان نے بتایا تھا کہ کچھ عرصہ قبل 4 ملزمان نے چوہنگ میں شوہر کے سامنے اس کی بیوی سے بار بار زیادتی کی تھی اور شوہر کو بھی کپڑے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    واقعے کا وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی تھی، گزشتہ ماہ کی آخری رات کو پولیس نے ایک ملزم اویس کو آخر کار گرفتار کر لیا۔

    سی سی ڈی کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والے ریکارڈ یافتہ ملزمان دوران ڈکیتی واردات لڑکیوں سے زیادتی کیا کرتے تھے۔

    تاہم یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ پنجاب میں پولیس اکثر اسی طرح ملزمان کو ریکوری یا نشان دہی کے لیے لے کر جاتی ہے اور اس دوران دیگر ملزمان سے مبینہ طور پر مڈبھیڑ ہو جاتی ہے اور فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست ملزم ہمیشہ کی طرح ہلاک ہوجاتا ہے۔