Tag: 5 جی

  • کیا 5 جی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے؟ اہم ترین تحقیق

    کیا 5 جی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے؟ اہم ترین تحقیق

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ 5 جی کے ریڈیو سگنلز کرونا وائرس پھیلانے کا کام کر رہے ہیں، جس کے بعد لوگوں نے 5 جی کے ٹاورز پر حملہ بھی کیا، لیکن اب ماہرین نے اس حوالے سے اہم تحقیق پیش کردی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلین ریڈی ایشن پروٹیکشن اینڈ نیوکلیئر سیفٹی ایجنسی (اے آر پی اے این ایس اے) نے سوائن برنی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر 5 جی ریڈیو لہروں کے حوالے سے ہونے والی 138 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔

    اس ٹیم نے تحفظ کے حوالے سے ہونے والی مزید 107 تحقیقی رپورٹس کا بھی تجزیہ کیا، دونوں تجزیوں میں دیکھا گیا کہ 5 جی اور اس سے ملتی جلتی ریڈیو لہروں کے خلیات پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    ماہرین نے دریافت کیا کہ 5 جی لہروں سے صحت یا خلیات پر کوئی بھی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

    اے آر پی اے این ایس اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کین کریپیڈس نے بتایا کہ ایک تجزیے کے نتائج میں ایسے کوئی شواہد نہیں مل سکے جن سے عندیہ ملتا ہو کہ کم سطح کی ریڈیائی لہریں جیسی 5 جی نیٹ ورک میں استعمال ہوتی ہیں، انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جن تحقیقی رپورٹس میں حیاتیاتی اثرات کو رپورٹ کیا گیا ہے، ان میں سے بیشتر میں لہروں کے اثرات جانچنے کے غیر معیاری طریقہ کار کو استعمال کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ 5 جی اثرات کی مانیٹرنگ کے لیے طویل المعیاد تحقیق پر کام ہونا چاہیئے، جس کے لیے تمام تر سائنسی پیشرفت کو استعمال کیا جائے، مگر اب تک ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جو 5 جی سے جڑے مضحکہ خیز دعوؤں کی حمایت کرتے ہوں۔

    ڈاکٹر کین نے کہا کہ ہمارا مشورہ ہے کہ مستقبل میں تجرباتی تحقیقی رپورٹس میں مخصوص امور پر زیادہ توجہ دینی چاہیئے جبکہ آبادی پر طویل المعیاد طبی اثرات کی مانیٹرنگ جاری رکھی جانی چاہیئے۔

  • 5 جی کے بعد دنیا تبدیل ہو جائے گی: فواد چوہدری

    5 جی کے بعد دنیا تبدیل ہو جائے گی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا 5 جی کی طرف دیکھ رہی ہے، 5 جی کے بعد دنیا تبدیل ہو جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے آج سائنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ہمیں ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کرونا وبا سے لڑنا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا گزشتہ روز کرونا کی ویکسین کا اعلان بھی ہوگیا ہے، جب پاکستان میں پہلا کرونا کیس آیا تو ہم کرونا کا تمام سامان باہر سے منگوا رہے تھے، لیکن 4 سے 5 ماہ میں ہم تمام اشیا ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوگئے۔

    فواد چوہدری نے خواتین کو سائنس کے شعبے کی جانب راغب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا شعبہ ہے جہاں خواتین کو سب سے بہتر ماحول ملتا ہے۔

    پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کا آغاز ، صارفین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خوش خبری دی تھی کہ پاکستان میں فائیو جی کے آغاز کے لیے فائبر کیبل بچھانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور آئندہ برس پاکستان میں فائیو جی لانچ کر دی جائے گی۔

    4 نومبر کو امین الحق پاکستان سے کی جانے والی پہلی انٹرنیشنل فائیو جی فون کال کا حصہ بھی بنے، انھوں نے تیز ترین انٹرنیٹ کے ذریعے کی جانے والی 5 جی کال کی بہترین ویڈیو کوالٹی اور صاف آواز کا مشاہدہ بھی کیا۔

    یہ فائیو جی انٹرنیشنل کال زونگ ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے بیجنگ کی گئی تھی، جس میں وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے چائنا موبائل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں بات کی۔

  • امریکا اور جنوبی کوریا میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی شروع

    امریکا اور جنوبی کوریا میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی شروع

    واشنگٹن: امریکا اور جنوبی کوریا میں موبائل فون کمپنیوں نے 5 جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی شروع کردی، مذکورہ کمپنیوں نے دنیا میں سب سے پہلے 5 جی سروس فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا اور امریکا میں موبائل فون کمپنیوں نے 5 جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی شروع کردی ہے۔ امریکی کمپنی ویرائزن نے مجوزہ تاریخ سے ایک ہفتہ قبل ہی شکاگو اور مینیا پولس میں یہ سروس جاری کردی۔

    ادھر جنوبی کوریا میں یہ سروس دارالحکومت سیؤل سمیت 85 شہروں میں فراہم کی جائے گی۔ وہاں بھی مقررہ تاریخ یعنی 5 اپریل سے دو روز قبل ہی منتخب صارفین کو یہ سروس فراہم کر دی گئی۔

    جنوبی کوریا کے بقیہ صارفین کو یہ سروس جمعہ 5 اپریل سے مہیا کی گئی۔ امریکا اور جنوبی کوریا کی دونوں کمپنیوں نے دنیا میں سب سے پہلے 5 جی سروس فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    جنوبی کوریا میں سنہ 2014 میں وائر لیس ٹیکنالوجی 5 جی کا ابتدائی خاکہ پیش کیا گیا تھا اور اسے دنیا بھر میں سنہ 2020 تک عام کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق 5 جی ٹیکنالوجی سے اسمارٹ فونز پر انٹرنیٹ کی رفتار پچاس گنا بڑھ جائے گی جس کے ذریعے صارفین محض ایک سیکنڈ میں کئی میگا بائیٹ کی فلم ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔