Tag: 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی

  • کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کی وجوہات جاننے کیلئے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کی وجوہات جاننے کیلئے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی: لیاری میں عمارت گرنے کی وجوہات جاننے کیلئے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ، کمیٹی 48 گھنٹےمیں اپنے نتائج سفارشات کے ساتھ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں بلڈنگ گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

    کمیٹی کے چیئرمین کمشنر کراچی ہوں گے ، کمیٹی ممبران میں عائشہ حمید، ڈائریکٹر (شکایت و سیکریٹری ڈیمولیشن کمیٹی ندیم احمد ، آصف علی لنگاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹیکنالوجی)، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، اور سیکرٹری حمد اللہ سیہر، سیکشن آفیسر شامل ہیں۔

    کمیٹی ذمے داران کا تعین کرکے ان کے نام سامنے لائے گی اور مستقبل میں اس طرح واقعات سے بچنے کے لیے سفارشات دے گی ساتھ ہی خطرناک عمارتوں سے لوگوں کو نکالنے کا طریقہ کار وضح کرے گی۔

    تحقیقاتی کمیٹی بلڈنگ گرنے اور بلڈنگ کی منظوری سمیت دیگر پہلوؤں کاجائزہ لے گی اور لیاری میں غیرقانونی عمارتوں بالخصوص مخدوش عمارتوں سے متعلق رپورٹ بھی تیار کرے گی۔

    کمیٹی کو کسی بھی متعلقہ افسر کو طلب کرنے کا اختیار حاصل ہے، کمیٹی اڑتالیس (48) گھنٹوں کے اندر بغدادی میں گرنے والی بلڈنگ سمیت اسے سے قبل گرنے والی بلڈنگ کے حوالے سے تحقیقات کرکے اپنے نتائج سفارشات کے ساتھ پیش کرے گی۔

    مزید پڑھیں : کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں

    خیال رہے کراچی میں ستائیس جانیں غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں، لیاری بغدادی میں گرنے والی رہائشی عمارت کےحادثے میں سولہ مرد، نو خواتین اور دو بچے جان سے گئے، جن مین زیادہ تر افرادکا تعلق ہندو کمیونٹی سے ہے۔

    عمارت کے ملبے تلے دب کر50 سے زائد رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔