Tag: 50لاکھ گھروں کی تعمیر

  • 50لاکھ گھروں کی تعمیر ، وزیراعظم آج رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    50لاکھ گھروں کی تعمیر ، وزیراعظم آج رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق آج رجسٹریشن کا آغاز کریں گے، ہر خاندان سے ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی ، رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے متعلق آج ملک بھر میں رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کریں گے، رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

    رجسٹریشن فارم نادرا ای سہولت فرنچائز سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، ہر خاندان سے ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی رجسٹریشن کا عمل تین ماہ تک جاری رہےگا۔

    یاد رہے حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت لاہور ، کراچی ، اسلام آباد ،راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد، جہلم، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رجسٹریشن کا جلد آغاز کا اعلان کیا تھا۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاوسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر ، اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

    مزید پڑھیں : نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام: کراچی لاہور،اسلام آباد میں رجسٹریشن جلد شروع کرنے کا اعلان

    گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔

    واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال اکتوبر میں وزیراعظم نے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے” کا افتتاح کیا تھا ، جس کے تحت پانچ برسوں میں 50 لاکھ گھر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کرآئے گی، اپنا گھراسکیم ان لوگوں کیلئے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

  • 50لاکھ گھروں کے منصوبے کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا، شہزاد ارباب

    50لاکھ گھروں کے منصوبے کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا، شہزاد ارباب

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ50لاکھ گھروں کے منصوبے کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا، جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے پر کام جاری ہے۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی رپورٹ ویب سائٹ پراپ لوڈ کی ہے، اس رپورٹ پرعوام اپنے رائے سے ہمیں ضرور آگاہ کریں، وفاقی حکومت نے18نکات کو مکمل کیا اب14پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب کی حکومتیں بھی عوام کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں گی، شہزادارباب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک چھپائے گئےاثاثوں کا سراغ لگایا گیا، سوئٹزرلینڈ اوربرطانیہ کے ساتھ معاہدے بھی نکات میں شامل ہیں، معاہدوں سے غیرقانونی جائیداد اور اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

    وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ50لاکھ گھروں کے منصوبے کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا، مکانات کی تعمیر سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے، سماجی اقتصادی پروگرام پر وزیراعظم خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔

    ہم نے درست سمت کا تعین کردیا ہے اور آئندہ ماہ پہلی قومی صحت پالیسی کا اعلان بھی کردیا جائے گا، صحت انصاف کارڈ کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے،اس کا اطلاق دو ماہ میں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم تک رسائی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک بھرمیں یکساں نصاب تعلیم کیلئے قومی نصابی کونسل تشکیل اور وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

    شہزاد ارباب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے پر کام جاری ہے، اس کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام الگ ہوگا، جنوبی پنجاب کیلئے الگ ایڈیشنل چیف سیکریٹری اورآئی جی پی ہوگا،30جون2019سے پہلے جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکریٹریٹ بنادیا جائے گا، این ایف سی کا3فیصد قبائلی اضلاع کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • 50لاکھ گھروں کی تعمیر،  وزیراعظم کا ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج طلب

    50لاکھ گھروں کی تعمیر، وزیراعظم کا ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج طلب کر لیا، اجلاس میں عمران خان کو پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 100 دن میں منصوبے کا فریم ورک مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج شام طلب کر لیا، اجلاس میں ہاؤسنگ، خزانہ،منصوبہ بندی کے وزرا شریک ہوں گے جبکہ ٹاسک فورس میں شامل چاروں صوبوں کے نمائندوں کو بلا لیا گیا ہے۔

    پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔

    ہاؤسنگ ٹاسک فورس اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم100دن میں منصوبے کا فریم ورک مکمل کرناچاہتے ہیں۔

    خیال رہے 50لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا سب سے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی شاندار پذیرائی

    یاد رہے وزیراعظم نیا پاکستان اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کیلئے ملک بھر سے فارمز جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، فارمز ساٹھ روز تک بشمول کرایا جاسکتا ہے جبکہ عوام ہفتہ اور اتوارکو بھی فارمز جمع کراسکتے ہیں۔

    اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام میں خاندان کے صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی، شہری 21 دسمبر تک 250 روپے فیس کےساتھ فارم جمع کراسکتے ہیں۔

    ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ابتدائی طورپر7 اضلاع میں کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سکھر، کوئٹہ، گلگلت، مظفر آباد، سوات، اسلام آباد اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    واضح رہے 10 اکتوبر کو وزیراعظم نے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے” کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کرآئے گی، اپنا گھراسکیم ان لوگوں کیلئے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔