Tag: 50 لاکھ مکانات

  • بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے 10 افراد جاں بحق

    بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے 10 افراد جاں بحق

    سکھر/ جام پور: ملک بھر میں سخت سردی کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، سندھ کے ضلع سکھر، پنجاب کے شہر رانی پور اور بلوچستان کے شہر ژوب میں بارش کے بعد مکانات گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے نیوپنڈ احمد نگر میں بارش کے باعث ایک منزلہ مکان گر گیا، جس کے نتیجے میں 1 بچی جاں بحق ہو گئی جب کہ 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں، ریسکیو کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پنجاب کے ضلع رانی پور کے شہر جام پور کے علاقے داجل میں بھی ایک گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جام پور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث گھر کی چھت گری۔

    گھر کی چھت گرنے سے بدقسمت گھرانے کے 3 بچے جاں بحق

    گزشتہ روز بلوچستان کے شہر ژوب کے علاقے شہاب زئی میں بھی ایک گھر کی چھت گر گئی تھی جس کے نیچے آ کر 6 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے اختتام پر بھی سکھر کے علاقے نیو پنڈ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جب کہ ملبے تلے دب کر باپ اور 12 سال کا بچہ زخمی ہو گیا تھا، مکان کی چھت بوسیدہ ہو چکی تھی جس کے باعث حادثہ پیش آیا اور گھر کی چھت رات کو سوئے ہوئے مکینوں پر گر گئی۔

  • وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیر کی خود نگرانی کریں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

    تٖفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 50 لاکھ مکانات کی تعمیر کے طریقہ کار اور اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر کی طلب اور کمی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے کمیٹی کو ہدایت کی کہ دو ہفتے میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ منصوبے کا جلد از جلد اعلان کیا جاسکے۔

    اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور کچی آبادیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں ریگولیٹ کرنا حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بے گھر افرادکی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ اسکے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ہاؤسنگ سیکٹر اور منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے گیسٹ ہاؤسز اور دیگر سرکاری عمارتوں و زمین سے ہاؤسنگ پروگرام کےلئے خاطر خواہ وسائل اکھٹے کئے جا سکتے ہیں۔

    یادرہے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے۔

    پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی کے منشور کا بھی حصہ تھا، عمران خان کا کہنا تھا بلین ٹری سونامی کی طرح ہاؤسنگ اسکیم لے کر آئیں گے،منصوبے پر عملدرآمد میں کامیاب ہوگئے تو معیشت اٹھے گی اور روزگار ملے گا، منصوبے کے ذریعے نئی تعمیراتی کمپنیاں آئیں گے، روزگار کا مسئلہ حل ہوگا، منصوبے کیلئے پاکستان بلڈنگ ایسوسی ایشن سے مدد لی جائےگی۔