Tag: 50 lakh dollar relief package

  • وزیرِاعظم نوازشریف کا روہنگیا مسلمانوں کیلئے 50لاکھ ڈالرز کی امداد کا اعلان

    وزیرِاعظم نوازشریف کا روہنگیا مسلمانوں کیلئے 50لاکھ ڈالرز کی امداد کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے پچاس لاکھ ڈالرز کی خصوصی امداد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے وفاقی کابینہ کی تین رکنی کمیٹی کی تمام تجاویز کو منظورکرلیا، کمیٹی میں وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان، خارجہ امور کے خصوصی مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی پر مشتمل ہے۔

    تجاویز کے مطابق وزیرِاعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کوخط لکھ کر برما حکومت پر سفارتی اور اخلاقی دباؤ بڑھانے کو کہیں گے تاکہ روہنگیا مسلمانوں کوعالمی قوانین کے تحت مناسب شہری حقوق مل سکیں۔

    دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو ایک خط لکھ کر روہنگیا مسلمانوں کی خوراک اور معاونت کیلئے ایک خصوصی اوآئی سی فنڈ قائم کرنےکی تجویز دیں گے، اسی طرح پاکستان وزرائے خارجہ پر مشتمل اوآئی سی کی ایک تین رکنی کمیٹی کی بھی تجویز دے گا، جو برما کا دورہ کرکے وہاں کی حکومت پر مظلوم برادری کے بنیادی حقوق بحال کرنے پر زور دیں گے۔

    کمیٹی کی تجاویز میں عالمی خوراک کے پروگرام کے ذریعے انڈونیشیا، ملائشیا اورتھائی لینڈ میں قائم روہنگیا مسلمانوں کےکیمپوں میں خوارک کا بندوبست کرنےکیلئے پچاس لاکھ ڈالرز کی خصوصی مدد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔