Tag: 550 runs target

  • ڈھاکہ ٹیسٹ: تیسرے روز بنگلہ دیش کے ایک وکٹ پر 63 رنز

    ڈھاکہ ٹیسٹ: تیسرے روز بنگلہ دیش کے ایک وکٹ پر 63 رنز

    ڈھاکا : بنگلہ دیش اور  پاکستان کے مابین ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی گرفت مضبوط کرلی، پانچ سو پچاس رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر ترسٹھ رنز بنالئے۔

    ڈھاکا ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی شاہینوں کے نام رہا۔ میزبان ٹیم نے پہلی نامکمل اننگز پانچ کھلاڑی آؤٹ ایک سو سات رنز پر شروع کی تو یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے بنگال ٹائیگرز کا ڈبہ دوسو تین رنز گول کردیا۔

    تین سو چوون رنز کی برتری کے باوجود مصباح کی دفاعی کپتانی نے سب کو حیران کردیا۔ فالو آن کی بجائے خودبیٹنگ کرکے مصباح نے بنگلہ دیش کو اننگز سے شکست دینے کا آپشن ختم کردیا۔

    پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، پروفیسر کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پہلی اننگز کے سنچری میکر یونس خان، اظہرعلی اور اسد شفیق خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے۔

    مصباح نے بیاسی رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان نے دوسری اننگز چھ کھلاڑی آؤٹ ایک سو پچانوے رنز پر ڈیکلیئر کرکے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے ساڑھے پانچ سو رنز کا ہدف دیا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر ترسٹھ رنز بنالئے،قومی ٹیم کو جیت کیلئے نو وکٹیں درکار ہیں۔

  • ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کا بنگلہ دیش کو 550رنز کا ہدف

    ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کا بنگلہ دیش کو 550رنز کا ہدف

    ڈھاکہ : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوسری اننگز میں 195 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر کے بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 550 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن دوسری اننگز میں محمد حفیظ اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کی آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی دوسری وکٹ 25 رنز پر گری جب سمیع اسلم کو محمد شاہد نے آؤٹ کیا۔

    دو وکٹوں کے نقصان کے بعد ڈبل سنچری بنانے والے اظہر علی اس بار صرف 25 رنز ہی بناسکے، اظہر علی کو سومیا سرکار نے آؤٹ کیا اور اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔

     جس کے بعد یونس اور مصباح نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی، یونس خان کو تیج الاسلام نے  اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے آؤٹ کیا، 140 رنز پر اسد شفیق 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

    بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد شاہد نے دو جبکہ تیج الاسلام، سومیا سرکار اور شواگتا ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل جب کھیل شروع ہوا تو پاکستانی بولرز نے مزید چار وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیش کی اننگز 203 رنز پر ختم کر دی۔

    پاکستان کو پہلی اننگز میں میزبان ٹیم پر 354 رنز کی برتری حاصل ہوئی لیکن پاکستان نے بنگلہ دیش کو فالو آن نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    کھیل کے تیسرے دن وہاب ریاض نے سومیا سرکار اور شواگتا ہوم کو پویلین کی راہ دکھائی، اس موقع پر دوسرے اینڈ پر موجود آل راؤنڈر شکیب الحسن نے جارحانہ انداز اپنایا اور شاہد علی کے ساتھ مل کر 63 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

    یاسر شاہ نے شاہد کو آؤٹ کرکے شراکت ختم کی جبکہ شکیب 91 گیندوں پر 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

     یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے تین، تین جنید خان نے دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ لی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے پاکستان کو تینوں ون ڈے میچوں اور واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بھی ہرایا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی بےنتیجہ رہا تھا۔