بالٹی مور : امریکہ میں خوفناک کار حادثہ میں 6 مزدور ہلاک ہوگئے، سامنے سے آنے والی کار انہیں کچلتی ہوئی الٹ گئی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں تعمیراتی علاقے میں کام کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں وہاں کام کرنے والے 6 مزدور جان کی بازی ہار گئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات 12:40 بجے کے قریب پیش آیا، ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ عارضی طور پر رکھے گئے کنکریٹ بلاک کی دیواروں کے درمیان چلنے والی ایک بھوری رنگ کی تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور تعمیراتی علاقے میں کام میں مصروف کارکنان کو ٹکر مارنے کے بعد الٹ گئی۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار کی ٹکرسے وہاں موجود تمام چھ افراد نے جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ دیا، تاہم ابھی ہلاک شدگان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور بھی کار الٹنے سے زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور لین تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران کار اچانک سائیڈ پر رکھے کنکریٹ بلاک سے ٹکرا گئی۔