Tag: 64 Palestinians martyred

  • غزہ میں اسرائیلی بربریت عروج پر، مزید 64 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی بربریت عروج پر، مزید 64 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، 24 گھنٹوں میں وحشیانہ حملوں میں مزید 64 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار 84 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک 95 ہزار 29 فلسطینی شدید زخمی ہوچکے ہیں۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک مقبوضہ بیت المقدس میں 68 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز کی ربر کی گولیوں سے ابتک 234 فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔

    فلسطینی میڈیا کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس ڈسٹرکٹ سے ایک ہزار 711 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

    قابض اسرائیلی حکام نے 103 فلسطینیوں کو مقبوضہ بیت المقدس سے شہر بدر کردیا، 335 فلسطینیوں کو جیل کی سزا سنائی گئی جبکہ 99 گھروں میں نظر بند ہیں۔

    فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کے 307 مکانات کو مسمار کردیا یا انہیں نقصان پہنچایا، اس کے علاوہ اسرائیلی حکام نے 11 دیگر فلسطینیوں کے سفر پر پابندی عائد کر دی۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایجنسی کے 6 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے۔

    رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک کسی بھی حملے میں شہید اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    سول ڈیفنس ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے ہیں، اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے۔

    حماس امریکی پیشکش پر فوری جنگ بندی کیلئے رضامند

    انروا کے مطابق یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچواں حملہ ہے جب اسرائیلی افواج نے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے یو این کے اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔