Tag: 7 18 2025

  • وزیراعظم کا طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان

    وزیراعظم کا طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان

    اسلام آباد(18 جولائی 2025): وزیر اعظم شہباز شریف نے ہونہار طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت وفاق سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک وہیکلز اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو مفت الیکٹرک بائیکس ملیں گی، ہونہار طلبا کو 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس اور 3 ہزار رکشےو لوڈر ملیں گے جبکہ فیڈرل بورڈ کے ٹاپرز بےروزگاروں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر ملیں گے۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

     پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

    انہوں نے حکومت کی الیکٹرک وہیکل کی حوصلہ افزائی اور اس میں حکومتی معاونت والی اسکیم میں معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیح دینے اور الیکٹرک وہیکل کے حصول میں حکومتی معاونت کی اسکیم کے بارے عوامی آگاہی مہم چلانے اور مجوزہ اسکیم میں دی جانے والی الیکٹرک بائیکس، رکشوں و لوڈرز کے بہترین معیار اور ان کے سیفٹی معیار پر پورا اترنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز سے ایندھن کی بچت، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا، عام آدمی تک الیکٹرک وہیکل کی رسائی کیلئے جامع حکومتی لائحہ عمل بنایا جائے اور الیکٹرک وہیکلز کی تیاری و مینٹی ننس کیلئے مکمل ایکوسسٹم تشکیل دی جائے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس، رکشوں و لوڈرز کے معیار اور سیفٹی کا خاص خیال رکھا جائے، اس اسکیم میں خواتین کیلئے 25 فیصد خصوصی کوٹہ، بلوچستان کیلئے کوٹہ 10 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

  • اروشی روٹیلا کو صارفین نے ٹرول کردیا

    اروشی روٹیلا کو صارفین نے ٹرول کردیا

    بالی ووڈ کی اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے ومبلڈن 2025 میں اپنی لگژی بیگ پر چار لابوبو ڈولز لگانے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔

    آج کل دنیا بھر میں ایک عجیب و غریب لابوبو گڑیا نے کھلونا مارکیٹ میں دھوم مچا رکھی ہے، Labubu Doll نامی یہ گڑیا چین کی معروف کمپنی Pop Mart نے تیار کی ہے۔ اس کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ اسٹورز کے باہر خریداروں کا رش لگا ہوا ہے۔

    2015 میں یہ کردار سب سے پہلے ہانگ کانگ کے آرٹسٹ Kasing Lung نے تخلیق کیا تھا۔ اس کے بعدPop Mart نے 2019 میں اسے عالمی سطح پر لانچ کیا۔ اس کے بعد سے Labubu Doll ایک فینامینا بن گئی، خصوصاً ایشیا اور امریکا میں۔

    رپورٹس کے مطابق لابوبو گڑیا کی ترقی میں بین الاقوامی ستارے بھی شریک کار رہے۔Blackpink کی Lisa، Rihanna، Dua Lipa اور Emma Roberts جیسی معروف شخصیات نے اس گڑیا کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ ایک ”ٹوی اسٹار”بن گئی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by URVASHI RAUTELA (@urvashirautela)

    تاہم اب بھارتی اداکارہ بھی اس ٹرینڈ کا حصہ بن گئیں ہیں، حال ہی میں اداکارہ اروشی روٹیلا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  لندن میں جاری ومبلڈن چیمپیئن شپ میں اپنی شرکت کی اپڈیٹڈ پوسٹ شیئر کی ہے۔

    اروشی روٹیلا اکثر انٹرویوز میں، ریڈ کارپٹ لُکس اور وائرل بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں تاہم وہ انگلینڈ میں مشہور کھیلوں کے ایونٹ ومبلڈن سیمی فائنلز میں ٹینس میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئی نظر آئیں۔

    بالی ووڈ اداکارہ نے اس ایونٹ میں شرکت کیلئے ایک سفید گاؤن کا انتخاب کیا، ساتھ ہی انہوں نے ہرمیس برکن ہینڈ بیگ پکڑ رکھا ہے، جس کے ساتھ چار لابوبو گڑیا جڑی ہوئی تھیں جس کے باعث اداکارہ کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایک سوشل میڈیا صارف نے اروشی روتیلا پر تنقید کی اور لکھا، "آپ برکن ہینڈ بیگ کے مالک بن ہوسکتے ہیں لیکن پھر بھی آپ کی کوئی کلاس نہیں ہے”۔

    ایک اور نے تبصرہ کیا "اروشی روتیلا ومبلڈن میں ٹیڈی بیئر بیچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں، ایک اور نے تبصرہ کیا "105 کروڑ اروشی روٹیلا کی طرف سے بین الاقوامی فروغ” جبکہ ان کے مداح انہیں کمنٹ سیکشن میں باربی ڈول کا ٹائٹل دے رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/labubu-doll-price-pop-mart-thailand/

  • ’شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے‘ ترک صدر کی اسرائیلی حملوں کی مذمت

    ’شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے‘ ترک صدر کی اسرائیلی حملوں کی مذمت

    انقرہ(18 جولائی 2025): ترک صدر رجب طیب اردوآن نے اسرائیل کی جانب سے شام پر کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شامی صدر احمد الشرع سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ترک صدر نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور شام کے شہر سویدا میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوآن کا کہنا ہے شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے، اسرائیل نے شام میں جارحیت کو وسعت دینے کیلئے دروز قبائل کی مدد کا بہانہ بنایا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-for-syrian-sovereignty-and-respect-for-international-law/

    ترک صدر رجب طیب اردوآن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت پورے خطے کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے، اسرائیل پر بھروسہ کرنے والے بالآخر سمجھ جائیں گے وہ غلطی پر ہیں۔

    واضح رہے کہ شام کی صورتحال پر اقوام متحدہ قومی کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو رہا ہے، سویدا میں کئی روز کی قبائلی جھڑپوں میں 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  • ویمن کرکٹ سیزن 2026 -2025 کا کیلنڈر جاری

    ویمن کرکٹ سیزن 2026 -2025 کا کیلنڈر جاری

    لاہور(18 جولائی 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹ کے سیزن 2025-26 کا کیلنڈر جاری کردیا ہے۔

    قومی وویمنز ٹیم اگست میں آئرلینڈ جائے گی جہاں آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی پھر جنوبی افریقہ وویمنز ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 16 سے 22 ستمبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    وویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان وویمنز ٹیم اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ پاکستان وویمنز ٹیم 7 فروری سے 2 مارچ 2026 تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی اور اس دورہ میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔

    اپریل 2026 میں زمبابوے وویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور زمبابوے کے خلاف سیریز 24 اپریل سے 11 مئی تک کھیلی جائے گی، اس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔

    وویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں شیڈول ہے مگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی جس میں آئرلینڈ سمیت پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں شریک ہوں گی۔

    پاکستان انڈر 19 وویمنز ٹیم اس سال دسمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، بنگلہ دیش کے دورے پر پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

    نیشنل وویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ 6 سے 24 نومبر تک کراچی میں ہوگا، نیشنل وویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 24 مارچ سے 17 اپریل 2026 تک کراچی میں ہوگا، دونوں قومی ٹورنامنٹس ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلے جائیں گے۔

    خواتین انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کراچی میں ہوگا، اس سال اکتوبر میں خواتین کا انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بھی شیڈول ہے۔

    ہیڈ آف وومز کرکٹ رافیہ حیدر کا کہنا ہے کہ 2025-26 کا شیڈول کھلاڑیوں کو کھیلنے کے اچھے مواقع  دے گا، نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے پاتھ ویز پروگرام مضبوط ہو رہا ہے۔

    رافیہ حیدر کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹورنامنٹ اور بنگلہ دیش کا دورہ نوجوانوں کیلئے بڑا موقع ہے،نیا سیزن اہم ہے، دو ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس سامنے ہیں، اچھے حریفوں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوگی، خواتین کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹس کا ٹورنامنٹ شامل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔

  • امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو دہشتگرد قرار دے دیا

    امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو دہشتگرد قرار دے دیا

    واشنگٹن(18 جولائی 2025): امریکا نے ٹی آر ایف گروپ کو دہشت گرد قرار دے دیا جس نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دی ریزسٹنس فرنٹ کو لشکر طیبہ کا "محاذ اور پراکسی” قرار دیا ہے۔

    امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کا یہ اسٹیٹس ٹرمپ انتظامیہ کے ہمارے قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور پہلگام حملے کے لئے صدر ٹرمپ کے انصاف کے مطالبے کو نافذ کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹی آرایف نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کی، پہلگام حملہ 2008 کے بعد بھارت میں سب سے مہلک حملہ تھا، ٹی آرایف نے بھارتی سیکیورٹی فورسز پر کئی حملوں کی ذمہ داری لی ہے۔

    Pahalgam Attack and Aftermath

    واضح رہے کہ اس گروپ کواقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دیا جاچکا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیےکیے گئے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 22 اپریل کو بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ ایک برس کے دوران کا بدترین حملہ ہے۔

    بھارتنے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مسلح حملہ آوروں کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حملے کی آزادانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا اور اس میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔

  • غیر ملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ میں ملوث سابق چیئرمین فیسکو گرفتار

    غیر ملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ میں ملوث سابق چیئرمین فیسکو گرفتار

    فیصل آباد(18 جولائی 2025): نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے غیرملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ گینگ کے سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن فراڈ گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فراڈ میں ملوث سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کو گرفتار کر لیا، ملزم نے چینی گینگ سے مل کر مختلف کمپنیوں کے جعلی کاغذات، ایگریمنٹ اور جعلی پاسپورٹس نمبر تیار کر کے سیکیورٹی اداروں کو بوگس ڈیٹا مہیا کیا تھا۔

    سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بتایا کہ ملزمان نے سیکیورٹی اداروں سے 62 غیر ملکی باشندوں کی موجودگی چھپائی، این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا، ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

    نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ریکارڈ میں جعلی کمپنیاں ظاہر کیں جن کا وجود ہی نہیں، سیکیورٹی اداروں کو غیر ملکی باشندوں کے جعلی پاسپورٹ نمبر اور غلط معلومات فرہم کیں اور جن کمپنیوں کے نام پر ایگریمنٹ بنائے وہ بھی جعلی نکلے۔

    سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے 72 گرفتار غیر ملکیوں میں سے 62 کی موجودگی اداروں سے چھپائی اور غیر ملکیوں کی مہیا کی گئی فہرست میں نو کے ریکارڈ جعلی پائے گئے، ان اقدامات سے تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔

    سائبر کرائم ایجنسی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشد علی رضوی کو مقدمے کا تفتیشی افسر مقرر کیا ہے جو آج ملزم تحسین اعوان کو عدالت میں پیش کر کے تفتیش اور ڈیجیٹل مواد کی برآمد گی کے لئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

    واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو سرہالی میں تحسین اعوان کی فیکٹری سے 80 پاکستانی اور ستر سے زائد غیر ملکی باشندے گرفتار کئے تھے، یہ گینگ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اربوں روپے کے انٹرنیشنل آن لائن فراڈ میں ملوث ہے۔

  • راولپنڈی میں دشمنی پر مخالفین کی گاڑی پر فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    راولپنڈی میں دشمنی پر مخالفین کی گاڑی پر فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    راولپنڈی(18 جولائی 2025): کہوٹہ کے علاقے بھون روڈ پر مخالفین کی فائرنگ سے 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ قتل کا واقعہ رات گئےکہوٹہ کے علاقے بھون روڈ پر پیش آیا ہے، مخالفین کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ سے دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد قتل ہوگئے، لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

      ریسکیو حکام کے مطابق مقتولین میں ثمر اقبال، جنید گل، متین کیانی اور شعیب شامل ہیں۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے، فائرنگ واقعے پر شواہد اکٹھے کر لیئے گئے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/sheikhupura-property-murder/

    دوسری جانب کراچی کے بلدیہ اتحاد ٹاؤن کربلا گراؤنڈ کے قریب گھر میں فائرنگ سے نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 14 سالہ عبداللہ ولد علی بخش کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ خود کو گولی مار کر خودکشی کا بتایا جا رہا ہے۔

     اس سے قبل گجرات میں پرانی دشمنی پر مخالفین نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا تھا، پولیس نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ واقعہ ڈنگہ میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پرانی دشمنی پر گاڑی پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں زاہد ناظم، چوہدری اختر رندھیر اور ان کے 4 سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سےفرار ہوگئے۔

  • امریکی صدر کسی بیماری میں مبتلا ہیں؟ وائٹ ہاؤس نے میڈیکل رپورٹ شیئر کردی

    امریکی صدر کسی بیماری میں مبتلا ہیں؟ وائٹ ہاؤس نے میڈیکل رپورٹ شیئر کردی

    واشنگٹن(18 جولائی 2025): وائٹ ہاوس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیکل رپورٹ شیئر کردی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی ٹانگوں کے نیچے سوجن، ہاتھوں پر نیل کے وائرل تصویر کے بعد ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ٹانگوں کے نچلے حصوں میں سوجن اور ہاتھوں پر نیل کا معائنہ کیا گیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نسوں میں کمزوری کی علامات کا شکار ہیں، ایسی علامات عموماً 70 سال سے زائد عمر کے افراد میں ظاہر ہوتی ہیں۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی حالیہ تصاویر میں ان کے ہاتھ کی پشت پر معمولی نیل دیکھے گئے ہیں، ایسے نیل کے نشان بار بار ہاتھ ملانے اور سپرین کے استعمال سے جلد کے ٹشوز میں جلن کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کی دوا سپرین صدر ٹرمپ کی معمول کی دواؤں میں شامل ہے۔

  • کراچی میں پولیس کی بروقت کارروائی،7 سالہ لاپتہ بچی مل گئی

    کراچی میں پولیس کی بروقت کارروائی،7 سالہ لاپتہ بچی مل گئی

    کراچی(18 جولائی 2025): قائد آباد میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سات سالہ مقدس مریم کو والدین سے ملوادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سات سالہ مقدس مریم کو والدین سے ملو ادیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدس مریم گھر سے نکل کر لاپتہ ہو گئی تھی، والد نے گمشدگی رپورٹ درج کرائی تھی، پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر مسلم آباد کالونی سے بچی کو تلاش کیا اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچی کو والدین کے حوالےکردیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے پولیس نے سعید آباد سے 7 ماہ قبل اغوا کیے جانے والے 4 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے اغوا کار گروہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا تھا کہ 7 ماہ قبل سعید آباد سے 4 سالہ حسین  کو اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ سعید آباد تھانہ میں درج ہے اور کیس کی تفتیش فروری میں ایس آئی یو کو منتقل کی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کڑی محنت اور حکمت عملی سے سعید آباد کے علاقے میں چھاپہ مار کر مغوی بچے حسین کو بحفاظت بازیاب کرالیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-timely-action-suspects-flee/

  • کراچی میں ٹریلر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی میں ٹریلر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی(18 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے سعودآباد میں ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے سعود آباد آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب پیش آیا گیا ہے جہاں ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

    حادثے کے بعد شہریوں نے ٹریلر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ٹریلر کے ڈرائیور کے فرار ہونےکی کوشش ناکام بنائی، واقعے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا۔

    تاہم شہریوں نے ٹریلر کو آگ لگادی، فائر بریگیڈ کی گاڑی کی مدد سے آگ بجھادی گئی، پولیس کے موقع پر پہنچنے پر صورتحال کنٹرول میں ہے ،آگ لگنے کے نتیجے میں ٹریلرکے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریلر کو لفٹر کی مدد سے تھانے منتقل کیا جارہا ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔

    دوسری جانب جناح اسپتال کے قریب پل پر ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منقتل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹرک کار سے ٹکرانے کے بعد حفاظتی دیوار میں جاگھسا، حادثے میں کار ڈرائیور اور ٹرک میں سوار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث ٹرک کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، متاثرہ ٹرک کو لفٹر کے ذریعے تھانے منتقل کیا جارہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-accident-2-killed/