لاہور(20 جولائی 2025): پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پچیس جولائی تک راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، لاہور، بہاولپور، ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا ہے، اسلام آباد، کے پی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت
سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خیرپور، سکھر، جیکب آباد ، ٹھل، گڑھی خیرو، ٹنڈو الہ یار میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جنکہ فیڈر ٹرپ کر جانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب کراچی میں بھی رات گئے ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جبکہ آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی کا اس وقت مطلع ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں جزوی بحال ہیں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے موسم مرطوب رہے گا اور آج پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔