Tag: 7 september

  • 7 ستمبر، بھارت نے پاکستان کو جنگ کا دائرہ مشرقی پاکستان تک بڑھانے کی دھمکی دی

    7 ستمبر، بھارت نے پاکستان کو جنگ کا دائرہ مشرقی پاکستان تک بڑھانے کی دھمکی دی

    7 ستمبر پاکستان کے دفاع کی وہ یاد گار تاریخی دن ہے جب پاکستان پر حملہ آور بھارت کے 31 جنگی طیارے تباہ ہوئے اور تباہ ہونے والے جہازوں کی کل تعداد 53 تک پہنچ گئی۔

    یہی وہ دن تھا جب بھارت نے پاکستان کو جنگ کا دائرہ مشرقی پاکستان تک بڑھانے کی دھمکی دی، تاہم بھارتی ترجمان کو اعتراف کرنا پڑا کہ بھارتی افواج کا لاہور، سلیمانکی، فیروزپور پر حملہ ناکام رہا ہے، ترجمان نے کہا بھارت کو ہر محاذ پر بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

    اس دن صدر ایوب خان نے پاک فضائیہ کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا، اور کہا صرف استصواب رائے ہی کشمیر میں امن لا سکتا ہے۔

    ترجمان کشمیر انقلابی کونسل نے بھارت کو خبردار کیا کہ کشمیری بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاک فوج کے کمانڈر انچیف جنرل موسیٰ نے حال ہی ریٹائر ہونے والے افسران اور سپاہیوں کو ڈیوٹی پر حاضرہونے کا حکم دیا۔

    گورنر پنجاب ملک امیر محمد خان نے کہا کہ فتح ہمارا مقدر ہے، عبدالمنعم خان گورنر مشرقی پاکستان نے بھارت کو دھمکی دی ’’مشرقی پاکستان میں جارحیت پر بھارت کو بد ترین نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘‘

    پاک بحریہ کے چیف ایڈمرل اے آر خان نے بحری افواج کے نام پیغام میں کہا کہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں، پاکستان نیول شپس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہ جہاں اور ٹیپو سلطان کو 7 ستمبر شام 6 بجے پوزیشن سنبھالنے کا حکم دیا گیا۔

    میجر جنرل اختر حسین کو کشمیر میں جوڑیاں سیکٹر میں شان دار بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ہلال جرأت سے نوازا گیا، صدر ایوب خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل یوتھانٹ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کیے جائیں، پاکستان نے سکھ برادری کو یقین دہانی کروائی کہ مقدس مقامات کی حرمت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

  • یوم فضائیہ آج ملک بھرمیں ملی جوش و جذبے سےمنایاجاررہا ہے

    یوم فضائیہ آج ملک بھرمیں ملی جوش و جذبے سےمنایاجاررہا ہے

    کراچی : ملک بھرمیں یوم فضائیہ نہایت جوش وجذبے سے منایا جارہاہے، انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی قربانیاں فضائیہ کی تاریخ میں نا قابل فراموش ہیں۔

    پاک بھارت انیس سوپینسٹھ کی جنگ میں پاک فضائیہ کے ناقابلِ فراموش کردار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سات ستمبر کو یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایاجاتا ہے، یوم فضائیہ یاد دلاتا ہے کہ جب بزدل بھارتی افواج نے اچانک پاکستان پر حملہ کیا تو کس طرح ہمارے جاں باز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیزکی آن بان اورشان کو قائم رکھا۔

    پاک فضائیہ نےبھارتی فضائیہ کے خلاف اپنی کارروائی چھ ستمبر کی شام کو شروع کی اور سات ستمبرکو شام پانچ بجے سے پہلے دشمن کے تریپن طیارے تباہ کرکے ناقابل شکست فضائی برتری حاصل کی۔

    پلٹ کرجھپٹنا اور پھر دشمن کو بھاگنے پر مجبورکر دینا یہی وہ عزم ہے جسے یومِ فضائیہ کے دن ہمارے شاہین دہراتے ہیں، پاکستانی قوم اپنےجاں بازشاہینوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج کے دن تقریبات کا انعقاد کرے گی، سرکاری عمارات پر پرچم لہرائے جاتے ہیں اور شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔