Tag: 70 فلسطینی شہید

  • اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا خون بہانے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں مزید 70 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک دکان پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے،خان یونس میں بمباری سے ایک ہی گھر کے 10 افراد شہید ہوئے۔

    رپورٹس کے مطابق جنگ زدہ علاقے کے لوگ ”نفسیاتی طور پر ٹوٹ چکے ہیں ” کیونکہ اسرائیلی بمباری مسلسل جاری ہے اور امدادی سامان کی ناکہ بندی کی وجہ سے قحط کی صورتحال ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک (WFP) نے فوری انتباہ جاری کیا ہے کہ ”غزہ کو ابھی خوراک کی ضرورت ہے”، کیونکہ لاکھوں افراد قحط سالی کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 51,065 فلسطینی شہید اور 116,505 زخمی ہو چکے ہیں۔

    دوسری جانب یمن میں تیل بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے کے حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ جمعرات کو راس عیسیٰ کی تیل بردار بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں کم از کم 80 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    حوثی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق امریکی جارحیت کے نتیجے میں راس عیسیٰ بندرگاہ پر کام کرنے والے ملازمین شہید ہوئے ہیں۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایکس پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ جمعرات کو امریکی افواج نے مغربی یمن میں واقع راس عیسیٰ میں تیل کی بندرگاہ پر حملہ کیا۔

    حملے میں امریکی افواج نے حوثیوں کی ایندھن فراہمی منقطع کرنے کیلئے حملہ کیا۔ یہ حملہ حوثیوں کی ایندھن کی فراہمی اور مالی وسائل کو ختم کرنے کیلئے تھا۔

    سوڈانی فوج اور رپیڈ فورس میں جھڑپیں، 30 شہری ہلاک

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد حوثیوں کو اقتصادی طور پر نشانہ بنانا ہے، نہ کہ یمن کے عوام کو نقصان پہنچانا ہے۔

  • غزہ میں بمباری: ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت مزید 70 فلسطینی شہید

    غزہ میں بمباری: ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت مزید 70 فلسطینی شہید

    بین الاقوامی برادری غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں ناکام ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 70 فلسطینی صہیونی فوج کی بربریت کا نشانہ بن گئے۔

    غزہ میں غاصب صہیونی ریاست کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے گزشتہ ایک روز میں تیس مقامات پر بم برسائے۔ وسطی غزہ میں گھر پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے سات بچوں سمیت 11 افراد شہید ہوئے۔

    صیہونی فورسز نے جنوبی غزہ میں امداد تقسیم کرنے والی گاڑی کو بھی نہ بخشا اور اس پر بھی بم پھینکے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گئے۔ جبالیہ میں ہونے والے حملے میں پانچ فلسطینی لقمہ اجل بنے۔

    دوسری جانب جنگ بندی کیلیے اسرائیل اور حماس کے وفد کی دوحہ میں ملاقات ہوئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کر دی۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے فریقین کی جانب سے نیا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 45 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور اس کے کئی گنا زخمی جب کہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

    ان حملوں میں اسرائیلی نے تمام انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی پامالی کرتے ہوئے اسپتال، رہائشی علاقوں، اسکول، پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والوں میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

    صہیونی ریاست کی اس وحشیانہ کارروائیوں کی دنیا بھر کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے تاہم عالمی برادری اب تک اس جارحیت کو رکوانے میں ناکام رہی ہے۔