Tag: 70 Palestinians martyred

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے باعث مزید 70 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، اسرائیلی فضائی حملے غزہ شہر، جبالیا، شاطی پناہ گزین کیمپ، شجاعیہ کالونی، التفاح محلہ اور مغربی علاقوں تک پھیل چکے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت جنگ بندی کی کوئی نئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ امداد کے منتظر فلسطینیوں پر نتساریم اور شمال مغربی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ جاری رہی ہے۔ ایک ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ البریج پناہ گزین کیمپ کے شمال میں رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

    القسام بریگیڈز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی غزہ میں خان یونس کے علاقے میں دو اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں چھ اسرائیلی فوجی اور ایک افسر مارا گیا۔ جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد اس وقت تک معطل کر دی گئی ہے جب تک وزیر اعظم نیتن یاہو کی طرف سے 48 گھنٹوں کے اندر نیا منصوبہ پیش نہیں کیا جاتا۔

    اس منصوبے کو ’حماس کے قبضے کو روکنے‘ کا نام دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے نیتن یاہو کو دھمکی دی ہے کہ اگر امداد بحال کی گئی تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

    دوسری جانب برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل 2 ہفتوں میں غزہ جنگ ختم کرنے پر متفق ہو گئے۔

    برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے خفیہ ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

    خفیہ کال میں امریکی وزیرخارجہ اور اسرائیلی وزیراسٹریٹیجک امور شامل تھے۔

    اخبار نے لکھا کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو یقین دہانی کروائی کہ غزہ جنگ کا خاتمہ امریکا کی قیادت میں ہو گا۔

    نیتن یاہو کا آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے بیان پر ردعمل

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان آئندہ 2ہفتے میں متوقع ہے۔

    اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت چار عرب ریاستیں حماس کی جگہ مل کر غزہ پر حکومت کرنے میں شامل ہوں گی۔ ایک اور اصول جس پر اتفاق کیا گیا ہے وہ یہ ہے کہ دنیا بھر کے کئی ممالک غزہ کے رہائشیوں کو اپنے ساتھ لیں گے جو ہجرت کرنا چاہتے ہیں۔

  • اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، مزید 70 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا خون بہانے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں مزید 70 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک دکان پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے،خان یونس میں بمباری سے ایک ہی گھر کے 10 افراد شہید ہوئے۔

    رپورٹس کے مطابق جنگ زدہ علاقے کے لوگ ”نفسیاتی طور پر ٹوٹ چکے ہیں ” کیونکہ اسرائیلی بمباری مسلسل جاری ہے اور امدادی سامان کی ناکہ بندی کی وجہ سے قحط کی صورتحال ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک (WFP) نے فوری انتباہ جاری کیا ہے کہ ”غزہ کو ابھی خوراک کی ضرورت ہے”، کیونکہ لاکھوں افراد قحط سالی کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 51,065 فلسطینی شہید اور 116,505 زخمی ہو چکے ہیں۔

    دوسری جانب یمن میں تیل بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے کے حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ جمعرات کو راس عیسیٰ کی تیل بردار بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں کم از کم 80 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    حوثی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق امریکی جارحیت کے نتیجے میں راس عیسیٰ بندرگاہ پر کام کرنے والے ملازمین شہید ہوئے ہیں۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایکس پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ جمعرات کو امریکی افواج نے مغربی یمن میں واقع راس عیسیٰ میں تیل کی بندرگاہ پر حملہ کیا۔

    حملے میں امریکی افواج نے حوثیوں کی ایندھن فراہمی منقطع کرنے کیلئے حملہ کیا۔ یہ حملہ حوثیوں کی ایندھن کی فراہمی اور مالی وسائل کو ختم کرنے کیلئے تھا۔

    سوڈانی فوج اور رپیڈ فورس میں جھڑپیں، 30 شہری ہلاک

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد حوثیوں کو اقتصادی طور پر نشانہ بنانا ہے، نہ کہ یمن کے عوام کو نقصان پہنچانا ہے۔