Tag:

  • پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مزید مطالبات کردیے، پیٹرولیم مصنوعات پر مزید لیوی اور مزید دیگر ٹیکسز نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تکنیکی مذکرات میں حکومت کے لیے ایک اور نئی مشکل کھڑی ہوگئی، آئی ایم ایف کی جانب سے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصولی کے لیے پر عزم ہے، لیوی کے ہدف تک پہنچے کے لیے 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔

    پیٹرولیم لیوی کو 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر قانون سازی کی تجویز دی گئی ہے، منی بجٹ میں لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے کے لیے ترامیم لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اسی ماہ آرڈیننس یا پھر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منی بجٹ لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نان ٹیکس آمدن بڑھا کر خسارہ کنٹرول کرنے کا پلان بھی پیش کیا گیا ہے، نجکاری پروگرام پر عملدر آمد تیز کر کے نان ٹیکس آمدن بڑھانے کا بھی پلان پیش کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاق نے 200 ارب روپے کے منی بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی، منی بجٹ کے ذریعے درآمدات پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    درآمدی خام مال اور فرنشڈ آئٹم پر فلڈ لیوی، درآمدی لگژری آئٹم پر 3 فیصد تک فلڈ لیوی، صفر کسٹم ڈیوٹی والی درآمدی اشیا پر 1 فیصد فلڈ لیوی اور مقامی سطح پر بھی فلڈ لیوی عائد کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بینکوں کے فارن ایکسچینج منافع پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن لینے کی تیاریوں اور نان فائلرز کے خلاف ٹیکس بڑھا کر اضافی آمدن پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

  • مغل گارڈن کا نام تبدیل کرنے پر مایاوتی کا مودی حکومت سے اہم سوال

    نئی دہلی: بھارتی سیاست دان کماری مایاوتی نے مودی حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا مغل گارڈن کا نام تبدیل کرنے سے ملک کے کروڑوں لوگوں کے مسائل حل ہو جائیں گے؟

    بھارت کی پہلی خاتون دلت وزیر اعلیٰ (سابقہ) اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ آیا صدارتی محل میں واقع مشہور ’مغل گارڈن‘ کا نام تبدیل کرنے سے ملک کے کروڑ ہا شہریوں کے مسائل دور ہو جائیں گے۔

    مایاوتی کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

    واضح رہے کہ صدارتی محل کا مشہور مغل گارڈن اب ’امرت ادیان‘ کے نام سے جانا جائے گا، یہ اطلاع ہفتہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی تھی۔

    مغل گارڈن سال میں ایک بار عوام کے لیے کھولا جاتا ہے اور لوگ 31 جنوری کو اس باغ کو دیکھنے جا سکیں گے۔

    مایاوتی نے اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر تنازعے پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر لوگوں کو چھوڑ کر ملک کی پوری آبادی زبردست مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری سے جھوجھ رہی ہے لیکن ان کو حل کرنے کی بجائے بائیکاٹ مہم کے ذریعے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی افسوسناک کوشش کی جا رہی ہے۔

  • ویڈیو: بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی

    کہا جاتا ہے کہ حادثہ کبھی بھی کہیں‌ بھی رونما ہو سکتا ہے، ایسی ہی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    یہ ویڈیو ایک ہیئر کٹنگ سیلون کی ہے، جب دکان میں بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی، واقعہ دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گیا۔

    ہم سب ہی جانتے ہیں کہ سڑکوں اور گلیوں میں گاڑی حادثے رونما ہوتے رہتے ہیں، اور ہم وہاں سے گزرتے ہوئے احتیاط بھی برتتے ہیں لیکن کون سوچ سکتا ہے کہ باربر شاپ میں بیٹھے افراد بھی کسی کار حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں، یقیناً ایسی جگہ ایسے حادثے کے لیے نہایت غیر متوقع جگہ ہو سکتی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیلون کے اندر پانچ افراد موجود ہیں، دو کرسیوں پر بیٹھے بال بنوا رہے ہیں، جب کہ ایک شخص بینچ پر بیٹھا اپنی باری کے انتظار میں ہے۔

    اچانک کچھ غیر معمولی ہلچل ہوئی تو دکان کے اندر بیٹھے افراد چونک اٹھے، لیکن صورت حال اتنی تیز رفتاری سے تبدیل ہوئی کہ وہ خود کو ٹھیک سے نہیں بچا سکے۔

    بینچ پر بیٹھا شخص تیزی سے اٹھا، کیوں کہ انھوں نے ایک بے قابو کار کو دکان کی طرف آتے دیکھ لیا تھا، اسی لمحے ایک سفید رنک کی کار گھس آئی اور اس شخص کو بری طرح زخمی کر گئی۔

    اس حادثے میں دوسرے لوگ بھی زخمی ہوئے، جب کہ حادثے کے وقت وہ سبھی شدید صدمے میں آ گئے تھے۔

  • روبوٹ’پگھل‘ کر پنجرے سے فرار ہوگیا، لوگ خوفزدہ

    دنیا بھر میں ایسے روبوٹس بنائے جارہے ہیں جن میں جدتیں پیدا کی جارہی ہیں، حال ہی میں ایک ایسا روبوٹ بنایا گیا جو پگھل کر مائع بن گیا اور پنجرے سے فرار ہوگیا۔

    ہانگ کانگ کے ماہرین نے انسان نما، چھوٹے چھوٹے روبوٹ تیار کیے ہیں جو اپنی شکل بدل سکتے ہیں اور مائع میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

    ماہرین نے اس صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک روبوٹ کو مائع میں تبدیل کیا تاکہ وہ ایک چھوٹے سے پنجرے سے فرار ہو سکے، جس میں اسے رکھا گیا تھا۔

    دیگر تجربات میں ان روبوٹس نے کھائیوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے، دیواروں پر چڑھنے اور اشیا کو حرکت دینے کے لیے دو ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کا مظاہرہ کیا۔

    روبوٹ بھی ہیں اور انہیں بجلی گزارنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

    سائنس دانوں کو امید ہے کہ ان تجربات سے آگے بڑھ کر وہ انہیں استعمال کرنے کے طریقے بھی ڈھونڈیں گے، اس پیش رفت سے مزید روبوٹس بنانے میں مدد ملے گی جو مائع اور ٹھوس میں تبدیل ہو سکیں، جس کے باعث انہیں مختلف حالات میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    تحقیق کی سربراہی کرنے والے ہانگ کانگ کی چائنیز یونیورسٹی کے انجینیئر چینگ فینگ پین کا کہنا ہے کہ اب ہم اس مادی نظام کو مزید عملی طریقوں سے آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ کچھ مخصوص طبی اور انجینیئرنگ کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

    مثال کے طور پر، محققین نے روبوٹس کا استعمال کرتے ہوئے ایک اوبجیکٹ کو ڈمی کے معدے سے باہر نکالنے اور پھر اس میں ادویات رکھنے کا تجربہ کیا۔

    انہوں نے یہ بھی دکھایا کہ سرکٹوں میں گھسنے، انہیں جوڑنے، مرمت کرنے اور جن سکروز تک پہنچنا مشکل ہو، وہاں بھی اس روبوٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    اس کام میں شریک اور کارنیگی میلن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے کارمل مجیدی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید دریافت کرنا چاہیئے کہ ان روبوٹس کو بائیو میڈیکل کے تناظر میں کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    اس روبوٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ نہایت حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • پاک بحریہ کے لیے مقامی ڈیزائن شدہ پہلی گن بوٹ کی تعمیر کا آغاز

    پاکستان نے مقامی طور پر جہازوں کی تعمیر کے پروجیکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

    اس حوالے سے مقامی طور پر ڈیزائن کردہ گن بوٹ کی تعمیر کے آغاز کی تقریب کا کراچی شپ یارڈ میں انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کے لیے مقامی طور پر ڈیزائن کی گئی پہلی گن بوٹ کی تعمیر کا آغاز باعث فخر ہے۔

     انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ خطے میں ابھرتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال سے آگاہ ہے اور کسی بھی قسم کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے بحری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

     مقامی طور پر گن بوٹ کو ڈیزائن کرنے کے تاریخی سنگ میل پر مہمان خصوصی نے وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور جہاز سازی میں مہارت حاصل کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کی تجدید کی۔

     قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل سلمان الیاس نے کراچی شپ یارڈ کی دفاعی جہاز سازی میں خود انحصاری کے حوالے سے حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کے مقررہ اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہونے پر روشنی ڈالی۔

     انہوں نے کراچی شپ یارڈ میں جاری دیگر منصوبوں سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا- مقامی طور پر ڈیزائن کی گئی گن بوٹ جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوگی۔

    تقریب میں پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے حکام نے شرکت کی۔

  • کانگریس کی جانب سے نریندر مودی پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش

    کانگریس کی جانب سے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی ہے۔

    راہول گاندھی کی کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود  وزیراعظم نریندر مودی پر بننے والی گجرات فسادات پر بننے والی ڈاکیومنٹری کی ریاست کیرالہ میں نمائش کی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ جمعرات کو ریاست کیرالہ کے دارالحکومت ترواننت پُورم میں کی گئی۔

    کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنسرشپ پر تنقید کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سچ ہمشیہ چمکتا ہے، سچ کی عادت ہے کہ یہ سامنے آتا ہے، دباؤ ڈالنے، پابندیاں لگانے اور لوگوں کو ڈرا کر  سچ کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔

    یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے برطانوی نشریاتی ادارے کی دستاويزی فلم ميں گجرات فسادات کے ليے جزوی طور پر نريندر مودی کو قصور وار قرار ديے جانے پر شديد برہمی کا اظہار کيا ہے۔

    مرکزی حکومت کی جانب سے اسٹریمنگ پر پابندی کے باوجود اپوزیشن کی جماعتیں اور آزادی اظہار کے حق کے لیے سرگرم کارکن ملک کے مختلف حصوں میں اس ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کا اہتمام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ ریاست کیرالہ میں کانگریس اپوزیشن میں ہے لیکن وہاں کی حکمران جماعت سی پی ایم نے بھی ڈاکیومنٹری پر مرکزی حکومت کی جانب سے پابندی کے فیصلے کے خلاف حکومت کا موقف اپنایا ہے۔

    کیرالہ میں ڈاکیومنٹری کی نمائش کے معاملے پر کانگریس میں اس وقت تقسیم دیکھنے میں آئی جب نمایاں سیاسی رہنما اے کے انٹونی کے بیٹے انیل کے انٹونی نے بی بی سی کی اس ڈاکیومنٹری کو انڈیا قومی خودمختاری کو  نقصان پہنچانے والی’خطرناک مثال‘ قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ حیدر آباد، کلکتہ ، چندی گڑھ سمیت متخلف مقامات پر اس ڈاکیومنٹری کی ’بطور احتجاج‘ نمائشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • جینین میں اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر قیامت ڈھا دی، 9 شہید

    رام اللہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے، جینین میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں جاری بڑے پیمانے پر چھاپے اور اس کے نتیجے میں مسلح جھڑپوں کے دوران نو فلسطینیوں کو شہید اور ایک درجن سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔

    فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت چھاپے کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ایک معمر خاتون بھی شامل ہے، جب کہ 16 افراد گولہ بارود سے زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کئی فلسطینیوں کی حالت نازک ہے۔

    حکام کے مطابق شہید ہونے والے شہید والوں میں سے اب تک صرف دو کی شناخت ہو سکی ہے، جن میں سے ایک 24 سالہ صائب عصام زریقی اور دوسرا 17 سالہ علی تھا، صحت حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے اسپتال منتقلی کے دوران اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں اور طبی عملے کے کام میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

    جینین کے سرکاری اسپتال کے سربراہ وسام بکر نے الجزیرہ کو بتایا کہ زخمیوں کی تعداد دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس سے پہلے اتنا بڑا حملہ نہیں کیا گیا، ایمبولینس ڈرائیور نے شہدا کے پاس جانے کی کوشش کی تو اسرائیلی فورسز نے ایمبولینس پر براہ راست گولی چلائی اور اسے قریب آنے سے روک دیا۔

    بکر نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال کی طرف بھی آنسو گیس فائر کیے جو بچوں کے حصے میں گرے، جس سے بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔

    اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو جینین میں ایک آپریشن کیا گیا، اسرائیلی فورسز نے بڑے پیمانے پر چھاپا مارا اور خفیہ فورسز، درجنوں بکتر بند گاڑیوں اور اسنائپرز کے ساتھ صبح سویرے کیمپ کا محاصرہ کیا گیا، شہری آبادی پر ڈرون حملے کی بھی اطلاعات ہیں، اس دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ مسلح جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بڑے پیمانے پر شفاعت پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا تھا، اور طاقت کا بے جا استعمال کرتے ہوئے گھروں میں خوب تور پھوڑ کی، جس پر فلسطینی نوجوانوں نے مزاحمت کرتے ہوئے پتھراؤ کیا۔

  • ’فُقرے 3‘ کی پہلی جھلک جاری، مزاحیہ فلم کب ریلیز ہوگی؟

    بالی ووڈ کی مزاحیہ فلم ’فقرے‘ فرنچائز کی جانب سے ’فقرے 3‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم فقرے 3 میں پلکٹ سمراٹ، علی فضل، رچا چڈھا اور ورون شرما، منجوت سنگھ، پنکچ ترپاٹھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ فلم 7 ستمبر کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔

    فقرے کی کہانی چار دوستوں پر مبنی ہیں جس میں ہنی (پلکٹ سمراٹ)، چوچا (ورون شرما)، لالی (منجوت سنگھ) اور ظفر (علی فضل) شامل ہیں جو آسانی سے پیسہ کمانے کے لیے ایک ہوتے ہیں۔

    ایکسل انٹرٹینمنٹ کی جانب سے فقرے کا پوسٹر ریلیز کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’اس بار ہوگا چمتکار۔‘ فلم کے ہدایت کار مرگدیپ سنگھ لامبا جبکہ اس کے پروڈیوسرز رتیش سدھوانی اور فرحان اختر ہیں۔

    فقرے میں اپنے کردار چوچا سے متعلق ورون شرما کا کہنا تھا کہ ہر گھر میں اور دوستوں کے درمیان ایک نہ ایک ’’چوچا‘‘ ہوگا جو انتہائی معصوم اور مضحکہ خیز ہوگا۔ جس کے مزاحیہ انداز سے ہر اک کا دل لگا رہتا ہوگا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Varun Sharma (@fukravarun)

    واضح رہے کہ فقرے 2013 اور فقرے ریٹرنز 2017 میں ریلیز کی گئی تھیں جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھیں۔

  • وہ بولرز جنہوں نے 99 رنز پر بیٹرز کو آؤٹ کیا

    انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ بیٹرز کو 99 رنز پر آؤٹ کرنے والے بولر ویسٹ انڈیز کے روی رامپال ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کے روی رامپال نے اپنے کیریئر میں چار بیٹرز کو سینچری سے ایک رن کی دوری پر آؤٹ کیا۔

    ’کرک انفو‘ کے مطابق روی رامپال نے اپنے کیریئر میں بھارت کے ویرات کوہلی، انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے کوشل پریرا اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔

    روی رامپال نے 2013 میں بھارت کے دورے کے دوران دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں وشاکا پٹنم میں ویرات کوہلی کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ میچ دو وکٹوں سے جیت گئی تھی۔

    مارچ 2014 میں انگلینڈ کے جوز بٹلر ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں روی رامپال کی گیند پر 99 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔

    سنہ 2015 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو کے کرکٹ گراؤنڈ میں ون ڈے میچ کے دوران روی رامپال نے سری لنکن اوپنر کوشل پریرا کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا تاہم یہ میچ سری لنکا کی ٹیم آٹھ وکٹوں سے جیت گئی تھی۔

    اس سے قبل 2012 میں انگلینڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں روی رامپال الیکس ہلیز کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔

    روی رامپال سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کے سلیم ملک اور نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔

    بھارت کے سابق کرکٹر مدن لال نے ایک ون ڈے میچ میں ایلن لیمب اور ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے جاوید میانداد کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

    اس فہرست میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل بھی شامل ہیں انہوں نے  نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں دو بیٹرز کو 99 رنز پر پویلین واپس بھیجا تھا۔

     ’گل ڈوزر‘ کہلانے  والے پاکستانی بولر نے ایک ٹیسٹ میچ میں بھارت کے دی گریٹ سچن ٹنڈولکر اور ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

  • فانوس نما بالیاں جو کانوں میں پہننے کے بعد روشن ہوجائیں گی

    دنیا بھر میں یوں تو فیشن کے نت نئے اور انوکھے ٹرینڈز اپنائے جاتے ہیں، تاہم کچھ انداز ایسے ہوتے ہیں جو نہایت ہی اچھوتے اور منفرد ہوتے ہیں۔

    امریکا کی ایک نوجوان خاتون آرٹسٹ نے حقیقتاً روشن ہونے والی فانوس کی شکل کی بالیاں تخلیق کی ہیں۔

    نیویارک شہر کی رہائشی ڈیانا کلڈرسیکو ایک باصلاحیت ٹیکنیکل ڈیزائنر اور فیشن پر مبنی تصاویر اور خاکے بناتی ہیں جبکہ انہیں فانوس نما ایئر رنگز (کانوں کی بالیاں) بنانے میں خصوصی مہارت حاصل ہے، یہ ایئر رنگز حقیقتاً فانوس کی طرح ہی روشن ہوتی ہیں۔

    ان چھوٹی سی فانوس نما بالیوں میں سے ایک عجیب سی آواز بھی سنائی دیتی ہے۔

    ڈیانا نے یہ حیرت انگیز دھاتی زیور پیتل، اسٹرلنگ سلور، 14 قیراط سونا اور گلاس کرسٹل سے تخلیق کیا ہے اور اس میں ایک جادوئی تاثر پیدا کرنے کے لیے روشنی خارج کرنے والی لیڈ کا استعمال کیا ہے جسے ایک چھوٹی سی بیٹری سے توانائی فراہم کی جاتی ہے۔

    یہ بیٹری ایئر رنگز پہننے والی خاتون کے کانوں کے پیچھے چھپی ہوتی ہے، ڈیانا کے تیار کردہ اس منفرد انداز کی بالیوں کی اس وقت قیمت 128 سے 158 امریکی ڈالر فی جوڑی ہے۔

    یہ قیمت ان شاندار اور پرکشش بالیوں کی بناوٹ کے لحاظ سے بہت کم ہے، ڈیانا نے اس کی ایک سال کی وارنٹی کی بھی پیشکش کی ہے۔