Tag:

  • پاکستان کے بغیر بھارت میں ورلڈ کپ پر اولمپئنز بول پڑے

    کراچی: بھارت میں پاکستان کے بغیر ہاکی ورلڈ کپ کھیلا جارہا ہے جبکہ قومی ٹیم ہاکی ٹیم دوسری مرتبہ جگہ نہ بناسکی۔

     قومی ہاکی ٹیم چار مرتبہ عالمی کپ کی چیمپئن رہی ہے لیکن دوسری بار ہاکی ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم ہے، واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم 2014 کے ورلڈ کپ میں بھی کوالیفائی نہ کرسکی تھی۔

    میزبان بھارت سمیت 16 ٹیمیں ہاکی ورلڈ کپ کھیل رہی ہیں جبکہ بیلجیم ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی۔ قومی ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں 17ویں نمبر پر موجود ہے۔

    سابق اولمپیئنز نے ورلڈ کپ میں جگہ نہ بنانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میگا ایونٹ کے انعقاد کو گرین شرٹس کے بغیر سیاہ دور قرار دیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس ڈھاکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں قومی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی ہاکی کی تاریخ سنہری یادوں سے سجی ہے گرین شرٹس نے 1971، 74، 86 اور 94 میں ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامی تھی۔

    نوجوان بھی ہاکی کھیل کو بھولنے لگے ہیں جب ان سےہاکی کی تاریخ پوچھی گئی تو زیادہ تر لوگ جواب دینے میں ناکام رہے اور  پسندیدہ کھیل بھی فٹبال اور کرکٹ قرار دیا۔

  • زینب عباس فیلڈر کے ٹکرانے سے باؤنڈری پر گر پڑیں، ویڈیو وائرل

    پاکستان کی معروف اسپورٹس پریزنٹر اور میزبان زینب عباس میچ کوریج کے دروان فیلڈر سے ٹکرا کر گر پڑیں۔

    جنوبی افریقا کی ایس اے 20 لیگ میں زینب عباس بطور پریزینٹر جنوبی افریقا میں موجود ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیٹر نے جیسے ہی بلا گھمایا تو گیند ہوا میں اڑتی ہوئی باؤنڈری لائن کی جانب بڑھنے لگی۔

     باؤنڈری پر کھڑی ایونٹ کور کرتی زینب کہتی ہی ہیں کہ گیند سیدھا ہماری جانب آرہی ہے، اس کے چند ہی سیکنڈ میں چوکا روکنے کے لیے آتا فیلڈر ان سے ٹکرا گیا جس کے باعث وہ باؤنڈری پر گر پڑیں۔

    سپر اسپورٹس نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ ٹھیک تو ہیں؟

    جس پر زینب عباس نے اس پر جواب دیا کہ میں بچ تو گئی ہوں لیکن میں ہی جانتی ہوں کہ یہ کیسا احساس ہوتا ہے، جلدی آئس پیک نکالو۔

  • طیارے میں بچے کی معصومانہ حرکت نے مسافروں کے دل موہ لیے

    چھوٹے بچے فضائی سفر کے دوران بہت تنگ کرتے اور روتے ہیں کیونکہ وہ بے آرامی اور کانوں پر دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک بچہ نہایت خوش مزاجی سے سب سے ہاتھ ملا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو کس فلائٹ کی ہے یہ علم نہیں ہوسکا البتہ یہ بے حد تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ جہاز میں موجود ہے اور اپنی معصومیت میں جہاز میں سوار مسافروں سے مصافحہ کر رہا ہے۔

    بچے کے ہاتھ ملانے کے اس عمل نے مسافروں کا دل موہ لیا، وہ خوشی خوشی اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور اسے پیار بھی کر رہے ہیں۔

  • عرب امارات: خاتون کو پڑوسن کی صفائی سے پریشانی، مقدمہ دائر کردیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے اپنی پڑوسن پر مقدمہ دائر کردیا کہ وہ ان کے گھر کے سامنے صفائی کے لیے جو محلول استعمال کرتی ہیں اس سے ان کی صحت خراب ہورہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین اپیل کورٹ نے پڑوسن سے 60 ہزا درہم ہرجانہ دلانے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے پرائمری کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    مذکورہ خاتون نے اپنی پڑوسن کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا تھا۔

    خاتون نے پرائمری کورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پڑوسن گھر کے سامنے والے حصے کی صفائی کے لیے کلورکس استعمال کررہی ہے جس کی بو بہت زیادہ ہے، اس سے اس کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہیں پڑوسن سے 60 ہزار درہم کا معاوضہ دلایا جائے۔

    پرائمری کورٹ نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسن نے صفائی کے لیے جو کلورکس استعمال کیا اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں تھا۔

    بعد ازاں خاتون نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ صحت پر برا اثر پڑنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    اس دوران مقامی میڈیا میں اس دعوے کی خبر آنے پر اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہونے کی وجہ سے لوگ اس میں دلچسپی لے رہے تھے۔

  • عمران خان نے عوام کو عزت دینے کیلئے 2 صوبائی اسمبلیوں کو برخاست کیا، مزمل اسلم

    عمران خان نے عوام کو عزت دینے کیلئے 2 صوبائی اسمبلیوں کو برخاست کیا، مزمل اسلم

    پی ٹی آئی کے رہنما اور ماہر معاشیات مزمل اسلم نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو عزت دینے کیلئے 2 صوبائی اسمبلیوں کو برخاست کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر  مزمل اسلم نے لکھا کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ وہ چندماہ میں بھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، انہیں یوٹیلیٹیز کی قیمتوں، ٹیکسز میں اضافے کے ذریعے شاید راستہ دکھا ئی دے جائے۔

    ماہر معاشیات مزمل اسلم نے ایک اور ٹوئٹ میں حکومت پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ نا وزیر اعظم کے تین دن ختم ہورہے ہیں نا اسحاق ڈار کے 2ہفتے، یہ آئی ایم ایف کا پتہ اور نہ ہی دوست ممالک سے رقم کی منتقل ہوئی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے 6 مہینے مفتاح چورن بیچتے رہے ہم ریاست بچارہے ہیں سیاست کے بجائے، یہ سب ٹوپی ڈرامہ ملک کونا تلافی نقصان کی طرف لے گیا، قوم ان سے الیکشن میں جواب لےگی۔

  • مودی حکومت نے گجرات میں 6 مدارس اور 36 دکانیں مسمار کر دیں

    احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں مودی حکومت نے مسلمانوں کے کئی مدارس، مساجد اور دکانیں مسمار کر دیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مسلم مخالف اقدامات جاری ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ریاست گجرات کے شہر کچھ میں بلڈوزر استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کی 36 دکانیں اور 6 مدارس کو گرا دیا۔

    انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مودی سرکار کی سرپرستی میں انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت کو اپنا ہتھیار بنا لیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سرحدی ساحلی علاقے میں اسی لیے بلڈوزر حرکت میں آ گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ نومبر میں گجرات اسمبلی انتخابی مہم کے دوران شہر سورت میں بی جے پی کارکنوں نے بلڈوزر پر مہم چلائی تھی، بالخصوص یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بلڈوزر بابا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

    انتخابی مہم کے دوران بی جے پی نے گجرات میں ناجائز تجاوزات کی آڑ میں مسلمانوں کے املاک کے خلاف بلڈوزر استعمال کرنے پر فخر کیا تھا۔

  • ریلوے میں نئی ویگنز کا اضافہ

    لاہور: پاکستان ریلوے میں مزید نئی ویگنز رواں برس شامل کردی جائیں گی، جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال مارچ میں مزید 130 ویگنز ریلوے سسٹم میں شامل ہوجائیں گی، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت باقی 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی۔

    نئی ویگنز سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔

    موجودہ ویگنز 60 ٹن وزن کے ساتھ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں، نئی ویگنز میں 70 ٹن وزن کے ساتھ 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت ہے۔

    جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

  • ویمنز آئی پی ایل کے براڈ کاسٹ رائٹس کتنے میں فروخت ہوئے؟

    نئی دہلی: ویمنز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اگلے 5 سالوں کے لیے میڈیا کے حقوق براڈکاسٹرز نے حاصل کرلیے۔

    بھارتی میڈیو کے مطابق ویمنز آئی پی ایل کے میڈیا رائٹس وایاکوم 18 نے جیت لیے، مذکورہ کمپنی ہر میچ کے لیے 7.09 بھارتی کروڑ ادا کرنے کی پابند ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ پانچ برس کے لیے طے ہوا ہے اور یہ 2027 تک قابل عمل رہے گا، کمپنی مجموعی طور پر 951 بھارتی کروڑ ادا کرے گی۔

    بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاہدے سے عالمی ویمن کرکٹ میں انقلاب برپا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ویمنز آئی پی ایل کی پانچ ٹیموں کے فاتح فرنچائز کا اعلان 25 جنوری کو متوقع ہے، ایونٹ 5 سے 23 مارچ تک ہوگا۔

  • اقوامِ متحدہ نے دِنیپرو میں میزائل حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دے دیا

    نیویارک: اقوامِ متحدہ نے دِنیپرو میں میزائل حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس اور یوکرین جنگ میں شدت برقرار ہے، یوکرینی شہر دِنیپرو پر روس کے میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 ہو گئی، 34 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    روسی صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ روسی افواج صرف فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہیں، روس عمارت پر حملے کا ذمہ دار نہیں ہے، دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے دِنیپرو میں میزائل حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دے دیا۔

    ترجمان سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ جنگی جرائم کی مؤثر تحقیقات کی ضرورت ہے، جرمنی نے روسی رہنماؤں کے خلاف خصوصی ٹریبیونل کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    روسی افواج نے باخموت شہر کا گھیراؤ شروع کر دیا، مہلک میزائل حملہ

    ادھر یوکرین کو ٹینکس کی فراہمی پر روس نے برطانیہ کو سخت نتائج کی دھمکی دے دی۔

    روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ برطانوی ٹینکس کو تہس نہس کر دیں گے، یوکرین کو جدید اسلحہ دینے سے جنگ کا رخ نہیں بدلے گا، برطانیہ کو روس کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

  • بھارتی پرواز میں مسافر منہ سے خون بہنے کے بعد ہلاک

    اندور: بھارتی ایئرلائن کی ایک پرواز پر موجود معمر مسافر کے منہ سے اچانک خون بہنے لگا اور اس کے بعد وہ ہلاک ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مدورائی سے دہلی جانے والی پرواز میں ایک 60 سالہ شخص کے منہ سے خون بہنے لگا، جس پر جہاز کو اندور کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں جب مسافر اتُل گپتا کی طبیعت بگڑی تو طیارے کو اندور کے ایئرپورٹ کی طرف موڑا گیا، اور ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد مسافر کو ایئرپورٹ کے قریب واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    ویڈیو: طیارے میں مسافر کا پاور بینک پھٹنے سے خوف ناک آگ بھڑک اٹھی

    واقعہ انڈیگو ایئر لائن کی پرواز میں پیش آیا، ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مسافر کو پہلے ہی سے ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کا عارضہ لاحق تھا۔

    نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، طیارہ گرنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز وائرل

    ایئرپورٹ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے اتل گپتا نوئیڈا کے رہنے والے تھے، ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔