Tag:

  • غلط دوا سے خاتون کی موت، بھارتی نژاد فارماسسٹ کو برطانیہ میں قید

    غلط دوا سے خاتون کی موت، بھارتی نژاد فارماسسٹ کو برطانیہ میں قید

    نئی دہلی / لندن: برطانیہ میں بغیر ڈاکٹری نسخے کے 40 سال سے ادویات فروخت کرنے والے بھارتی نژاد فارماسسٹ کو 18 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں نسخے کے بغیر ادویات فراہم کرنے والے بھارتی نژاد فارماسسٹ، 67 سالہ دشانت پٹیل کی تجویز کردہ دوا کے سبب سنہ 2020 میں ایک خاتون کی موت بھی ہوئی تھی۔

    نسخے کے بغیر کلاس سی کی دوائیں کھانے والی علیشا صدیقی کی لاش اگست 2020 میں نارویچ سے ان کے گھر سے برآمد ہوئی تھی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق علیشا صدیقی کی میڈیکل رپورٹس میں انکشاف ہوا تھا کہ ان کی موت منشیات کی زیادہ مقدار لینے کی وجہ سے ہوئی، اس کے فون ریکارڈ میں پٹیل کے ساتھ جنوری اور اگست 2020 کے درمیان متواتر بات چیت کرنے کا بھی انکشاف ہوا۔

    خاتون کی موت کے 4 ماہ بعد پولیس نے پٹیل کو ایک مشتبہ شخص کے طور پر گرفتار کیا اور اس پر منشیات فراہمی کا الزام عائد کیا گیا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ مریضہ کو بغیر نسخے کے نیند کی گولیاں فراہم کی جاتی رہی تھیں۔

    مقامی عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم 40 سال کے عرصے سے یہ کام کر رہا ہے اور یہ اس کے گاہکوں پر اعتماد کی خلاف ورزی ہے، اسے معلوم ہونا چاہیئے تھا کہ مریضہ ان ادویات کی عادی تھی یا اس کا غلط استعمال کر رہی تھی۔

    عدالت نے ملزم کو 18 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: قیام پاکستان سے قبل کے 78 برس پرانے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے قبل کے 78 برس پرانے اراضی سے متعلق ایک کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اراضی سے متعلق 78 برس پرانے تنازعے کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس محمد اقبال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

    کیس کا پس منظر

    درخواست کے مطابق سنہ 1944 میں فضل محمود اور اسلم نامی افراد نے لائل پور میں 19 کنال اراضی دھنا سنگھ نامی شخص کو فروخت کی، دھنا سنگھ 1947 میں آزادی کے بعد بھارت چلا گیا۔

    سنہ 1951 میں فضل محمود کے بیٹے خالد محمود نے زمین فروخت کرنے پر اپنے والد اور دھنا سنگھ کے خلاف سول کورٹ میں دعویٰ دائر کردیا، سول عدالت نے دھنا سنگھ کے پیش نہ ہونے پر 1952 میں زمین کا فیصلہ خالد محمود کے حق میں دے دیا۔

    1962 میں زمین فروخت کرنے والے دوسرے شخص اسلم کے بیٹے نجیب نے خالد محمود کے نام زمین کرنے کے فیصلے کو منسوخ کرنے کی درخواست دے دی جسے سول عدالت نے منظور کر لیا۔

    بعد میں خالد محمود نے فیصلے کے خلاف اپیل کی جو مسترد ہو گٸی، نجیب کے ورثا نے سنہ 2018 میں سول عدالت کے فیصلے پر عمل کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دے دی۔

    اب عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ آزادی کے بعد پاکستان سے جانے والے غیر مسلموں کی زمین سینٹرل گورنمنٹ پاکستان کی ملکیت تھیں، خالد نے سنہ 1951 میں بدنیتی پر مبنی دعویٰ سول کورٹ میں دائر کیا اور سینٹرل گورنمنٹ پاکستان کو فریق نہیں بنایا۔

    عدالت نے کہا کہ سول کورٹ کا آرڈر غیر قانونی تھا، اراضی بنیادی طور پر وقف املاک بورڈ، حکومت پاکستان کی ہوچکی تھی، دونوں درخواست گزاروں کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

    عدالت نے سول کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) لاہور کو ہدایت کی کہ معاملے کو دیکھیں اور اس کے حوالے سے ضروری کارروائی کریں۔

    2 رکنی بینچ نے اپیل دائر کرنے والے مرحوم نجیب اسلم کے وارثان پر بھی 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

  • نیمار، رونالڈ اور میسی سمیت دیگر کھلاڑیوں کا پیلے کو زبردست خراجِ عقیدت

    شہنشاہِ  فٹبال کہلائے جانے والے برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے 82 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔

    پیلے کے انتقال پر پوری دنیا میں موجود فٹبال کے مداح اداس ہوگئے وہیں فٹبال کے اسٹار کھلاڑیوں نے لیجنڈری کھلاڑی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اور پیلے کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لیجنڈری برازیلین فٹبالر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by NJ 🇧🇷 (@neymarjr)

    برازیل کے نیمار جونئیر نے پیلے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ پیلے سے پہلے نمبر 10 صرف ایک عدد تھا لیکن انہاں نے 10 نمبر شرٹ کو آئیکون بنادیا۔

    نیمار نے لکھا کہ پیلے سے پہلے فٹبال صرف ایک کھیل تھا لیکن انہوں نے اسے ایک آرٹ کا درجہ دیا اور سب کچھ بدل دیا۔

    برازیلین پلیئر کا کہنا تھا کہ پیلے غریبوں اور سیاہ فام لوگوں کی آواز بنے وہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

    اس کے علاوہ پرتگال کے اسٹار رونالڈو نے لکھا کہ میں پیلے کے انتقال پر پورے برازیل جبکہ خصوصی طور پر پیلے کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، پیلے کی موت پر دنیائے فٹبال میں جو غم ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Cristiano Ronaldo (@cristiano)

    انہوں نے  کہا کہ پیلے کو کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکے گا اور ان کی یاد ہم میں سے ہر ایک فٹبال سے محبت کرنے والے میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

    ارجنٹینا کے لیونل میسی نے بھی پیلے کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہ ریسٹ ان پیش پیلے لکھا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Leo Messi (@leomessi)

    اس کے علاوہ فرانس کے نوجوان اسٹار پلیئر امباپے نے بھی کنگ پیلے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کنگ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے لیکن ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kylian Mbappé (@k.mbappe)

  • جدید دنیا سے بیزار الگ تھلگ آباد ہندوستانی قبیلہ

    سائنس اور ٹیکنالوجی کی معراج اور انسانی ترقی کے باعث دنیا ’گلوبل ویلیج‘ بن گئی ہے، مگر آج بھی کئی قبائل، شہروں اور آبادیوں سے الگ تھلگ آباد ہیں اور ان کا دنیا سے کوئی واسطہ نہیں۔ ایسا ہی ایک قبیلہ بھارت میں جزائر انڈیمان اور نکوبار کے ساتھ ”sentinel island“ میں آباد ہے۔

    مؤرخین کے مطابق سولہ ہزار سال قبل یہ لوگ افریقا سے یہاں آئے اور اب تک ’قرنطینہ‘ کی زندگی بسر کر رہے ہیں، جب کہ بعض اسے 60 ہزار سال قدیم قبیلہ بھی قرار دیتے ہیں۔ اس قبیلے کا ذکر مشہور سیاح مارکو پولو نے بھی کیا ہے۔

    جزیرے کا رقبہ ساٹھ مربع کلومیٹر اور آبادی بمشکل دو تین سو افراد پر مشتمل ہے۔ کئی بار حکومتوں، تنظیموں، سیاحوں اور عوام کی جانب سے قبیلے کے لوگوں سے رابطے اور معلومات کی کوششیں کی گئیں، مگر ہر بار ہی تیروں اور نیزوں سے جواب ملا، کیوں کہ وہ لوگ انسانوں سے خائف ہیں اور دنیا سے قطعاََ رابطہ نہیں چاہتے۔ آزادی سے قبل کمپنی سرکار نے جزیرے میں مداخلت کی اور یہاں سے چار بچّے اور دو مرد بھی اٹھا لائی، جب کہ باقی لوگ جھونپڑیاں چھوڑ کر جنگل میں چھپ گئے۔ دو دن میں دونوں مرد مر گئے تو بچّوں کو واپس وہیں چھوڑ دیا گیا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق وہ لوگ ہزاروں برس سے الگ تھلگ رہنے کی وجہ سے ہماری آبادیوں میں نہیں رہ سکتے۔ ان کا اپنا طرزِ حیات اور بہت محدود قوتِ مدافعت ہے، پھر ایک عیسائی مبلغ نے جزیرے میں جانے کی کوشش کی، جسے جنگلی باشندوں نے پکڑ کر ہلاک کر دیا۔ تاہم انہوں نے بلاوجہ کسی شخص یا کسی آبادی کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا۔ وہ صرف اپنا دفاع کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 1990ء کی دہائی میں وہاں جا کر قبیلے سے رابطوں پر پابندی لگا دی گئی، پھر بھی دور ساحل سے سیاح دوستانہ رابطوں کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ اکثروہاں جا کر پھل اور تحائف پھینک آتے ہیں، جنہیں وہ لوگ جنگل سے نکل کر اٹھاتے، ناچتے اور ننگ دھڑنگ بھاگتے دیکھے جاتے ہیں۔

    ان لوگوں کی زبان، رسومات، لباس اور مذہب کا کچھ علم نہیں ہو سکا۔ صرف ایک بار 20 سال پہلے مدھو مالا خاتون نے حیرت انگیز طور پر اس جزیرے کے لوگوں سے کام یاب دوستانہ رابطہ کیا اور کافی دیر جنگل میں رہی اور بہت سا سامان بھی انہیں دیا۔ تاہم بعد ازاں وہ لوگ ایسے رابطوں پر امادہ نہ ہوئے، حتٰی کہ نیشنل جیوگرافک جیسے چینل بھی اس جنگل کے اندر جانے میں کام یاب نہیں ہوئے۔ ہمارے نزدیک وہ جنگلی، پس ماندہ اور وحشیانہ زندگی گزار رہے ہیں، مگر وہ اپنی زندگی سے خوش ہیں۔

    (امجد محمود چشتی، میاں چنوں)

  • اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی درست نہیں ہے، یہ برانڈ بن چکی ہے، رمیزراجہ

    اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی درست نہیں ہے، یہ برانڈ بن چکی ہے، رمیزراجہ

    سابق چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے کہا کہ اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی درست نہیں ہے، یہ ٹیم ایک برانڈ بن چکی ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے یوٹیوب چینل پر شائقین کے سوالوں کےجوابات دئیے، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ون ڈے اور ٹی 20 میں اچھا کھیلا ہے، اس ٹیم کےساتھ چھیڑ خانی درست نہیں ہے، یہ ٹیم ایک برانڈبن چکی ہے۔

    رمیزراجہ نے کہا کہ اچھی ٹیموں کے سامنے ہماری کارکردگی خراب ہوئی ہے، ٹیم میں زیادہ تبدیلی درست نہیں، اس سے ہم آہنگی خراب ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے بہت پیار ملا لیکن بورڈ چلاتے ہوئے سخت فیصلےکرنا پڑتے ہیں، بھارت سے بدمزگی ایشیاکپ کے معاملات پر شروع ہوئی۔

    سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارت سےجیتنا ضروری ہے اس کے بعد ہی وہ ہمیں اہمیت دیں گے۔

    رمیز راجہ نے مزید سوال کے جواب میں کہا کہ تین سال کی مدت کے لئے آیا تھا 15ماہ بعد ہٹا دیاگیا، سیاسی مداخلت کر کے سیاسی بھرتی کی گئی جس سےکرکٹ برباد ہوگی۔

  • ترک بحری جہاز برگازادہ کراچی پہنچ گیا

    کراچی: ترکی کا بحری جہاز برگازادہ کراچی پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک بحریہ کا جہاز برگازادہ (Burgazada) کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، جہاں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور ترکیہ کے سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترک بحری جہاز کے دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعلقات کا فروغ ہے، دورے کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ترکیہ کے بحری جہاز کے دورے سے خطے میں قیام امن کی مشترکہ کاوشوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

  • کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    راولپنڈی: مسلم لیگ(ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مجھے کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں کوئی سیاسی پارٹی نہیں بنا رہا میری اس وقت تمام تر توجہ اپنےحلقےکےعوام کو متحرک کرنے پر ہے۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سے دوستی ، تعلق اور احترام کا رشتہ ہے،کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں کافی عرصہ رہا، ان سے بھی میرا رابطہ ہے، اس وقت میں عوام کے پاس خدمت کی غرض سے آیا ہوں۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ خونی الیکشن ہوگا یہ میرا مؤقف ہے، الیکشن ہمیشہ بہت ساری سختیوں کو کم کر دیتا ہے

  • ویڈیو: بھارت میں انتہا پسندوں نے نمازِ  جمعہ رکوا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام میں مسلمان کھلی جگہ پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے تو انتہاپسند ہندو تنظیم بجرنگ دل کے غنڈے وہاں پہنچ گئے اورمسلمانوں کو زبردستی نماز پڑھنے سے روک دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو انتہاپسندوں نے نمازیوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور کچھ نمازیوں کا گھر تک پیچھا بھی کیا، ساتھ ہی وہاں پر نماز کیلئے بچھائی گئی چٹائی بھی اٹھادی۔

    ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ اس بھارت کی پولیس بھی موجود تھی تاہم ہمیشہ کی طرح نماز ادا کرنے کے روکنے والے انتہا پسندوں کو نہیں روکا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2021ء میں ضلعی انتظامیہ نے نماز پڑھنے کے لیے 6 کھلی جگہیں مختص کی تھیں۔

    پولیس کے مطابق مسلمان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختص جگہ پر نماز پڑھ رہے تھے۔

  • ٹام کروز نے شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی

    ٹام کروز نے شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی

    ہالی ووڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کے سپر سٹار اور مشن امپاسیبل سیریز کے ہیرو ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی۔

    خصوصی ویڈیو پیغام میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹام کروز ایک ہیلی کاپٹر پر موجود ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نوبی افریقہ میں مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکنگ پارٹ ون اور ٹو کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔

    مزید بولے کہ میں سال کا اختتام اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیے بغیر نہیں کرنا چاہتا، ٹاپ گن میوورک کو سپورٹ کرنے پر آپ سب کا شکرگزار ہوں۔

    واضح رہے کہ اگلی فلم کو مشن امپاسبل سیون پارٹ ون کا نام دیا گیا ہے، جو آئندہ برس 14 جولائی کو ریلیز ہوگی جب کہ اس کا دوسرا حصہ 28 جون 2024 میں ریلیز کیا جائے گا۔

  • حج کمپنیوں کو لائسنس حاصل کرنے کے لیے کیا شرائط پوری کرنی ہوں گی؟

    حج کمپنیوں کو لائسنس حاصل کرنے کے لیے کیا شرائط پوری کرنی ہوں گی؟

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کمپنیوں کے لیے لائسنس کے اجرا کے لیے شرائط جاری کی ہیں، لائسنس کے اجرا کی درخواست کی آخری تاریخ رواں سال 24 دسمبر ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج نے بیرون مملکت سے حج کمپنیوں کے لیے لائسنس کے اجرا کے لیے مقرر شرائط جاری کی ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ نے ایک بیان میں کہا کہ آئندہ حج سیزن کے دوران طوافہ کمپنیوں کے تحت کام کرنے والی کمپنیوں کے لیے لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

    نئی کمپنیاں گزشتہ کئی عشروں سے حجاج کو سہولتیں فراہم کرنے والی فیلڈ سروس ایجنیسوں کی جگہ لیں گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ لائسنس کا دورانیہ 5 برس کا ہوگا اور اس میں توسیع ہو سکے گی، لائسنس کے اجرا کی درخواست کی آخری تاریخ رواں سال 24 دسمبر ہے۔

    وزارت کے مطابق لائسنس کے لیے درخواست دینے والی کمپنی کا مالک اور منتظم سعودی ہوں گے، ایک لاکھ حجاج کو سروس فراہم کرنے والی کمپنی کا کم از کم سرمایہ پچاس لاکھ ریال ہونا چاہیئے۔

    ایک شرط یہ بھی عائد کی گئی ہے کہ لائسنس کی درخواست ایسا کوئی شخص نہیں دے سکتا جس کے خلاف وزارت خدمات میں کوتاہی کا فیصلہ سنا چکی ہو۔

    اسی طرح فیس اور زر ضمانت کی شرائط کی پابندی بھی لازمی ہوگی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ لائسنس حاصل کرنے والی کمپنی کو مقررہ ضوابط کے مطابق سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی، ان میں قیام و طعام کی سہولتیں شامل ہوں گی۔

    زر ضمانت کے طور پر کمپنی کے سرمائے کا کم از کم 10 فیصد جمع کروانا ہوگا، علاوہ ازیں سہولتوں کے لیے ٹھیکوں کا بھی 10 فیصد کسی مقامی بینک میں جمع کروانا ہوگا، اس کا دورانیہ ایک سال کا ہوگا۔