Tag:

  • آملہ کے ایسے فوائد جنہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    آملہ کے ایسے فوائد جنہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    آملہ وٹامن سی اور دیگر ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے جو ہماری اچھی صحت کے لیے بہت مفید ہے، اِس کے علاوہ آملہ میں وٹامن ڈی بھی پایا جاتا ہے، آملہ ہمارے بالوں، آنکھوں اور دِل کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے، بالوں کے لیے آملہ کے تیل کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے بال گھنے، لمبے اور مضبوط ہوتے ہیں۔

    آملہ کو غذا میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے جیسے کہ آملہ کا اچار ڈالا جاتا ہے، اِس کا مربہ بھی بنایا جاتا ہے اور آملہ کو خُشک کرکے بھی غذا میں شامل کیاجاتا ہے۔

    صحت کے فوائد

    آملہ میں اینٹی آکسیڈنٹس اور اور مختلف وٹامنزکی کثیرمقدار موجود ہوتی ہے جو آپ کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، آملہ میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار جسم کو بیماری سے صحت یاب ہونے میں مدد دیتی ہے۔ آملہ میں کئی فلاوونول اورکیمیکلز بھی پائے جاتے ہیں جوبہتر یاداشت میں مدد دیتے ہیں۔

    شوگر کے کنٹرول کے لیے مفید

    آملہ میں حل پذیر ریشہ پایا جاتا ہے جو جسم میں تیزی سے حل ہوجاتا ہے، یہ جسم میں شوگر کو جذب کرنے کی رفتار کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح   بلڈ شوگربڑھنے سے محفوظ رہتی ہے۔ آملہ  ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں خون میں گلوکوز اور لپڈ کی مقدار پر بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔

    بہتر ہاضمہ کے لیے استعمال کریں

    آملہ میں موجود فائبر آنتوں کی حرکت کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے، اس میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار آپ کے جسم کو دیگر غذائی اجزاء کو جذب کرنے میں مدد دیتی ہے، لہذا اگر آپ آئرن اور دیگر معدنی سپلیمنٹس لیتے ہیں تو یہ مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

    آنکھوں کے لیے فائدہ مند

    آملہ وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے جو آنکھوں کی صحت کو بہتر بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ وٹامن اے نہ صرف بینائی کو بہتر بناتا ہے بلکہ یہ عمر سے متعلق میکولر انحطاط کے خطرے کو بھی کم کر سکتا ہے۔ آملہ میں وٹامن سی کا مواد بیکٹیریا سے لڑ کر آنکھوں کی صحت کو بہتر بناکر  آنکھوں کو آشوب چشم اور دیگر انفیکشن سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    قوت مدافعت بڑھاتا ہے

    آملہ کے ایک 100 گرام (تقریباً ڈیڑھ کپ) 300 ملی گرام وٹامن سی فراہم کرتا ہے جو بالغوں کے لیے روزانہ تجویز کردہ مقدار سے دوگنا زیادہ ہے۔ ساتھ ہی  اس میں پولیفینول، الکلائڈز اور فلاوونائڈز بھی موجود ہوتے ہیں۔ جبکہ اس میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی سوزش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔ یہ تمام خصوصیات قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    جلد کے لیے مفید

    آملہ کے استعمال کو جِلد کے مختلف طبی مسائل کو ختم کرنے لیے بھی فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آملہ کو بالوں کے کئی مسائل کا بہترین حل کہا جاتا ہے۔ بالوں کی مضبوطی کے لیے نہ صرف آملہ کو کھایا جا سکتا ہے بلکہ اس کا تیل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    جب کہ ایکنی کی وجہ سے جِلد پر بننے والے داغ، دھبے، نشانات سے چھٹکارا پانے کے لیے آملہ کا پیسٹ بنا کر اسے پندرہ منٹ کے لیے جِلد پر لگایا جاتا ہے۔ پندرہ منٹ کے بعد جِلد کو دھو لیجیے۔ اس کے علاوہ آملہ کے استعمال سے خون بھی ڈی ٹاکسیفائی ہوتا ہے جس سے جِلد کے مسائل کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    آملہ میں وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن اے، آئرن اور کیلشیم پایا جاتا ہے۔ چونکہ تازہ آملہ میں فائبر کی مقدار زیادہ اور چینی کی مقدار کم ہوتی ہے، یہ غذائیت سے بھرپور ناشتے اور کھانے کی ترکیبوں میں ایک مثالی جزو ہیں۔

  • اس پھل کے بے شمار فائدے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    اس پھل کے بے شمار فائدے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    زمین پر موجود ہر سبزی اور پھل اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتے ہیں، بعض پھل کاسمیٹکس پروڈکٹس میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں جو جلد پر بہترین اثرات مرتب کرتے ہیں۔

    کیوی بھی انہی میں سے ایک ہے جو اپنے منفرد ذائقہ اور صحت سے بھرپور اجزا کی بدولت تمام پھلوں میں الگ مقام رکھتا ہے، کیوی جسامت اور رنگت میں کسی قدر چیکو سے مشابہت رکھتا ہے تاہم اندر سے یہ نہایت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

    کھٹا میٹھا ذائقہ لیے کیوی بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے، اس میں ایسے صحت بخش اجزا پائے جاتے ہیں جو آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

    یہ پھل جس طرح آپ کی صحت کا خیال رکھتا ہے اسی طرح یہ جلد کو بھی جواں بنانے والی خصوصیت سے مالا مال ہے، کیوی فیس ماسک آپ کی جلد کو نرمی سے ایکسفولیئٹ، پرورش اور نمی بخشتا ہے۔

    اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور اس پر ایکنی کے مسائل ہیں تو آپ کیوی کے فیس ماسک کو روزانہ استعمال کر سکتے ہیں تاہم خشک جلد پر اسے ہفتے میں ایک بار استعمال کیا جاسکتا ہے، کیونکہ کیوی فیس ماسک ایک بہترین ایکسفولینٹ ہے۔

    کیوی میں وٹامن سی اور ای کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے، جو کہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر جانا جاتا ہے، یہ جلد کو نمی، پرورش، چمکدار اور ہموار بناتی ہے۔

    اس میں غذائی ریشے کی بڑی مقدار بھی ہوتی ہے جو آنتوں کی مناسب حرکت کے لیے ضروری ہے، اس طرح آپ کی جلد مہاسوں سے پاک رہتی ہے۔

    کیوی ایک اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور پھل ہے جو آپ کی جلد کو مختلف فوائد فراہم کرتا ہے۔ آپ کیوی سے بنے فیس ماسک کو جلد کی تمام اقسام کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

    کیوی کا ماسک بنانے کا طریقہ

    اس ماسک کو بنانے کے لیے ایک چمچ دہی، ایک کیلا اور ایک کیوی درکار ہے۔

    کیوی اور کیلے کو چھیل کر اچھی طرح مکس کریں، اب اس میں دہی ملا کر مکس کر کے چہرے پر لگائیں اور 20 سے 30 منٹ تک لگا رہنے دیں۔

    خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں، بہتر نتائج کے لیے اسے ہفتے میں ایک بار ضرور استعمال کریں۔

  • مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا ہے کہ تیمر (مینگرووز) کے جنگلات سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول ہوئے۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں بھی تسلیم کیا گیا کہ سندھ کے محکمہ جنگلات نے بہتر کام کیا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے مینگرووز سے کاربن کریڈٹ دنیا خرید رہی ہے، سندھ حکومت ایک ہیکٹر پر 10 ہزار روپے میں مینگرووز لگا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مینگروز سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے وصول ہوئے، مینگرووز لگانے پر 3 دفعہ سندھ حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں آیا۔

  • گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے بعد ہر شعبے کی طرح تعمیراتی شعبہ بھی ٹھپ ہوگیا۔

    عام شہری کا گھر بنانا خواب ہوگیا جبکہ بلڈرز نے بھی اپنے پروجیکٹس ادھورے چھوڑ دیے۔

    تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے، بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، صرف ایک ماہ قبل ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹن ملنے والا سریا 3 لاکھ روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے دکاندار بھی پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے بعد سامان کی کھپت نصف ہوچکی ہے۔

    عام افراد اور بلڈرز کا کہنا ہے کہ ٹیکسز میں کمی کی جائے اور پائیدار معاشی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ملک بھر میں ٹھپ پڑا کاروبار کا پہیہ پھر سے چل سکے۔

  • پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ

    پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ

    پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ پاپوانیوگنی کے دور دراز علاقے میں 38 کلو میٹر زیرِ زمین گہرائی میں آیا ہے۔

    امریکن جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے اور ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات نہیں ہے۔

     

  • آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    واشنگٹن: وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر نے واشنگٹن میں پاک امریکا ٹیفا اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیفا اجلاس میں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی۔

    نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے، پاکستان اس وقت بہت زیادہ معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ امریکا پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے، ہمیں برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے کپاس کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی، اس وقت کپاس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا سے تجارت کو فروغ دینے کے لیے کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کریں گے، توقع کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے یو ایس ایڈ پروگرام پر مثبت پیش رفت ہوگی۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    کبھی اچانک کہیں راہ چلتے یا کسی جگہ موجود ہوتے ہوئے چور ڈاکو آ دھمکیں، تو ہوش و حواس گم ہوجاتے ہیں اور لوگ بے بسی سے لٹ جاتے ہیں، تاہم کچھ لوگ اس موقع پر بھی اپنے حواس قائم رکھتے ہوئے چوروں کو ہی دھول چٹا دیتے ہیں۔

    حال ہی میں ایسے ہی ایک کارنامے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بوڑھے شخص نے اپنے اوپر پستول تاننے والے چور کو دھول چٹا دی۔

    ویڈیو ایک سپر اسٹور کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح شخص کیش کاؤنٹر پر موجود کیشیئر کو دھمکا رہا ہے جبکہ قریب کھڑے بوڑھے پر بھی پستول تان لیتا ہے۔

    بوڑھا اس کی حرکت پہ گھبرائے بغیر بے حد سکون سے اپنا چشمہ اتار کر کاؤنٹر پر رکھتا ہے۔

    اتنے میں چور کے پیچھے ایک شخص نمودار ہوتا ہے اور چور اسے بھی دھمکانے کے لیے پلٹ جاتا ہے، اس کے پلٹتے ہی بوڑھا اس پر جھپٹتا ہے اور اسے دبوچ لیتا ہے، کھینچا تانی میں چور کی بندوق بھی نیچے گر جاتی ہے۔

    بوڑھے کی جرات دیکھ کر اسٹور کے ملازمین بھی حرکت میں آتے ہیں، ایک ملازم نیچے گری بندوق اٹھاتا ہے۔ اس اثنا میں چور دوسری طرف سے نکل کر دروازے کی طرف بھاگتا ہے لیکن دروازے پہ ایک ملازم اسے چھاپ لیتا ہے۔

    اس کے بعد بوڑھا اور ایک اور ملازم وہاں پہنچ کر چور کو قابو کرتے ہیں۔

  • سندھ سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات

    سندھ سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی : سندھ حکومت کے اہم ادارے سندھ سیکریٹریٹ میں کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سوالیہ نشان بن گئے، اسپیشل برانچ کی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل برانچ نے سندھ سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ کے 6 میں سے2 واک تھرو گیٹس ناکارہ ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5واچ ٹاور، 130 آگ بجھانے کے فائر فائٹنگ کے آلات، 10میں سے6 میٹل ڈیٹیکٹر سمیت 4وہیکل انسپیکشن سسٹم بھی ناکارہ ہیں۔

    اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ کے دو ہائیڈرولک وہیکل بلاکر، 41 میں سے8 سی سی ٹی وی اور5 کمیونیکیشن سسٹم ناکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیکریٹریٹ کے الارم سسٹم خراب اور روشنی کا مؤثرنظام بھی موجود نہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیکریٹریٹ میں فرسٹ ایڈ باکس موجود نہیں اور ایواکیوشن نظام بھی نہیں ہے اس کے علاوہ سیکریٹریٹ میں پولیس، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے 82 اہلکاروں کی پوسٹیں ہیں
    ڈی ایس پی کی ایک پوسٹ خالی پڑی ہے۔

    اسپیشل برانچ کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری کی ہدایت پر فوری طور پر اقدامات کئے جارہےہیں، وزراء اور سیکریٹریز کے علاوہ باقی تمام گاڑیوں کے سندھ سیکریٹریٹ میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

  • ’باہو بلی‘ کی دیو سینا کی نئی تصاویر دیکھ کر لوگ حیران

    ’باہو بلی‘ کی دیو سینا کی نئی تصاویر دیکھ کر لوگ حیران

    بھارت کی مقبول ترین پین انڈین فلم باہو بلی کی ہیروئن دیو سینا (انوشکا شیٹھی) اپنی نئی تصاویر کی وجہ سے انٹرنیٹ پر ٹرولنگ کا شکار ہوگئیں۔

    تامل اداکارہ انوشکا شیٹھی نے مہا شیوراتری کے موقع پر مندر میں جاری رسومات میں حصہ لیا اور اس موقع پر کھینچی گئی ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    سفید لباس میں ملبوس اداکارہ کا وزن بڑھا ہوا دکھائی دے رہا ہے جس کے بعد انٹرنیٹ پر ان کی ٹرولنگ شروع ہوگئی۔

    ان کے وزن پر تنقید کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ ان کا حلیہ بے حد افسوس ناک ہے، کیا یہ وہی پرانی انوشکا ہیں جو بہت دبلی پتلی اور اسمارٹ ہوا کرتی تھیں۔

    ایک اور صارف نے انہیں مفت مشورہ دیا کہ اپنا وزن کم کریں آپ زیادہ اچھی لگیں گی۔

    تاہم اس کے جواب میں اداکارہ کی حمایت میں بھی خاصے لوگوں نے کمنٹس کیے، لوگوں نے تنقید کرنے والوں کو شٹ اپ کال بھی دی۔

    ایک صارف نے کہا کہ اداکارہ یوگا انسٹرکٹر ہیں وہ فٹنس کو تم لوگوں سے بہتر جانتی ہیں۔

    اداکارہ کی اب تک کی آخری فلم نیشا بدھم سنہ 2020 میں ایمازون پرائم پر ریلیز ہوئی تھی جسے ملے جلے ردعمل کا سامنا رہا تھا۔