Tag:

  • ویڈیو: اشون کو ہندی میں مشورہ کوہلی کو الٹا پڑ گیا، گراؤند میں قہقہے لگ گئے

    ویڈیو: اشون کو ہندی میں مشورہ کوہلی کو الٹا پڑ گیا، گراؤند میں قہقہے لگ گئے

    بھارت میں آسٹریلوی ٹیم ٹیسٹ میچ کے لیے موجود ہے، جہاں بھارت سے برتری حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں شروع ہوا، جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے سیشن میں ڈیوڈ وارنر، مارنس لیبوشگن اور اسٹیو اسمتھ کی بڑی وکٹیں گنوا دیں۔

     تاہم پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے بڑی اننگز کھیلنے کے لیے کریز پر موجود ہیں اور بڑی مہارت کے ساتھ بھارتی اسپنرز کا مقابلہ کررہے ہیں۔

    اسی دوران گراؤنڈ میں ایک دلچسپ نظارا دیکھنے کو ملا، جس سے میدان میں قہقہے لگ گئے۔

    https://www.youtube.com/watch?v=8nMlS1f-MDo

    وکٹ حاصل کرنے کے لیے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو اسٹمپ مائیک پر روی چندرن اشون کو ہندی زبان میں عثمان خواجہ کی بڑی وکٹ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے سنا گیا۔

     جس کے بعد عثمان خواجہ ویرات کوہلی کو دیکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ یہ سمجھ گیا‘ ساتھ ہی دونوں کھلاڑی کے درمیان زوردار قہقہے کا تبادلہ ہوتا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    بالآخر، رویندرا جڈیجا ہی تھے جنہوں نے 81 رنز بنانے کے بعد عثمان خواجہ کی وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی بیٹر کو کے ایل راہول کے ہاتھوں شاندار کیچ پر آؤٹ ہوگئے۔

  • ہیرا پھیری کے بابو راؤ، راجو اور شیام کس سیکوئل میں ایک ساتھ آئیں گے؟

    ہیرا پھیری کے بابو راؤ، راجو اور شیام کس سیکوئل میں ایک ساتھ آئیں گے؟

    اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول ایک ساتھ کئی سپر ہٹ فلموں میں ایک ساتھ نظر آنے کے بعد ایک بار پھر 3 فلموں کے سیکویل میں نظر آئیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیرا پھیری کے اداکار اپنی سپر ہٹ فلموں کے تین سیکوئل کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں۔

     ای ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق اکشے کامر، سنیل شیٹی اور پریش راول ممبئی میں ایک خصوصی پرومو کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس میں ان کے ایک سے زیادہ فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب اس بات کا بھی فیصلہ ہوگیا ہے کہ ہیرا پھیری اور ویلکم کے سیکوئلز میں اکشے کمار ہی نظر آئیں گے۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اکشے، سنیل اور پریش نہ صرف ہیرا پھیری کے سیکوئل کے لیے بلکہ آوارہ پاگل دیوانہ اور ویلکم کے سیکوئل کے لیے بھی اکٹھے ہو رہے ہیں۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اصل فلمیں ہیرا پھیری، آوارہ پاگل دیوانہ اور ویلکم سبھی کو پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کی حمایت حاصل تھی، جن کا نام حال ہی میں ہیرا پھیری 3 کے بارے میں ہونے والی قیاس آرائیوں کی وجہ سے خبروں میں آیا ہے۔

    خیال رہے کہ بالی وڈ کی مقبول فلم ‘ہیرا پھیری’ کو سال 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل ‘پھر ہیرا پھیری’ 2006 میں ریلیز ہوا۔

    فلم کے پہلے پارٹ کی ہدایت کاری پریا درشن نے کی تھی جبکہ ’پھر ہیرا پھیری’ کو نیرج ووہرا نے لکھا اور ہدایت کاری کی۔

    فیروز ناڈیا والا نے بتایا کہ ٹیم نے 2014 میں ہیرا پھیری 3 پر کام شروع کیا تھا لیکن نیرج ووہرا کے بیمار ہونے کی وجہ سے پروڈکشن روکنا پڑی۔

  • کیلاش قبیلے کی خاتون نے برف میں پڑے زخمی نایاب پرندے کی جان بچا لی

    کیلاش قبیلے کی خاتون نے برف میں پڑے زخمی نایاب پرندے کی جان بچا لی

    چترال: کیلاش قبیلے کی خاتون نے برف میں پڑے زخمی نایاب پرندے مُنال کی جان بچا لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وادئ چترال جو اپنے انوکھے رسم و رواج اور روایات کے لیے مشہور ہے، وادی کے کیلاش قبیلے کے لوگ بھی وادی کی طرح خوب صورت دل کے مالک ہیں، جہاں گلہ بی بی ان میں سے ایک ہے۔

    قبیلے سے تعلق رکھنے والی خاتون جہاں گلہ بی بی کو ایک نایاب پرندہ منال، جسے مقامی لوگ مرغ زریں بھی کہتے ہیں، برف میں زخمی حالت میں ملا، تو وہ اسے اٹھا کر اپنے گھر لے گئی۔

    جہاں گلہ نے گھر پر منال پرندے کی مرہم پٹی کی، دانہ پانی کھلایا اور پھر گرمائش پہنچانے کے لیے آگ کے قریب چھوڑ دیا۔

    خاتون نے بتایا ’’رات بھر تپش کے قریب گزارنے کے بعد زخمی پرندہ چلنے پھرنے کے قابل ہوا، تو میں نے محکمہ وائلڈ لائف کے اہل کاروں کو اطلاع کر دی۔‘‘

    جہاں گلہ بی بی کے مطابق یہ مرغ زریں ایک عقاب کے حملے میں زخمی ہو کر برف پوش علاقے میں گر گیا تھا۔

    جہاں گلہ بی بی نے پرندہ محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کرتے ہوئے کیلاشی زبان میں اس سے ایک مکالمہ بھی کیا، جس کا ترجمہ کچھ یوں بنتا ہے: ’’اے زخمی مرغ زریں! میں ابھی آپ کو ان لوگوں (محکمہ وائلڈ لائف) کے حوالے کر رہی ہوں، جو آپ کی زندگی اور بقا کے لیے ذمہ دار لوگ ہیں۔‘‘

    جہاں گلہ بی بی کی کال پر زخمی پرندے کو لے جانے کے لیے آنے والے محکمہ جنگلی حیات کے واچر بھی نہ صرف جہاں گلہ بی بی بلکہ پورے کیلاش قبیلے کی جنگلی حیات سے محبت کی گواہی دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ کیلاش کے لوگ زخمی مارخور یا کوئی اور جانور اور پرندہ جب دیکھتے ہیں، تو فوراً اس کی مدد کو پہنچ کر ریسکیو کرتے ہیں، اور پھر ہمیں اطلاع دے دیتے ہیں۔

    محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس کمیونٹی کا جنگلی حیات سے محبت کا ثبوت ملتا رہتا ہے۔

  • بھارت میں ہندوؤں نے دو مسلم نوجوانوں کو گاڑی سمیت زندہ جلادیا

    بھارت میں ہندوؤں نے دو مسلم نوجوانوں کو گاڑی سمیت زندہ جلادیا

    بھارتی ریاست ہریانہ میں 2 مسلمان نوجوانوں کو اغوا کرکے انتہا پسند ہندوؤں نے گاڑی سمیت زندہ جلادیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ میں ایک جلی ہوئی جیپ سے دو نوجوانوں کی لاش ملی ہے، لاشوں کی شناخت 25 سالہ ناصر اور 35 سالہ جنید کے نام سے ہوئی ہے۔

    دونوں نوجوانوں کا تعلق راجستھان سے ہے اور انھیں اغوا کرکے انہی کی گاڑی میں ہریانہ لایا گیا تھا جہاں پہلے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر زندہ جلا دیا گیا،  لاشیں ناقابل شناخت تھیں، دونوں نوجوان کو گاڑی کی نمبر پلیٹ سے شناخت کیا گیا۔

    جنید کے کزن نے میڈیا کو بتایا کہ جب کئی گھنٹوں بعد بھی دونوں کا کچھ پتہ نہیں چلا تو پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ اسی دوران دو نوجوانوں کی بجرنگ دل کے کارکنان کے ہاتھوں اغوا کی خبر پر ہم لوگ پھر تھانے گئے۔

    اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بجرنگ دل کے کارکنان شدید زخمی حالت میں مسلم نوجوانوں کو تھانے لائے تھے لیکن پولیس نے ان کی کسٹڈی نہیں لی جس کے بعد بجرنگ دل کے کارکنان نے انھیں گاڑی میں جلادیا۔

    خیال رہے کہ جنید پر انتہا پسند ہندو جماعت نے گائے کی اسمگلنگ پر 5 مقدمات درج کرائے تھے اور غالب امکان یہی ہے کہ اس ہولناک قتل کی واردات کے پیچھے اسی تنظیم کا ہاتھ ہو۔

    دوسری جانب پولیس نے بجرنگ دل کے کارکنان مونو مانیسر، لوکیش سنگھیا، رنکو سینی، انیل اور سری کانت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ساتھ ہی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں گے۔ سب پہلے لاشوں کی شناخت ہونا ضروری ہے۔ ملزمان پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔

  • گجرات میں شیروں کی صبح سویرے چہل قدمی کی ویڈیو وائرل

    گجرات میں شیروں کی صبح سویرے چہل قدمی کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں شیروں کے ایک گروپ کی شہر کی ایک  سڑک پر چہل قدمی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    ویڈیو اشوک نامی شخص کی جانب سے شیئر کی گئی ہے، کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ بھارت کے گاؤں گجرات میں صرف شیر ہی صبح سیر کے لیے جانے کی ہمت کر سکتے ہیں۔

     بھارتی ریاست گجرات کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 8 شیروں کا ایک گروپ  چہل قدمی کررہا ہے۔ دور سے آتی گاڑی کی ہیڈ لائٹس کو دیکھ کر بھی شیر پریشان نہیں ہوئے۔

    https://twitter.com/ashoswai/status/1626137808258703361?s=20

    جس کے بعد شیروں کا ٹولا اطمینان سے ٹہلتے ہوئے جہاں سے آئے تھے وہاں غائب ہوگئے، شیروں کی سڑک پر چہل قدمی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

  • بھارتی کمپنی جس کی آمدن پاکستانی برآمدات سے زیادہ ہے!

    بھارتی کمپنی جس کی آمدن پاکستانی برآمدات سے زیادہ ہے!

    پڑوسی ملک بھارت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک کمپنی ایسی ہے جس کی آمدن نصف پاکستانی برآمدات سے بھی زیادہ ہے۔

    آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ جس آئی ٹی کمپنی ’انفوسس‘ نے محض 250 ڈالر کے ساتھ ایک کمرے سے کاروبار شروع کیا، آج اس کی سالانہ آمدن 17 ارب ڈالر سے زائد اور مجموعی مالیت تقریباََ 72 ارب ڈالر ہے۔

    اس کمپنی نے جوگیوں اور سادھوؤں کی سرزمین بھارت کو عالمی سطح پر ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس اور مواقع کی سر زمین میں بدل دیا ہے۔

    یہ کمپنی بین الاقوامی سطح پر مالیاتی خدمات، ریٹیل، مواصلات، توانائی، انسانی وسائل، سافٹ ویئر، اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور لائف سائنسز میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے اور اس کے بھارت سمیت دنیا بھر میں ملازمین کی تعداد تقریباََ ساڑھے تین لاکھ ہے۔

    آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہوگی کہ کئی سربراہانِ مملکت اس کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر چکے ہیں۔

    جنوری 1981 میں کرناٹک کے ایک انجنیئر این آر نارائن مورتھی نے اپنے 6 انجنیئرز کے ساتھ ایک کمپنی بنانے کا ارادہ کیا، اور 6 ماہ بعد 2 جولائی 1981 کو نارائن مورتھی نے اپنی بیوی سودھا مورتی سے کچھ رقم ادھار لے کر انفوسز کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے کمپنی رجسٹرڈ کروائی اور قرضے سے خریدے گئے اپنے گھر کے ایک کمرے میں دفتر بنا لیا۔

    انفوسز کے تحت انھوں نے آئی ٹی خدمات کی آؤٹ سورسنگ کا کام شروع کیا لیکن پہلے 2 برس تک انھیں کوئی کلائنٹ نہیں ملا، 1983 میں امریکا کی ڈیٹا بیسکس کارپوریشن نے اس کمپنی کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کا پہلا آرڈر دیا، اور پھر اس کے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

  • دنیا کا واحد ملک جہاں لڑکی موٹی ہو تو رشتوں کا تانتا بندھ جاتا ہے

    دنیا کا واحد ملک جہاں لڑکی موٹی ہو تو رشتوں کا تانتا بندھ جاتا ہے

    کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں لڑکی موٹی ہو تو رشتوں کا تانتا بندھ جاتا ہے۔

    ماریطانیہ دنیا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں عورت کی خوب صورتی کا معیار اس کا موٹاپا ہوتا ہے، یعنی موٹی لڑکیوں کو خوب صورت سمجھا اور مانا جاتا ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ ماریطانیہ میں موٹاپا عورت کی خوب صورتی کا واحد اور بنیادی معیار ہے، 55 فی صد مرد یہ سمجھتے ہیں کہ دبتلی پتلی عورت خوب صورت نہیں ہوتی جب کہ 60 فی صد عورتوں کا خیال ہے کہ موٹاپا ان کی خوب صورتی میں اضافے کا باعث ہے۔

    ماریطانیا کے شہری علاقے ہو یا دیہی، وہاں شادی کی عمر کو پہنچنے والی لڑکیوں کو مرغن غذائیں کھلا کے موٹا کیا جاتا ہے، بیش تر گھر والے لڑکیوں کو فربہ بنانے کے لیے گھریلو ٹوٹکے اور بعض اوقات ادویہ کا سہارا بھی لیتے ہیں۔

    ان کا خیال ہے کہ دبتلی پتلی لڑکی کا رشتہ مانگنے کوئی نہیں آتا جب کہ لڑکی موٹی ہو تو رشتوں کا تانتا بندھ جاتا ہے۔

    لڑکی اگر دبلی پتلی ہو تو یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس کا تعلق غریب خاندان سے ہے، دوسری طرف خشک سالی کا بار بار شکار ہونے والے اس ملک میں موٹاپا کھاتے پیتے گھرانے سے ہونے کی نشانی سمجھا جاتا ہے، اس کے لیے لڑکیوں کو زبردستی بھی کھلایا پلایا جاتا ہے۔

    ماریطانیا کے صحافی جمال عمر نے اس حوالے سے بتایا کہ ملک میں یہ تصور عام ہی نہیں بلکہ بہت قدیم اور تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے، ماریطانیا میں دبتلی پتلی لڑکیوں کو پسند نہیں کیا جاتا جب کہ فربہ خواتین کو معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

    مقامی صحافی کے مطابق ماریطانیہ میں مغرب کے اس تصور کا مذاق اڑایا جاتا ہے کہ لڑکی جتنی دبتلی پتلی ہوگی اتنی خوب صورت مانی جائے گی۔

  • ’دھانی جلد ہی واپس لوٹے گا‘

    ’دھانی جلد ہی واپس لوٹے گا‘

    پاکستان سُپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے انجری کے باوث ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد پہلا بیان جاری کیا ہے۔

    شاہنواز دھانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اپنی ٹیم ملتان سلطانز کو کچھ عرصے کے لیے چھوڑنے پر بہت غمزدہ ہوں، اپنی انگلی کا آپریشن کرا کر جلد از جلد واپس آؤں گا۔

    ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر انجرڈ، ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا امکان

    سندھ سے تعلق رکھنے والے دھانی نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ ٹیم میں ہر کسی کو بہت یاد کروں گا، خاص طور پر اپنے مداحوں کو، یاد رکھیے گا دھانی جلد ہی واپس لوٹے گا’۔

                       ایک اور ٹوئٹ میں فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ‘یہ بھی یاد رکھیں کہ ہماری ٹیم اس لیگ میں سب سے مضبوط ٹیم ہے، ہمارے نوجواب بولرز بھی تباہ کن ہیں، وہ آئندہ میچز میں بیٹرز کے لیے مسائل پیدا کرسکتے ہیں’۔

    شاہنواز دھانی نے مزید کہا کہ ‘مجھے ذاتی طور پر یقین ہے کہ ابھرتے ہوئے نوجوان بولر احسان اللہ اس سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی ہوں گے’۔

    خیال رہے کہ شاہنواز دھانی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد محمد الیاس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی کا فیصلہ

    پنجاب میں سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی شروع کردی گئی ہے جبکہ سائبر پٹرولنگ سافٹ ویئر سے مزید آٹومیٹک سرویلنس بھی شروع کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف سائبر پٹرولنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی سرویلنس شروع کردی گئی ہے، سائبر پٹرولنگ سافٹ ویئر سے سوشل میڈیا پر آٹو میٹک سرویلنس کا آغاز ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق 1 لاکھ 27 ہزار 131 سائٹس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو رپورٹ کی گئی ہیں جبکہ 74 ہزار 223 سائٹس کو بلاک کروا دیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سائبر پٹرولنگ سے ہائی پروفائل کیسز کو ٹریس کیا جاسکے گا یا ان کی مکنہ منصوبہ بندی کا علم ہو سکے گا۔

  • دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    روم: اٹلی میں ایک عمارت کی محراب کے اندر ایک درخت موجود ہے جو الٹا زمین کی طرف لٹک رہا ہے، اس پر کبھی کبھار انجیر کا پھل بھی اگ آتا ہے۔

    بایائے نامی آثارِ قدیمہ میں ایک قدیم محراب بنی ہے جو رومیوں کے عہد میں تعمیر کی گئی تھی، اس غار نما محراب کی چھت کے عین درمیان میں انجیر کا یہ درخت لگا ہوا ہے اور اب بھی بڑھ رہا ہے۔

    ماہرین ہوں یا عام افراد کوئی بھی یہ بتانے سے قاصر ہے کہ یہ درخت آخر کس نے اگایا یا کس طرح نمو سے گزر رہا ہے؟ تاہم اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ یہ شجر مضبوط ہورہا ہے اور کبھی کبھار اس پر انجیر بھی اگ آتی ہے۔

    بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اینٹ گارہ بنانے کے دوران انجیر کا بیج بھی پلستر میں مل کر محراب کا حصہ بن گیا اور مناسب ماحول کی وجہ سے اگ آیا تھا۔

    واضح رہے کہ یہ انجیر کی قدیم ترین قسم بھی ہے جو دنیا میں کئی مقامات پر ملتا ہے۔ 9 ہزار 400 قبل مسیح میں اردن کی وادی میں بھی اسی قسم کی انجیر اگتی تھی جس کے رکاز (فاسل) بھی ملے ہیں۔

    انجیر کے یہ درخت خشک اور دھوپ والے مقامات پر افزائش پاتے ہیں اور پانی کی معمولی مقدار ہی ان کے لیے کافی ہوتی ہے، تاہم الٹے درخت کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں جو بلاشبہ ایک نباتاتی عجوبہ ہے۔