Tag: 75th independence day

  • 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، ملک بھر میں آج 75 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

    31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، ملک بھر میں آج 75 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

    لاہور: ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

    پاکستان کا پچھتر واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    فوجی جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوش حالی کی دعائیں کی گئیں۔

    مصور پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزار پر بھی گارڈز تبدیل ہوئے اور پاک بحریہ کے کیڈٹس نے ذمہ داری سنبھال لی۔

    اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزرا، ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی اور اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوئی۔

    لاہور میں ایوب اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی۔

  • یوم آزادی پر75روپے کے نوٹ کا ڈیزائن، اسٹیٹ بینک نے حقیقت بتادی

    یوم آزادی پر75روپے کے نوٹ کا ڈیزائن، اسٹیٹ بینک نے حقیقت بتادی

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے 75 روپے کے کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کو جعلی قرار دے دیا۔

    اسٹیٹ بینک کے ٹوئٹر ہینڈل سے گزشتہ روز کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر یادگاری کرنسی نوٹ کا ڈیزائن جعلی ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اسٹیٹ بینک واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر جاری کیے جانے والے یادگاری بینک نوٹ کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والا ڈیزائن جعلی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وفاقی کابینہ نے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی ہے تاہم گذشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر75 روپے کے نوٹ کا ڈیزائن گردش کر رہا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی ٹویٹ کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ غسان نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ یہ بہت اچھا لگ رہا ہے، اسے بس پرنٹ کردیں۔

    ڈاکٹر مبشر نے لکھا کہ جی یہ جعلی لگ رہا ہے کیونکہ اس کی پچھلی طرف 75 کی بجائے 57 لکھا ہوا ہے۔

    انس رضا نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ 75 روپے کا نوٹ تو ہوگا لیکن اس کا یہ ڈیزائن نہیں ہوگا، اسٹیٹ بینک نے واضح کر دیا ہے۔ ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا کہ ہم ویسے بھی دیوالیہ ہو رہے ہیں لہٰذا کوئی فرق نہیں پڑتا۔