Tag: 8 محرم الحرام

  • 8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہو گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

    جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی گئی ہیں، جلوس میں شریک عزادار ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے گزرے گا، جلوس جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا انار کلی پہنچے گا۔

    ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں 58 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، لاہور میں 3600 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج 1365 جلوس اور 3940 مجالس کا انعقاد ہوگا جبکہ لاہور میں آج 86 جلوس، 416 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار سیکیورٹی میں معاونت کررہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش، اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر طے شدہ مقامات پر مجالس وجلوس کی اجازت نہیں ہوگی،  سیف سٹیز اتھارٹی وضلعی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی اور کارروائی جاری ہے، تمام اضلاع کےکنٹرول رومز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہے۔

  • 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، سخت سیکیورٹی انتظامات

    8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، سخت سیکیورٹی انتظامات

    کراچی: 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ بارہ امام پر دیر قیام کریگا، علم پر پھولوں کی تبدیلی کے بعد جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچے گا۔

    پولیس حکام کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس کے دستے جلوس کے آگے چلیں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینر رکھ کر سیل کر دیا گیا ہے۔

    رینجرز اور پولیس کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے گزرگاہوں کی سوپئنگ کی جائیگی، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جلوس کی گزرگاہوں پر سوئپنگ کرے گا۔

    پولیس حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کلیئرنس کے بعد جلوس کو آگے بڑھایا جائے گا، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں کے اہلکار بھی جلوس کی نگرانی کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں اے این پی آر کیمروں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی جائے گی، ماہر نشانہ باز اہلکار بلند و بالا عمارتوں پر تعینات کردیے گئے۔

    9 اور 10 محرم تعطیلات: نادرا کی جانب سے اہم اعلان

    جلوس کے روٹ، متصل بازار اور گلیاں سیل کردی گئیں ہیں، جلوس کے روٹ پر ٹریفک کوگرومندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق گاڑیوں کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، 8 محرم کا جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

  • 8 محرم الحرام کا جلوس :  ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا

    8 محرم الحرام کا جلوس : ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا

    کراچی : 8 محرم الحرام کے جلوس کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا اور گزرگاہ پر موجود دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اٹھ محرم کا جلوس دوپہر بارہ بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    جلوس کی گزرگاہ پر موجود دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، جلوس کی حفاظت پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ رینجرز کے پندرہ سو سے زائد اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔

    آٹھ، نو اور دس محرم کو ایم اےجناح روڈ ٹریفک کیلئے مکمل بند ہوگا جبکہ سولجر بازار اور کوریڈور تھری کو متبادل روٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا جبکہ شارع فیصل کو بھی متبادل روٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

    انتظامیہ کے مطابق آٹھ، نو اور دس محرم کو گرین لائن بس سروس معطل رہے گی۔

  • شہدائے کربلا کی یاد، ملک بھرمیں آٹھ محرم کے جلوس برآمد، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    شہدائے کربلا کی یاد، ملک بھرمیں آٹھ محرم کے جلوس برآمد، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    کراچی : ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے جلوس آج نکالے جارہے ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، مختلف شہروں میں جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ  دکانیں سیل کردی گئیں ہیں ۔

    شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے ، امن وامان یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے گزر گاہوں کے قریب موبائل فون سروس معطل ہے ۔

    کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہرایک بجے برآمد ہوگا، جلوس کی برآمدگی سے قبل نشترپارک میں مجلس ہوگی، نمازظہرین پونے ایک بجے خراسان میں اور نماز مغربین عزادار امام بارگاہ بارہ امام پر ادا کریں گے جبکہ جلوس مقررہ راستوں سے ہوکرحسینیان ایرانیان پراختتام پذیر ہوگا۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ کا کہنا ہے موبائل سروس ماتمی جلوس کے روٹس پرصبح دس سے رات نو بجے تک معطل رہےگی، کراچی میں جلوس کی گزر گاہوں کے قریب دکانیں سیل کردی گئیں ہیں جبکہ تیرہ ہزار پولیس اہلکار سیکورٹی پر مامور ہیں۔

    کراچی ٹریفک پولیس نے آٹھ ، نو اور دس محرم کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا ہے، کسی بھی قسم کےٹریفک کوگرومندرسےآگےجانےکی اجازت نہیں ہوگی، صرف پاسز والی گاڑیاں جلوس مقام تک جاسکیں گی۔

    لاہور میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربار حسین موری گیٹ سے برآمد ہوگا جو لوہاری، انارکلی، مال روڈ سے گزرتا ہوا پام اسٹریٹ انارکلی پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

    کراچی اور اسلام آباد میں آج سے دس محرم رات بارہ بجے تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اوردیگرشہروں میں موبائل سروس بند ہے۔

    دوسری جانب سکھر ،حاصل پور ،بہاولپورسمیت مختلف علاقوں میں سیکورٹی سخت ہے، آٹھ محرم کے جلوس میں آنے والوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔

    کراچی ٹریفک پولیس نے آٹھ ، نو اور دس محرم کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا ہے، کسی بھی قسم کےٹریفک کوگرومندرسےآگےجانےکی اجازت نہیں ہوگی، صرف پاسز والی گاڑیاں جلوس مقام تک جاسکیں گی۔