Tag: 8 کھلاڑی

  • ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    بھارت (29 اگست 2025): رواں سال انڈین کرکٹ کے ایک دو نہیں بلکہ 8 کھلاڑی کھیل کو الوداع کہہ چکے جب کہ مزید کا میدان چھوڑنے کا امکان ہے۔

    بھارت جو اس وقت نہ صرف ٹی 20 کا عالمی چیمپئن ہے بلکہ چیمپنز ٹرافی بھی جیتی ہوئی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے نظر انداز کرنے پر سینئر کھلاڑی آہستہ آہستہ کرکٹ سے کنارہ کش ہو رہے ہیں۔ 2025 کے ابتدائی 8 ماہ ابھی پورے بھی نہیں ہوئے لیکن بلیو شرٹس کے 8 کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ چکے۔ اگر اس سال کو بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

    روہت شرما:

    بھارتی کرکٹ شائقین کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب ایک سال میں اپنے ملک کے لیے دو ٹرافیاں (ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی) جیتنے والے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے کچھ عرصہ بعد اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    روہت شرما گوکہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے فوری بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں نظر انداز کرنے پر سینئر بیٹر اتنے مایوس ہوئے کہ طویل دورانیے کی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

    اس موقع پر بھی انہوں نے ون ڈے کرکٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا، لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی منتخب نہ کیے جانے پر ان کی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔

    ویرات کوہلی:

    بھارت کے ریکارڈ ساز بلے باز اور تن تنہا اپنے ملک کو کئی فتوحات دلانے والے سپر اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی کپتان کی تقلید کرتے ہوئے 2024 میں ٹی 20 فارمیٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی توجہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھیں گے۔

    تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما جیسی کہانی ویرات سے دہرائے جانے پر انہوں نے بھی اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، جس نے ان کے پرستاروں کو حیران اور افسردہ کر دیا اور اب ون ڈے کے لیے بھی نظر انداز کیے جانے پر ان کے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ کو الوداع کہنے کی افواہیں ہیں۔

    روی چندرن ایشون:

    بھارت کے مایہ ناز اسپنر آل راؤنڈر روی چندرن ایشون نے رواں برس کے آغاز میں دورہ آسٹریلیا کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل کنارہ کش ہونے کا اعلان کیا۔ 106 ٹیسٹ میں 537 وکٹیں لینے اور 3503 رنز بنانے والے آل راؤنڈ کے ٹیسٹ سیریز کے دوران پریس کانفرنس کے ذریعہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے پر بھی بھارتی شائقین حیرت زدہ رہ گئے۔

    چیتشور پجارا:

    بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور طویل عرصہ تک بلیو شرٹس کے مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے چیتشور پجارا نے حال ہی میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    پیوش چاؤلہ:

    بھارتی لیگ اسپنر پیوش چاولہ نے بھی رواں برس ریٹائرمنٹ لے لی۔ انڈین میڈیا کے مطابق چاؤلہ کے عرصہ دراز سے بی سی سی آئی کی جانب سے سلیکشن کے لیے نظر انداز کیے جانے پر مایوس ہو کر یہ قدم اٹھایا۔

    ریدھیمان ساہا:

    وکٹ کیپر بلے باز ریدھیمان ساہا بھی سال رواں کرکٹ کو الوداع کہنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں آتے ہیں۔ 40 ٹیسٹ اور 9 ون ڈے میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے ریدھیمان بھی بی سی سی آئی کے رویے سے نالاں رہے۔

    ورون آرون:

    بھارتی پیسر ورون آرون نے بھی اس سال تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اس اعلان سے قبل وہ بھارت کے لیے 9 ٹیسٹ اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے تھے۔

    رشی دھون:

    بھارتی آل راؤنڈر رشی دھون نے رواں سال محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ وہ اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ تاہم سلیکشن کمیٹی نے اب تک انہیں ٹیسٹ کرکٹ کا اہل نہیں جانا ہے اور امکان ہے کہ ان کا کرکٹ کیریئر بھی اختتام پذیر ہو چکا ہے۔

    سال 2025 ختم ہونے میں ابھی 4 ماہ باقی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ مزید کچھ کھلاڑی میدان چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سینئر فاسٹ بولر محمد شامی کے جلد ریٹائرمنٹ لینے کی اطلاعات ہیں اور اس کو تقویت اس سے ملتی ہے کہ محمد شامی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر بی سی سی آئی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب نہیں کرتی ہے تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھیں گے۔