Tag: 8 Year Old Boy

  • کراچی : اغوا میں ناکامی پر 8 سالہ بچے کے سر میں گولی مار دی

    کراچی : اغوا میں ناکامی پر 8 سالہ بچے کے سر میں گولی مار دی

    کراچی (31 جولائی 2025) گلشن معمار میں اغوا میں ناکامی پر فائرنگ سے 8 سالہ بچہ کے جاں بحق ہونے واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے والد کی مدعیت میں 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کو 4 ملزمان نے ذاتی رنجش پراغوا کرنے کی کوشش کی، بچے کے شور مچانے پرملزمان نے سر میں گولی مار کر بچے کو قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان میں وسیم، بشیر، محسن اور اقبال شامل ہیں، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی تلاش جاری ہے۔

    مقتول بچے کے والد اللہ بچایا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری خاندان میں دشمنی چل رہی ہے، مخالفین نے میری بیوی اور ایک بچے کو پہلے سے اغوا کیا ہوا ہے۔

    اللہ بچایا کے مطابق 4 افراد آج میرے ایک اور بچے کو اغوا کرنے کیلیے آئے تھے، مخالفین کا کہنا ہے کہ صلح کرلو لیکن میں راضی نہیں تھا۔

    بچے کے والد نے مزید بتایا کہ اغواکے دوران بچے نے شور مچایا تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے میرا بیٹا سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جان سے چلا گیا، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

  • گوجرانوالہ : 8 سالہ مغوی بچے کی مدفون لاش برآمد

    گوجرانوالہ : 8 سالہ مغوی بچے کی مدفون لاش برآمد

    گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد نے بچے کو اغوا اور قتل کرکے اس کی لاش گھر کے قریب پلاٹ میں دفنا دی, پولیس نے مغوی بچے کی مدفون لاش برآمد کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاقے منڈیالہ تیگہ سے چار روز قبل اغوا ہونے والے 8 سالہ مغوی بچے کی مدفون لاش مل گئی۔

    پولیس کے مطابق 8 سالہ شایان عمر کی لاش گھر کے قریب ایک پلاٹ سے ملی، اغواکاروں نے بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش دفنا دی تھی۔

    مقتول شایان عمر 4 روز قبل گھر کے قریب سے کھیلتے ہوئے اغوا ہوا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واردات کے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

    گوجرانوالہ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، جبکہ بچے کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ پہلے سے درج ہے۔

  • 8 سالہ بچے نے چھوٹی بہن کی جان بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی

    8 سالہ بچے نے چھوٹی بہن کی جان بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی

    امریکا میں ایک 8 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو مرگی کا دورہ پڑتے دیکھا تو اسے بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی۔ پولیس نے بچے کی حاضر دماغی پر اسے تعریفی اسناد سے نوازا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس میں پیش آیا جہاں ایک 5 سالہ بچی کینیڈی کو مرگی کا دورہ پڑا۔ بچی کی ماں کے مطابق جب وہ نیند سے اٹھی تو اس نے دیکھا کہ بچی کا جسم اکڑا ہوا تھا، وہ زور زور سے رو رہی تھی اور چلا رہی تھی۔

    بچی کو ڈائبیٹک سیزر کا مرض لاحق تھا جس میں بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بالکل نیچے چلی جاتی ہے جس کے بعد مرگی کا دورہ پڑجاتا ہے۔

    ایسے موقع پر جب ماں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اس کے حواسوں نے کام کرنا چھوڑ دیا، 8 سالہ بچے نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 911 پر کال کردی جس کے بعد پولیس نے بروقت پہنچ کر بچی کو ایمبولینس منتقل کیا۔

    ماں کا کہنا ہے کہ اس کی بچی کو پہلی بار مرگی کا دورہ پڑا تھا اور اسے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کرے، اس کے بیٹے نے بروقت صحیح قدم اٹھایا اور اسے اپنے بچے کی ذہانت پر بے حد فخر ہے۔

    پولیس نے بھی بچے کی حاضر دماغی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے تعریفی اسناد سے نوازا۔