Tag: 9 مئی

  • شہداء کے غمزدہ گھر والوں کا 9 مئی کے شرپسندوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

    شہداء کے غمزدہ گھر والوں کا 9 مئی کے شرپسندوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

    اسلام آباد: شہداء کے غمزدہ گھر والوں نے  9 مئی کے شرپسندوں کو کڑی سزا  دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوۓ حوالدار شعیب علی شہید کی غمزدہ اہلیہ کا کہنا ہے کہ 9 مئ کا جو سانحہ پیش آیا اسکا ہمیں بہت زیادہ دکھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی چھوٹی سی چیز کو نیچے گرنے نہیں دیتے اور شرپسندوں نے شہداء کی تصویروں اور پاک فوج کی تنصیبات کو اس قدر پائمال کیا۔ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں اور چیف آف آرمی سٹاف سے یہ اپیل کرتی ہوں کہ ان شرپسندوں کو سخت سے سخت سزا دی جاۓ۔

    حوالدار شعیب علی شہید کی غمزدہ اہلیہ نے کہا کہ یہ نہ صرف پاک فوج کے دشمن ہیں بلکہ میرے، آپکے، ہمارے ملک کے دشمن ہیں۔ 9 مئی کے  شرپسند واقعات نے شہداء کے بچوں کو شدید دکھ پہنچایا۔

     شہید نائب صوبیدار محمد فاروق عباسی کی بیٹی کا کہنا تھا کہ میرے بابا نے سیاچن گلیشئرز پر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوۓ شہادت نوش کی، یہ میرے لیے فخر کا باعث ہے۔

    شہید کی بیٹی دکھ تو ہوتا ہے لیکن شہادت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی، مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کی بیٹی ہوں۔

    شہید کی بیٹی نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے بارے میں کہنا چاہوں گی کہ  میں اسکی مذمت کرتی ہوں جو بھی ہوا وہ بہت دل سوز واقعہ تھا، آج اس ملک میں ہم بیٹھے ہیں تو صرف ہمارے شہداء کے خون کی وجہ سے، انکی قربانیوں کی وجہ سے ہم یہاں سکون سے راتوں کو سوتے ہیں۔

    شہید نائب صوبیدار محمد فاروق عباسی کی بیٹی کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کو سزا ملنی چاہیے، میں سمجھتی ہوں کہ یہ میرے بابا کے دشمن ہیں ، یہ میرے ملک کے دشمن ہیں۔ میں اپنے لیڈرز کو پیغام دینا چاہوں گی کہ آپکی جو بھی سیاسی اور جو بھی آپکے مابین کرائسس ہیں آپ اپنے تک رکھیں۔

    شہید کی بیٹی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے اس ملک کو ہم نے اپنا خون دیا ہے۔ یہاں پہ ہمارے لوگ شہید ہوۓ ہیں انہوں نے اس مٹی کو ذرخیز کیا ہے اپنے خونوں سے، تو پلیز اپنے سیاسی مفاد کے لیے اس ملک کے ساتھ ایسا نہ کریں۔ یہ ہم سب کا ملک ہے۔

  • جناح ہاؤس لاہور حملے کا ایک اور مرکزی شر پسند حاشر خان درانی بے نقاب

    جناح ہاؤس لاہور حملے کا ایک اور مرکزی شر پسند حاشر خان درانی بے نقاب

    اسلام آباد: جناح ہاؤس لاہور حملے کا ایک اور مرکزی شر پسند بے نقاب ہو گیا، جس نے حیران کُن انکشافات اور اعترافات کر لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نو مئی کو جناح ہاؤس لاہور پر حملے کا ایک اور مرکزی ملزم شر پسند حاشر خان درانی بے نقاب ہو گیا ہے، حاشر خان سیاسی جماعت کے یوتھ ونگ لاہور کا انفارمیشن سیکریٹری ہے۔

    حاشر خان دورانِ حملہ چیخ چیخ کر انقلاب کے نعرہ لگاتا رہا ’’لوگوں انقلاب مبارک ہو، ہم فوجیوں سے جان چھڑائیں گے‘‘ ’’اس ملک کا فیصلہ چار جرنیل نہیں کر سکتے۔‘‘

    حاشر خان درانی نے انکشاف کیا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کی منصوبہ بندی پہلے سے زمان پارک میں کی گئی تھی، پارٹی کی قیادت نے یہ منصوبہ بنایا، اس کی لیڈر شپ میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور شیخ امتیاز شامل تھے۔

    حاشر خان نے بتایا کہ پہلے سے پلاننگ کے تحت ہم نے حملہ کیا یہ حملہ اس بیانیے کی عکاسی تھا جو چیئرمین نے فوج کے خلاف ہمارے زہنوں میں بھرا تھا اور وہی اثر انداز ہوا۔

    حاشر نے کہا میں بھی حملہ کے وقت وہاں موجود تھا، میں نے بھی ویڈیو بنائی، لوگوں کو اُکسایا کہ لوگوں انقلاب آ گیا اور جھنڈا لہرا کر کہا کہ یہ کور کمانڈر ہاؤس نہیں بلکہ خان ہاؤس ہے، اس سب عمل کے دوران فوج کا رویہ بہت مثبت تھا، ہماری فوج نے کسی عام شہری کو تنکے کا بھی نقصان نہیں پہنچایا۔

  • 9 مئی: شرپسندوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل

    9 مئی: شرپسندوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل

    اسلام آباد: عوام نے سروے میں پر زور مطالبہ کیا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث ملک دشمن عناصر کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے دل خراش واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام نے شرپسندوں اور سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کر دی۔

    عوام کا کہنا تھا کہ واقعہ 9 مئی کے شرپسندوں نے ملک میں انارکی کو پروان چڑھایا جو دراصل پاکستان کی سرحدوں کے محافظوں کے بھی دشمن ہیں۔

    عوامی رائے کے مطابق "اصل ذمہ داران اور مرکزی قیادت کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی ہونی چاہیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے”۔

    عوام نے مایوس ہو کر کہا کہ سول عدالتوں کے کمزور نظامِ انصاف کی وجہ سے یہ عناصر بچ نکلتے ہیں تاہم ملٹری کورٹس کے زریعے انکو سزائیں دی جائیں۔

  • 9 مئی: جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کرنے والا سیاسی جماعت کا ایک اور شرپسند منظرِ عام پر آ گیا

    9 مئی: جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کرنے والا سیاسی جماعت کا ایک اور شرپسند منظرِ عام پر آ گیا

    اسلام آباد: 9 مئی کو جناح ہاؤس لاہور میں سیاسی جماعت کا ایک اور شرپسند منظرِ عام پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں واقع جناح ہاؤس پر نو مئی کو حملہ کرنے والے شرپسندوں میں ایک اور کی شناخت سامنے آ گئی ہے، ویڈیو میں نظر آنے والا سیاسی جماعت کا شرپسند علی شان ولد نور محمد ہے۔

    علی شان نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں قائد سے منسوب یادگاری نوادرات کو نقصان پہنچایا، ویڈیو میں شرپسند علی شان کی جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    سانحہ 9 مئی میں ملوث دیگر شرپسندوں کی شناخت اور گرفتاریوں کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

  • جناح ہاؤس واقعے کے شرپسندوں کا ایک اور مرکزی سرغنہ بے نقاب، ہوش رُبا انکشافات

    جناح ہاؤس واقعے کے شرپسندوں کا ایک اور مرکزی سرغنہ بے نقاب، ہوش رُبا انکشافات

    اسلام آباد: جناح ہاؤس واقعے کے شرپسندوں کا ایک اور مرکزی سرغنہ بے نقاب ہو گیا ہے، اور ہوش رُبا انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو جناح ہاؤس لاہور حملے کے مرکزی شرپسندوں میں علی رضا اوکاڑہ سے حملہ کرنے آیا تھا، شرپسند علی رضا نے بتایا کہ پارٹی قیادت کی تقاریر اس کی فوج دشمنی کا سبب بنی ہیں۔

    علی رضا نے کہا ’’میں 9 مئی کو پہلے سے طے شدہ پلان کے مطابق شرپسندی کا حصہ بنا، زمان پارک میں طے پلان میں حسان نیازی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری و دیگر شامل تھے۔‘‘

    اس نے کہا ’’میں رہنماؤں کے ساتھ مل کر لاہور کور کمانڈر ہاؤس پر جلاؤ گھیراؤ کا حصہ بنا، اور فوج مخالف تقاریر سے متاثر ہو کر ہم لوگ جلاؤ گھیراؤ کا حصہ بنے۔‘‘

  • جھوٹ گھڑنے والے نے 9 مئی کا ملبہ بھی کارکنوں، رہنماؤں پر ڈال دیا، مریم اورنگزیب

    جھوٹ گھڑنے والے نے 9 مئی کا ملبہ بھی کارکنوں، رہنماؤں پر ڈال دیا، مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جھوٹ گھڑنے والے نے 9 مئی کا ملبہ بھی کارکنوں، رہنماؤں پر ڈال دیا۔

    ن لیگ کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ہر غلط کام خود کیا، ہر بار پکڑے جانے پر الزام دوسروں کو دیا، فسادی کے بھڑکانے پر پاکستان کو جلایا، قومی وقار ، شہدا کی بے حرمتی کی۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہی کام اس نے فارن فنڈنگ کا ملبہ پارٹی رہنماؤں پر ڈال کر کیا،  1 کروڑ نوکری، 50 لاکھ گھر، سائفر، تاریخی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالا، یہ وہ شخص ہے جس نے آئین، قانون، امانت کی ہر لکیر پارکی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کارکنوں، رہنماؤں کے دل، ذہن نفرت کے زہر سے بھر کر سانحہ 9 مئی کرایا، اب جھوٹ بول رہا ہے کہ میں ذمہ دار نہیں، یہ ہے وہ محسن کشی جس پر سب لوگ چھوڑ چھوڑ کر جارہے ہیں۔

  • پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    کراچی: حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے 9 مئی کے واقعے کے خلاف پاک فوج سے اظہار یک جہتی کا بیان جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر صبغت اللہ راشدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی سالمیت اور استحکام کی علامت ہے، اور ہر محب وطن پاکستانی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    پیر پگارا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج فیڈریشن کی واحد علامت ہے، فوج نے بطور ادارہ وطن کی سلامتی، اس کے دفاع اور زلزلے اور دوسری قدرتی آفات کے مواقع پر شان دار خدمات انجام دی ہیں۔

    انھوں نے کہا ’’ہم اپنی مسلح افواج کی بدولت رات کو چین و اطمینان کی نیند سوتے ہیں، یہی بہادر فوج ہے جس کے افسر اور جوانوں نے وطن عزیز کی خاطر کبھی اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی۔‘‘

    پیر پگارا نے کہا فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

  • 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ

    9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ

    کراچی : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے   9 مئی کو جلاؤگھیراؤ میں ملوث پی ٹی آئی کے 200سے زائد رہنماؤں اورکارکنوں کے نام ایگزٹ پوائنٹس پرڈال دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ، دو سو سے زائد اہم رہنماوں اور کارکنوں کے نام ملک کے تمام ایگزٹ پوائنٹس پر فراہم کردئیے گئے۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ فہرست میں شامل نام مختلف اداروں کو مقدمات میں مطلوب ہیں، ناموں کی فہرست کراچی سمیت تمام ایئرپورٹس، سی پورٹس پر امیگریشن حکام کو فراہم کی گئی ہے۔

    فہرست میں موجود افراد کی بیرون ملک روانگی کو ہرصورت روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    گزشتہ روز ایف آئی اے نے بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر ملک مخالف مہم چلانیوالے پاکستانیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو ریڈ نوٹسز جاری کئے جائیں گے، انٹرپول اور متعلقہ سفارتخانےریڈ نوٹس کے حوالے سے معاونت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے منفی پروپیگنڈا کرنا پیکا ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

  • ‘ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع ‘

    ‘ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع ‘

    اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پرحملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے، ایک دوروزمیں ٹرائلز شروع ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کوفوجی تنصیبات پرحملہ کرنےوالوں کیخلاف کارروائی شروع کردی، سویلین ٹرائلز کے لئے کسی نئے قانون اور خصوصی عدالتوں کی ضرورت نہیں۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی نیا قانون یا خصوصی عدالت نہیں بنا رہے، افواج پاکستان میں عدالتی نظام پہلے سے موجود ہے، موجودہ قوانین کے تحت سویلین کے ٹرائلز کئے جائیں گے۔

    خواجہ آصف نے بتایا کہ فوج میں مستقل ادارے موجود ہیں جو فیصلے کرتے رہتے ہیں، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ان میں سویلین کا بھی ٹرائل ہوتاہے، پی ٹی آئی دور میں ان عدالتوں سے 6 افراد کو پھانسی کی سزا ہوئی تھی، پھانسی کی سزا پانے والوں میں5 سویلین اورایک آرمی آفیشل تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر کہ کوئی نئی قانون سازی یا عدالتیں بنائی جارہی ہیں قطعاً غلط ہے، یقینی بنایا جائے گا کہ فوجی عدالتوں میں وہی لوگ پیش ہوں جوملوث تھے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ فوج میں ٹرائلز ہوتے رہتے ہیں، ملٹری کورٹس میں کیسز کے لئے قانونی ماہرین موازنہ کرکے بھجوائیں گے، ملوث افراد حراست میں ہیں ایک دوروزمیں ٹرائلز شروع ہوجائیں گے تاہم سویلین املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے ٹرائل اےٹی سی میں ہوں گے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ بین الاقوامی سطح پرہیومن رائٹس کی پامالی کا سوال اٹھ رہاہے؟ جس پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب شہریوں کو پکڑ کر باہر بیچا گیا اس وقت انسانی حقوق پامال نہیں ہوئے، جب مشرف پیسے لیکر لوگوں کو بیچتا تھا اس وقت دنیا کا ضمیرنہیں جاگاتھا، کیا دنیا کا ضمیرمصلحت کے تحت ہی جاگتا ہے؟

    انھوں نے واضح کیا کہ ہماری حکومت کسی بےگناہ کےخلاف کارروائی نہیں کررہی، جس کیخلاف ثبوت نہیں اس کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے۔

    نواز شریف کی واپسی کے سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے پاکستان آجائیں گے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا آئی ایم ایف کا بوجھ نگراں حکومت نہیں اٹھا سکتی، صرف معاشی صورتحال کی وجہ سے حکومت کو جاری رکھا، بہترین موقع تھا گزشتہ سال اپریل میں یا جون جولائی میں الیکشن کرادیتے لیکن اس وقت ڈر تھا ملک 100 فیصد ڈیفالٹ ہوجانا تھا۔

    مہنگائی سے متعلق انھوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہیں ہونا چاہیے تھا مگرقیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔

  • جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور ملزم کے اعترافی بیان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور ملزم کے اعترافی بیان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور: 9 مئی کو جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ کرنے والے میں ملوث ملزم کے اعترافی بیان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم نعمان شاہ 9 مئی کو جناح ہاؤس گیا، جلاؤ گھیراؤ میں حصہ لیا اور ویڈیو بنائی، سوشل میڈیا پر سانے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم جناح ہاؤس پر حملے کے دوران ساتھی شرپسندوں کو اکساتا رہا۔

    پی ٹی آئی رہنما نعمان شاہ کی 9 مئی جناح ہاؤس سے سامنے آنے والی ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ یہ دیکھیں کورکمانڈر  ہاؤس کو آگ لگا دی ہے۔

    نعمان شاہ نے اعترافی بیان میں کہاکہ یہ سب کچھ میں نے پی ٹی آئی قیادت کے بہکاوے میں آکرکیا، میں نے فوج کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی، میں اس پر شرمندہ ہوں اور معافی کا طلبگار ہوں۔

    واضح رہے کہ رپورٹ کے مطابق نعمان شاہ صدرکینٹ لاہور کا رہائشی اور وارڈ نمبر 2 کا سینئر نائب صدر ہے۔