Tag: 9 wedding guests die

  • باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    بھارت کے مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں، شادی کی تقریب سے لوٹ رہے 9 افراد سڑک حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق باراتی جمعہ کی صبح

    جھارکھنڈ واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک خوفناک سڑک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق نیمڈیہ بلاک کے تلائی تاڑ گاؤں کے 9 افراد ایک گاڑی میں شادی کی بارات لے کر مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے بلرام پور میں واقع ادابنا گاؤں گئے تھے۔

    شادی کی تقریب ختم ہونے کے بعد یہ تمام لوگ جمعہ کی صبح جھارکھنڈ-مغربی بنگال سرحد پر نامشول کے پاس سے گزر رہے تھے۔ جہاں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹریلر الٹ گیا اور بولیرو میں سوار تمام 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حادثے کی اطلاع ملتے ہی وقوعہ پر پہنچی اور تمام لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کیا، مقامی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹریلر ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد نیمڈیہ لانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں بیٹی کی منگنی سے واپس آنے والا خاندان خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    واقعہ بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ہبلی میں پیش آیا جہاں خوفناک ٹریفک حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ کار اور بس کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا تھا، مرنے والوں میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔