Tag: 9 Year Old

  • ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    سری لنکا میں ایک ماں نے اپنی بچی کو خود ساختہ آسیب سے نجات دلانے کے لیے جلاد عاملہ کے حوالے کردیا جس نے بہیمانہ تشدد کرکے بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں پیش آیا، بچی کی ماں جو اب پولیس کی حراست میں ہے، کا خیال تھا کہ اس کی 9 سالہ بچی کو کسی آسیب نے جکڑ لیا ہے۔

    اس سے نجات دلانے کے لیے وہ اسے علاقے کی ایک عورت سے پاس لے گئی جو جادو ٹونا کرنے کے لیے مشہور تھی۔

    پولیس کے مطابق جعلی عاملہ نے بچی کو چھڑی سے نہایت بے دردی سے پیٹا اور اس دوران ماں سامنے کھڑی دیکھتی رہی۔

    بہیمانہ تشدد کے دوران بچی ہوش و حواس سے بیگانہ ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسپتال عملے نے بچی کی موت کی تصدیق کردی۔

    پولیس کے مطابق بچی کو نہایت بہیمانہ طریقے سے پیٹا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، پولیس نے جادو ٹونا کرنے والی عورت اور ماں دونوں کو گرفتار کرلیا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ دونوں پر کن جرائم کی دفعات عائد ہوں گی۔

    پولیس کے مطابق اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے کئی واقعات ہوچکے ہیں، پولیس نے عوام کو ایسے ڈھونگی عاملوں سے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔

  • 9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک 9 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے زخمی کردیا، بچے کا ارادہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا تھا۔ پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔ 9 سالہ بچے پر اقدام قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ بچے نے اپنی 5 سال بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران وہ چیختا رہا، ’مرو، مرو‘۔

    بچے کا کہنا ہے کہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا خیال اچانک ہی اس کے دماغ میں آگیا اور وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے بارے میں سوچتا رہا۔ جج نے فوری طور پر بچے کا نفسیاتی چیک اپ اور ٹریٹمنٹ کروانے کی ہدایت کی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے بچے کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ عمارت میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی بہن اور ماں کے ساتھ رہتا ہے۔ ماں صرف 10 منٹ کے لیے کسی کام سے گھر سے باہر نکلی تھی۔ ماں کے جاتے ہی بچے نے کچن سے چھری اٹھائی اور اسے اپنے پیچھے چھپا کر بہن کے کمرے میں پہنچا۔

    بچے نے ننھی بہن کو گردن سے پکڑا اور اس پر چھریوں سے وار کرنا شروع کیے۔ اسی دوران ماں واپس آگئی اور اس نے چیختے ہوئے بچے کو روکا اور فوری طور پر پولیس کو کال کی۔

    ماں کے مداخلت کرتے ہی لڑکا وہاں سے بھاگ گیا اور چھپنے کی جگہیں ڈھونڈنے لگا۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال کا کہنا ہے کہ بچی کے جسم پر گہرے زخم ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے حراست میں لینے کے ایک دن بعد بچے کو مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا، فی الوقت بچہ حفاظتی بچہ جیل میں ہے۔ ملزم کی کم عمری کی وجہ سے اس کا نام اور تصویر جاری نہیں کی گئی۔

  • 9 سالہ بچی کی چیتے سے انوکھی دوستی، ویڈیو وائرل

    9 سالہ بچی کی چیتے سے انوکھی دوستی، ویڈیو وائرل

    بیجنگ: چین کے جنوبی صوبے سے تعلق رکھنے والی 9 سالہ بچی کی خوں‌ خوار جانور چیتے کے ساتھ دوستی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انسان کو نقصان پہچانے والے جنگلی جانوروں سے بچے اور بڑے دونوں ہی خوف زدہ ہوتے ہیں مگر 9 سالہ چینی بچی نے چیتے کے بچے کے ساتھ دوستی کر کے نئی مثال قائم کردی۔

    جنوبی چین کے صوبے فوجیان میں واقع چڑیا گھر کے ملازم سن چیاوجنگ کی 9 سالہ صاحبزادی کی تین ماہ کے چیتے سے انوکھی دوستی ہے، دونوں ایک دوسرے کےساتھ کھیلتے کودتے اور سیر و تفریح کرتے ہیں۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچی چیتے کے بچے کے ساتھ کھیل رہی ہے اور وہ روزانہ اپنے دوست کے ہمراہ چہل قدمی بھی کرتی ہے۔

    سن چیاوجنگ کا کہنا ہے کہ میری بچی کو شروع سے ہی جانور بہت پسند ہیں اور جب یہ بچہ پیدا ہوا تو اُس نے دوستی کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بچی کا نام ’ہونیا‘ رکھا جس کا مطلب چیتے سے دوستی کرنے والی لڑکی ہے، میری بیٹی اپنے نام کے مطلب پر پورا اترتی ہے حتیٰ کہ اُس کی دیگر دوستیں اور اساتذہ بھی ڈرتے ہیں۔

    چینی میڈیا کے مطابق ہونیا کا گھر چڑیا گھر سے بہت قریب ہے، اُس کی جانوروں کے ساتھ محبت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے نہ صرف اُس کو مفت داخلے کی اجازت دی بلکہ اُسے جانوروں کے ساتھ کھیلنے کی بھی اجازت دی ہے۔