Tag: Aafia Siddiqui case

  • حکومت پاکستان عافیہ صدیقی کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے: مشتاق احمد خان

    حکومت پاکستان عافیہ صدیقی کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے: مشتاق احمد خان

    جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر و سینیٹر (ر) مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

    جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر و سینیٹر (ر) مشتاق احمد خان نے عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، حکومت ہی عافیہ صدیقی کی رہائی میں روڑے اٹکا رہی ہے۔

    مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش میں لگی ہےکہ عافیہ صدیقی کی رہائی ممکن نہ ہوسکے، امریکا کی عدالت میں صرف ایک نوٹ جمع کرنا ہے کہ حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتی ہے لیکن حکومت پاکستان نے امریکا کی عدالت میں نوٹ جمع کرانے سے انکار کردیا۔

    جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر و سینیٹر نے مزید کہا کہ حکومت نے اس کیس میں سپریم کورٹ سے اسٹے لینے کی کوشش بھی کی ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت کی رپورٹ نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    جسٹس سردار نے کہا کہ امریکی عدالت میں معاونت سے انکار کی وجوہات پر رپورٹ مانگی تھی لیکن رپورٹ پیش نہیں کی گئی تو پوری کابینہ کو طلب کروں گا، کیوں نہ وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے؟

    جسٹس سردار اعجاز نے کہا کہ عدالت صرف کابینہ نہیں وزیر اعظم کےخلاف بھی کارروائی کرےگی، جون میں عدالت نے جواب طلب کیا تھا۔