Tag: aamir khan

  • کل پتہ چلے گا کہ کراچی ایم کیو ایم کا تھا ہے اور رہے گا، عامر خان

    کل پتہ چلے گا کہ کراچی ایم کیو ایم کا تھا ہے اور رہے گا، عامر خان

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد کےلیے حقوق کےلیے کراچی مارچ کرنے کا اعلان کردیا، عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا مارچ یہ طے کرے گا کہ کراچی ایم کیو ایم کا تھا، ہے اور رہے گا۔ 

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کل دو بجے کراچی مارچ عائشہ منزل سے مزار قائد تک نکالا جائے گا، کراچی مارچ سے متعلق ایم کیو ایم کی جانب سے شہریوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

    مارچ کی گزر گاہوں پر پارٹی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ استقبالیہ کیمپس بھی لگادئیے گئے ہیں اور عائشہ منزل پر شہر بھر سے کارکنوں کی مرکزی استقبالیہ کیمپ پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی مارچ کے حوالے سے عامر خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 سال سے سندھ حکومت نے شہری علاقوں سے ناانصافیاں کیں، ایم کیو ایم پاکستان نے شہری مسائل کے حل کےلیے تمام دروازے کھٹکھٹائے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ نوکریوں میں شہری سندھ کے نوجوان پیپلز پارٹی کی حکومت کو نظر نہیں آتے، وفاقی حکومت کے کراچی پیکج کے نام پر وعدہ وفا نہیں ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ سے ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرکے شہر کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کا مارچ یہ طے کرے گا کہ کراچی ایم کیو ایم کا تھا، ہے اور رہے گا۔

  • عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : عامرخان نے چیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کاچارج سنبھال لیا ، کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری  دی تھی، عامرخان کا کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عامرخان کو چیئرمین ایس ای سی پی تعینات کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، جس کے بعد عامرخان نےچیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

    کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری دی تھی ، عامر خان کو نومبر 2018 میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔

    عامرخان کاکارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے جبکہ انھوں نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں مرابحہ متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    عامر خان نے وئیر ہاوسز میں الیکٹرانک رسیدوں کے ذریعے اجناس کی ٹریڈنگ کے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں کردار ادا کیا اور مائیکرو فنانس کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لئے اصلاحات متعارف کیں۔

    عامر خان شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کا بھر پور عزم رکھتے ہیں۔

    یاد رہے حکومت نے چیئرمین ایس ای سی پی فرخ سبزواری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فرخ سبزواری کو ہٹانے کا فیصلہ اسٹاک ایکسچینج کے معاملات صحیح طرح نہ چلانے پر کیا گیا۔

  • بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کا جھگڑا 7 سال بعد  کیسے حل ہوا؟

    بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کا جھگڑا 7 سال بعد کیسے حل ہوا؟

    ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ جوہی چاؤلہ اور عامر خان کی جوڑی نے قیامت سے قیامت تک، ہم ہیں راہی پیار کے سمیت دیگر فلموں میں کام کر کے انہیں کامیاب بنایا۔

    دونوں اداکاروں کے مداح ایک بار پھر اس جوڑی کو ایک ساتھ اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، بالی ووڈ اداکار اپنے کاموں کی وجہ سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانا چاہتے ہیں اس کی وجہ سے اُن کے درمیان تنازعات یا کشیدہ صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

    عامر خان اور جوہی چاؤلہ کے درمیان جھگڑے سے ہر کوئی واقف ہے پر یہ کس بات پر شروع ہوا اور پھر کس طرح حل ہوا اس بارے میں دونوں اداکاروں نے کبھی لب کشائی نہیں کی تھی۔

    بالی ووڈ اداکار نے پہلی بار اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے ہر چیز بیان کردی۔

    اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم عشق کی شوٹنگ کے دوران ہمارے درمیان ایک چھوٹا سا مسئلہ جس کو ہم نے انا کا مسئلہ بنا لیا تھا، اس معاملے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ اب جوہی سے کبھی بات نہیں کروں گا حتی کہ وہ اگر کسی تقریب میں موجود بھی ہوگی تو وہاں سے پچاس فٹ دور چلا جاؤں گا‘۔

    مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ متعدد تقریبات میں ایسا بھی ہوا کہ جوہی جیسے ہی پروگرام میں آئی تو میں وہاں سے بہت دور ایک فاصلے پر جاکر بیٹھ گیا، حتیٰ کہ ایک بار وہ میری پیچھے والی نشست پر بیٹھی تب بھی میں وہاں سے چلا گیا تھا اور نہ کبھی اُس سے کوئی بات کی البتہ شوٹنگ کے حوالے سے کوئی ڈائیلاگ وغیرہ ہوتا تو بات کرلیتا تھا‘۔

    بات چیت دوبارہ کیسے شروع ہوئی؟

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے سے 6 سال تک کوئی بات نہیں مگر جیسے ہی جوہی کو اس بات کا علم ہوا کہ میں رینا کو طلاق دے رہا ہوں تو اُس نے مجھے فون پر کال کی اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، میری اہلیہ اور جوہی دونوں کے درمیان گہری دوستی ہے اور جوہی چاہتی تھی کہ سارے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے بات علیحدگی تک نہ پہنچے‘۔

    ’میں نے پہلی کال نہیں اٹھائی مگر پھر جوہی نے متعدد بار کال کی اس لیے مجھے مجبوراً بات کرنا پڑی، اُس نے پہلا لفظ کہا کہ ہمارے درمیان جو کوئی بھی لڑائی تھی اُس سے دوستی خراب نہیں ہوسکتی پھر ہماری بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا‘۔

    عامر خان نے یہ گفتگو اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے کی اور اسی دوران انہوں نے اپنی زندگی پر فلم بنانے کا بھی عندیہ دیا جس میں اُن کا اپنا بیٹا جنید کردار ادا کرے گا۔

  • سپراسٹار عامر خان نے مداحوں سے معافی مانگ لی

    سپراسٹار عامر خان نے مداحوں سے معافی مانگ لی

    ممبئی: سپراسٹار عامر خان نے فلم کی ناکامی کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے مداحوں سے معافی مانگ لی.

    تفصیلات کے مطابق اپنی میگا بجٹ فلم ٹھگز آف ہندوستان کے فلاپ ہونے کے بعد 53 سالہ اداکار نے فلم بینوں سے معذرت کی ہے.

    ممبئی میں‌ ہونے والی ایک تقریب میں عامر خان نے کہا کہ ہم نے فلم بہت محنت سے بنائی، ہم نے اسے خاصا وقت دیا اور بہت سے ناظرین نے اسے پسند بھی کیا.

    انھوں نے کہا کہ میں فلم پسند کرنے والوں‌ کا ممنون ہوں، مگر یہ افراد بہت کم ہیں، اکثریت کو فلم پسند نہیں آئی.

    عامر خان نے کہا کہ وہ فلم کی ناکامی کی مکمل ذمے داری قبول کرتے ہیں اور خود کو قصور وار ٹھہراتے ہیں.

    مزید پڑھیں: کیا “ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں‌ بتا سکتے کہ کہاں‌ غلطی ہوئی، فلم اولاد کی طرح ہوتی ہے، انھیں بہت دکھ ہے ٹھگز آف ہندوستان ناکام ہوئی۔

    یاد رہے کہ دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم ٹھگز آف ہندوستان کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا.

    بالی وڈ کی اس مہنگی ترین فلم میں عامر خان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف جلوہ گر ہوئے تھے، مگر وہ ناظرین کو متاثر کنے میں‌ناکام رہے.

  • کیا "ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    کیا "ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    ممبئی: دیوالی پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عامر خان کے کیریر پر سوالیہ نشان لگ گیا.

    تفصیلات کے مطابق عامر خان، امیتابھ بچن، کترینا کیف اور فاطمہ ثنا شیخ جیسی بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ٹھگز آف ہندوستان بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم تھی، جس کی تکمیل میں دو سال کا عرصہ لگا تھا.

    ناقدین اور شائقین کو فلم سے کئی امیدیں وابستہ تھیں، البتہ فلم باکس آفس پر منہ کے بل گر گئی اور پہلے دن ریکارڈ 52 کروڑ‌کرنے کے باوجود بری طرح فلاپ ثابت ہوئی.

    تجزیہ کاروں‌ کے مطابق یہ نہ صرف سال 2018، بلکہ بالی وڈ میں گذشتہ پانچ برس کی بدترین ناکامی تصور کی جارہی ہے.


    مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی ہیروئن نے “ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا


    فلم کی ریلیز کے بعد یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ کیا عامر خان کا کیریر ختم ہوگیا ہے؟

    عامر نے فی الحال کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا  اور اب ان کی توجہ اپنے ٹی وی شو  پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے اگلے ڈیڑھ سال میں ان کی کسی فلم کی ریلیز متوقع نہیں.

    یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ عامر خان نے ’’مہابھارت‘‘ پر مبنی میگا بجٹ ویب سیریز کی تیاری کا حتمی فیصلہ کر لیا، جس کی تکمیل میں‌ تین سے چار سال لگ سکتے ہیں ۔

    اگر ایسا ہوا، تو "مسٹر پرفیکشنسٹ” اگلے پانچ برس تک بڑے پردے پر دکھائی نہیں‌ دیں گے، جس کے بعد ان کا کم بیک مزید مشکل ہوجائے گا.

  • شاہ رخ خان کی ہیروئن نے "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا

    شاہ رخ خان کی ہیروئن نے "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا

    ممبئی: کنگ خان کی ہیروئن نے عامر خان کی فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن اور وقت کا ضیاع قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق 1994 میں‌ریلیز ہونے والی کنگ خان کی فلم ’’کبھی ہاں، کبھی ناں‘‘ کی اداکارہ سچترا کرشنا مورتی کی جانب سے فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے.

    دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی عامرخان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف کی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” پہلے دن تو ریکارڈ بزنس (52 کروڑ) کرنے میں‌ کامیاب رہی، البتہ ناقدین اور شائقین کی جانب سے فلم کو مکمل طور پر رد کر دیا گیا.

    انٹرنیٹ پر منفی تبصروں اور تنقیدی تجزیوں کا طوفان آگیا اور ٹھگز آف ہندوستان سے متعلق طرح طرح‌ کے لطیفے گڑے جانے لگے.


    مزید پڑھیں: ٹھگز آف ہندوستان چھا گئی، پہلے ہی روز کمائی کا نیا ریکارڈ


    البتہ عام شائقین کے برعکس سچترا کرشنا مورتی کے ٹویٹ نے کھلبلی مچادی، اداکارہ نے ایک خالی سنیما کی تصویر شیئر کی، جہاں‌ ٹھگز آف ہندوستان چل رہی ہے.

    سچترا نے لکھا: ’’مجھے ڈر لگ رہا ہے، کبھی پہلے اکیلے کوئی فلم نہیں دیکھی.‘‘

    اس کے بعد بھی سچترا نے اپنے مختلف ٹویٹس میں کاٹ دار تبصرے کیے اور فلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    آخری ٹویٹ میں‌ انھوں نے لکھا کہ انھیں قطعی امید نہیں کہ تھی کہ عامر خان اتنا ناقص اسکرپٹ منتخب کریں گے، انھوں نے مایوس کیا.

  • جنسی ہراساں کرنے والوں‌ کا بائیکاٹ‌ کیا جائے، عامر خان کا مشورہ

    جنسی ہراساں کرنے والوں‌ کا بائیکاٹ‌ کیا جائے، عامر خان کا مشورہ

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والی شخصیات سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

     ’کافی ود کرن‘ شو میں مسٹر پرفیکٹ نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ بھی اس گھناؤنے کام میں ملوث ہیں ہمیں معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اُن سے کنارہ کرنا چاہیے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے معاملات صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ اس کی وجہ سے عام خواتین بھی متاثر ہورہی ہیں، اس عمل کی وجہ سے خواتین بہت زیادہ رنجیدہ ہوجاتی ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے کا الزام، سوشانت سنگھ نے اداکارہ کے میسجز شیئر کردیے

    کرن جوہر نے مسٹر پرفیکٹ سے بالی ووڈ میں شروع ہونے والی ’می ٹو مہم‘ کے حوالے سے سوال کیا، اس پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’میں اور اہلیہ نے فیصلہ کیا کہ الزامات کی زد میں آنے والے لوگوں کے ساتھ مستقبل میں کوئی کام نہیں کریں گے اور اُن کا اُس وقت تک سوشل بائیکاٹ کریں گے جب تک الزام کا فیصلہ نہیں ہوجاتا‘۔

    عامر خان نے بالی ووڈ کی دیگر شخصیات اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والے افراد سے کنارہ کشی کرلیں، اسی طرح اگر کوئی خاتون کسی مرد پر غلط الزام لگائیں اُس کا بھی بائیکاٹ کریں کیونکہ محض ایک بات کی وجہ سے کسی کا مستقبل تباہ ہوسکتا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: مودی کے وزیرِمملکت جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث مستعفی

    مسٹر پرفیکٹ نے بالی ووڈ میں جنسی ہراسانی کے واقعات پر اٹھنے والی آوازوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ انڈسٹری سے ایسے لوگوں کا صفایا ہورہا ہے جو خواتین کے بارے میں غلط سوچ رکھتے ہیں، خواتین کی طرف سے سامنے لائے جانے والے نام پریشان کُن ضرور ہیں مگر یہ آواز قابلِ ستائش ہے‘۔

  • فلم زیرو: مسٹرپرفیکٹ کنگ خان کی اداکاری کے معترف

    فلم زیرو: مسٹرپرفیکٹ کنگ خان کی اداکاری کے معترف

    ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ نے نئی آنے والی فلم ’زیرو‘ کا ٹریلر دیکھا تو وہ شاہ رخ خان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عامر خان نے مداحوں کو مطلع کیا کہ انہوں نے آنند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم ’زیرو کا ٹریلر دیکھ لیا‘، یاد رہے کہ اس فلم کا ٹریلر شائقین کے لیے شاہ رخ خان کی سالگرہ کے روز یعنی دو نومبر کو باقاعدہ جاری کیا جائے گا۔

    بالی ووڈ انڈسٹری میں عامر خان وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے سب سے پہلے یہ ٹریلر دیکھا۔ مسٹر پرفیکٹ اسے دیکھ کر شاہ رخ خان کی اداکاری کے معترف نکلے، انہوں نے دیگر اداکاروں کی بھی تعریف کی۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ’میں نے زیرو کا ٹریلر دیکھا جس کے بارے میں صرف یہی کہوں گا کہ یہ بہت زبردست ہے‘۔ مسٹر پرفیکٹ نے ہدایت کار ، کترینہ کیف، انوشکا شرما کے کردار کی بھی تعریف کی جبکہ انہوں نے شاہ رخ خان کو مخاطب کر کے کہا کہ ’تم نے اپنے طور پر سارا کام بہت زبردست کیا’۔

    مزید پڑھیں: کنگ اور دبنگ خان کی مداحوں کے لیے عیدی، ”زیرو“ کانیا ٹیزر ریلیز

    بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ ’اب مجھ سے فلم کی ریلیز کا انتظار نہیں ہورہا’۔ قبل ازیں شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عامر خان نے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔

    یاد رہے کہ ہدایت کار کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ فلم زیرو کا ٹریلر شاہ رخ خان کی سالگرہ کے روز جاری کیا جائے گا اور یہ ہم سب کی طرف سے اُن کے لیے تحفہ ہوگا جبکہ فلم 21 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ کنگ خان 2 نومبر کو اپنی 53 ویں‌ سال گرہ منائیں گے۔ ہدایت کار آنند ایل رائے  اس سے قبل” تینو ویڈ منو“ جیسی بلاک بسٹر فلم بنا چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کنگ خان کے مداحوں کے لیے خوش خبری، زیرو کے ٹریلر کی تاریخ‌ کا اعلان ہوگیا

    دوسری جانب فلم کا پوسٹر بھی جاری کیا گیا جس میں بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کو معذور لڑکی کے طور پر دکھایا گیا وہ وہیل چیئر پر بیٹھی ہوئیں جبکہ کنگ خان اُن کا دل بہلانے کی کوشش بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔

    زیرو میں کنگ خان کے ساتھ کترینا کیف اور انوشکا شرما مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم میں پہلی بار کنگ خان ایک بونے کے روپ میں نظر آئیں گے۔ کئی معروف فلمی شخصیات مختصر کردار کریں گی، جن میں سلمان خان بھی شامل ہیں۔

  • سپراسٹار عامر خان کے مداحوں کے لیے مایوس کن خبر

    سپراسٹار عامر خان کے مداحوں کے لیے مایوس کن خبر

    ممبئی: نیا سال سپراسٹار عامر خان کے مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ”ٹھگ آف ہندوستان“ میں اپنے من پسند ہیرو کو ایکشن میں دیکھنے کے بعد شاید عامر خان کے مداح اگلے بر س انھیں بڑے پردے پر نہ دیکھ سکیں۔

    یاد رہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان کی کی میگا بجٹ فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ رواں برس 8 نومبر کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں امتیابھ بچن اور قطرینا کیف بھی ایکشن میں نظر آئے ہیں۔ البتہ یہ خبر گردش میں ہے کہ عامر خان اگلے برس کوئی فلم نہیں کریں گے۔

    ایک ہندوستانی ویب سائٹس کے مطابق اگلے برس عامر خان کی کلی توجہ اپنے مقبول ترین سماجی شو ستیا میوجیاتی پر مرکوز رہے گی۔

    توقع کی جارہی ہے کہ اس میں وہ ”می ٹو“ کے تحت شروع ہونے والے جنسی ہراسانی کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق پروگرام کی ٹیم اس ضمن میں کام مکمل کر چکی ہے اور پروگرام میں کئی خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور مظالم کی کہانی بیان کریں گی۔


    مزید پڑھیں: کترینہ کی مدد کر کے امیتابھ اور عامر خان نے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل


    کیوں کہ مسٹر پرفیکشنسٹ ہر  پراجیکٹ کو اپنا سو فی صد دیتے ہیں، اس لیے یہ خبر گردش میں ہے کہ شاید اب وہ کئی فلم سائن نہ کریں اور اگلے برس ان کے مداح انھیں بڑی اسکرین پر دیکھنے سے محروم رہیں۔

    یاد رہے کہ 2012  میں شروع ہونے والے اس شو کے تین شوز نشر ہوچکے ہیں، جن میں اہم سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔

  • ٹھگز آف ہندوستان کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ اختتام پذیر

    ٹھگز آف ہندوستان کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ اختتام پذیر

    ممبئی: شمالی افریقہ کے شہر مالٹا میں ہونے والی بالی ووڈ کی نئی فلم  ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی بالی ووڈ کی سب سے مہنگی ترین فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کا آخری حصہ بھی مکمل کرلیا گیا۔

    شوٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے دو بحری جہازوں کو اختتام پر دھماکا خیز مواد سے اڑایا گیا جس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، ہدایت کار کے مطابق جہاز کی تباہی اسکرپٹ کا حصہ تھی۔

    یش راج فلمز کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ہدایت کار وی جے کرشنا آچاریا کا کہنا تھا کہ ہم نے فلم میں مختلف ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا تاکہ شائقین کو نئی چیز دکھائی جاسکے۔

    مزید پڑھیں: کترینہ کی مدد کر کے امیتابھ اور عامر خان نے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے فلم کی کاسٹ سمندر میں موجود جہاز پر تھی، ہم نے رات دن گزارے اس لیے جہاز کی تباہی کے وقت سب ہی جذباتی ہوگئے تھے۔

    ویڈیو کو ون ٹیک شوٹ میں یعنی ایک بار میں ہی ریکارڈ کیا گیا اور اسے ’جہاز کی تباہی‘ کا ٹائٹل دیا گیا۔

    اس حوالے سے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے دھماکے کے بعد خاموشی سے بڑی خبر ملے گی،  جہازوں کو اس طرح تباہ کرنا مجھے اور دیگر اداکاروں کو اچھا نہیں لگا مگر جو کچھ اسکرپٹ میں درج ہو اُس کو پورا کر کے ہی فلم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا

    واضح رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم کی ہدایت کار وجے کرشنا ہے جبکہ اس میں بالی ووڈ کے بڑے نام عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ شیخ سمیت دیگر اداکار مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، ٹھگز آف ہندوستان 8 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔