Tag: aashiana housing scandal

  • آشیانہ اقبال اسکینڈل : قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا

    آشیانہ اقبال اسکینڈل : قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا

    لاہور : قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال اسکینڈل کے حوالے سے ایک اور ریفرنس تیار کرلیا، ان کے ساتھ دیگر چار افراد کے خلاف24نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال اسکینڈل میں نیب نے شہباز شریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے، اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت چار افراد کے خلاف ریفرنس چوبیس نومبر کو فائل کیے جانے کا امکان ہے۔

    شہبازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی، اس کے علاوہ انہوں نے بحیثیت وزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیرقانونی استعمال کیا۔

    شہباز شریف نے شریک ملزم فواد حسن فواد کی ملی بھگت سے میرٹ پر آنے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کروایا۔ ریفرنس کے مطابق ملزم نے اکیس اکتوبر دو ہزار چودہ کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا ٹھیکہ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنے کا حکم دیا، جس سے حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شہباز شریف کو کل نیب کی عدالت لایا جائے گا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو راہداری ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف کے خلاف ریفرنس جلد مکمل کریں: نیب لاہور کو چیئرمین نیب کی ہدایت

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت نیب لاہور آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کو پیراگون اور آشیانہ اقبال سمیت دیگر ریفرنسز پر بریفنگ دی گئی۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیس ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ تفتیش کیسوں میں مطلوب افراد جلد وطن لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں، نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: دوملزمان کے ریمانڈ میں توسیع، دوکوجیل بھجوادیا

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: دوملزمان کے ریمانڈ میں توسیع، دوکوجیل بھجوادیا

    لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع اور شریک دو ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال ہاوسنگ سکینڈل میں بیورو کریٹ احد چیمہ سمیت چار ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ نے بطور ڈی جی ایل ڈی اے کاسا کمپنی کو پندرہ ارب روپے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر دیا،جس کے عوض 32 کنال کا پلاٹ حاصل کیا جس کی تمام تر ادائیگی پیراگون سٹی کے اکاونٹ سے کی گئی۔

    تحقیقات میں احد چیمہ اور ان کی فیملی کے نام بہت سی جائیدادیں اور بنک اکاونٹس سامنے آئے ہیں . احد چیمہ اہلیہ کے نام بھی 21 کنال زمین کے متعلق ثبوت حاصل کر لیے ہیں جس کی قیمت سات کروڑ ہے۔

    جن لوگوں سے یہ زمین خریدی گئی انھیں بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ احد چیمہ نے چار کروڑ کی سرمایہ کاری بھی کی جس کے سترہ ملین احد چیمہ نے ادا کیے اس حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں ،ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ 80 روزہ ریمانڈ کے باوجود نیب کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی،مزید ریمانڈ نہ دیا جائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع جبکہ ملزم امتیاز حیدر اور بلال قدوائی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے ۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

    پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔

    خیال رہے کہ 2012 میں میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں