ایبٹ آباد : پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے ستر عدد نائن ایم ایم پستول بر آمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق کارروائی مسلم آباد کے قریب کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے70نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے دیگر اسلحہ بھی ملا ہے، مذکورہ گاڑی میں چونتیس ہزار گولیاں بھی موجود تھیں، پولیس نے موقع سے ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے تھانہ کینٹ میں اسلحہ بر آمدگی کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا اآغاز کردیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
ایبٹ آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا ادھر کی ادھر ہوجائے نوازشریف کو جیل میں ڈالے بغیرچین سےنہیں بیٹھوں گا، ڈان لیکس میں جو کچھ آیا وہ ملک دشمنوں کی زبان تھی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ سے شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ ملک میں کرپشن روکنے کیلئے سب سے بڑی طاقت عوام ہوتی ہے اورعوام اپنے پیسے کی خود حفاظت کرتی ہے، کرپشن کی وجہ سےعوام کو تعلیم نہیں مل رہی اورنہ ہی ملک میں سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے، کرپشن کی وجہ سے عوام بے روزگار ہیں، جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہ غریب ہوجاتا ہے، میرامقصد عوام میں شعور پیدا کرنا ہے۔
حکمران کرپشن کے گاڈ فادر اور ڈاکو ہیں، نواز شریف کی اصل دولت کا جے آئی ٹی میں پتا چلے گا،
ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس میں منی لانڈرنگ ثابت ہو گئی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ لیگی حکومت نے عوام کے 62 ارب روپے چوری کئے، 62ارب روپےسےبجلی پیداکی جاسکتی تھی، عوام کامسئلہ توانائی،روزگاراورتعلیم ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کرپشن کا سردار کرپشن نہیں روک سکتا، نواز شریف گاڈ فادر ہیں جو بد عنوانی نہیں روک سکتے، ڈان لیکس میں دشمن ملک کی زبان بولی گئی۔ سب کو معلوم ہے نون لیگ میڈیا سیل کی ہیڈ مریم نواز ہیں، کپتان نے کہا کہ ڈان لیکس میں وزیر اعظم ہاؤس سے جو خبر نکلی اس میں بھارت کی زبان بولی گئی۔یہ لوگ اپنی کرسی بچانےکیلئےفوج کیخلاف سازش کررہےہیں
عمران خان نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ادھرسے ادھر ہوجائے عمران خان تمہیں نہیں چھوڑےگا ۔نواز شریف ہم تم کو جیل میں ڈالے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، عمران خان نے کہا وہ کرپشن ختم کرنے کیلیے بڑے بڑے مگ مچھوں پر ہاتھ ڈالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماراوزیراعظم رنگے ہاتھوں پکڑاگیا ہے، سب کومعلوم ہےیہ لوگ پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر لے کر گئے، ملک سے پیسہ چوری ہوتا ہے تو ہم آئی ایم ایف جیسےاداروں سے پیسےلیتےہیں، ہم ان اداروں سے پیسے لے کران کےغلام بن جاتےہیں، اور پھر آئی ایم ایف جیسےادارے اپنی حکومت اور مرضی ہم پر مسلط کرتےہیں۔
شرم کی بات ہےقرضے کوئی لے اور ادائیگی کوئی اور کرے، ملک سے ایک ہزار ارب روپے چوری کرکے باہر بھیج دیئے جاتے ہیں، ملک سےپیسہ وہ چوری کرتے ہیں جو اقتدارمیں آکر قومی خزانے کو دیکھتےہیں، پیسہ چوری یہ لوگ کرتے ہیں اورٹیکس عوام پرلگاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بھارتی بربریت اورظلم کےباوجود کشمیری عوام آج بھی اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہےہیں، ان کوزبردست جدوجہد پرسلام پیش کرتےہیں، کشمیر کےاسکول کی معصوم بچیاں بھی بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں، کشمیری بچیاں بھی بھارت سےآزادی مانگ رہی ہیں۔
ایبٹ آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی ازسر نو تشکیل کیلئے قانون سازی کا عمل جاری ہے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا ہے، پاکستانیوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور رقم فراہم کردی گئی ہیں۔
ایبٹ آباد میں انجمن شہریان کے جانب سے دیئے گئے عصرانہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مزکری رویت ہلال کمیٹی کے قیام کیلئے تمام صوبوں سے قراردادوں کا انتظار ہے جس کے بعد اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت سعودی حکومت سے رابطے میں ہے اور کیمپس میں قیام پذیر پاکستانیوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جارہا ہے۔
انہون نے بتایا کہ پاکستانیوں کو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کھانے پینے کی اشیاء اور رقوم فراہم کردی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ایبٹ آباد میں نظام صلوٰة کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام کو دعوت دی جائے گی تاکہ وفاقی دارالحکومت کی طرح ہزارہ ڈویژن اور ایبٹ آباد میں بھی صلوة اور اذان کے اوقات ایک ساتھ مقرر کئے جاسکیں۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سعودی عرب میں پھنسے ہر فرد کے اہل خانہ کو 50ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے اور وزیر اعظم نے اس مقصد کیلئے 50کروڑ روپے کی منظوری بھی دیدی ہے۔
وفاقی حکومت نے وزارت اوور سیز کو ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی مصدقہ فہرست فراہم کی جائے، وزیر اعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ خاندنوں کو رقم کی فراہمی جلد یقینی بنائی جائے۔
ابیٹ آباد : تاجر رہنماء ممتاز خان کے گھر کو غیر قانونی طور پر سیل کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے لیگی ضلع کونسل کے ممبر ندیم مغل کو تھانہ کینٹ پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ تحصیل نائب ناظم کی گرفتاری کےلیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ ایگزیکٹو افسر سید فراست علی شاہ نے کینٹ پلازہ کے بڑھتے ہوئے کرایوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجر رہنماء ممتاز خان کے گھر کو سیل کرتے ہوئے اہل خانہ کو گھر سے باہر نکال دیا۔
گزشتہ رات تاجر برادری نے شاہراہ ریشم پر سڑک بند کر کے ایگزیکٹو آفیسر اور پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، تاجر برادری سے حمایت کے لیے مسلم لیگ ن سٹی اربن کے ممبر کونسل ندیم مغل اور تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔
لیگی ذمہ داران نے کینٹ آفیسر کے اس اقدام کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والے افراد کو پولیس کی طاقت سے دبایا جارہا ہے جو غیرقانونی عمل ہے‘‘۔
کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے لیگی رہنماؤں کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمے کے اندارج کے لیے درخواست دائر کروائی جس کے بعد پولیس نے فوارہ چوک بند کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں حکمراں جماعت کے ممبر ضلع کونسل ندیم مغل کو علی الصبح اُن کے گھر سے گرفتار کرلیا جبکہ تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ ’’ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کا اندارج کرلیا گیا ہے جس میں جلاؤ گھیراؤ کی دفعات لگائی گئی ہیں، دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس کے ڈاکٹرکی مبینہ غفلت کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے، مظاہرین نے اسپتال انتظامیہ کیخلاف زبردست مظاہرہ کیا، شاہراہ بلاک کرنے کی وجہ سے ایمبولینس میں موجود ایک بچہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے چونا کاری کا رہائشی نوجوان احمد علی افطاری سے تھوڑی دیر قبل گھر میں پھسلنے سے گرا اور اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
مذکورہ نوجوان کو کو اس کے لواحقین ایوب ٹیچنگ ہسپتال لائے، جہاں ڈاکٹر حیدر علی نے مریض کو انجکیشن لگایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان احمد علی کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش شاہراہ ریشم پر رکھ کر ایک گھنٹے تک شدید احتجاج کیا۔
ورثاء اسپتال انتظامیہ کیخلاف اور انصاف کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس دوران شاہراہ ریشم پر ٹریفک جام ہوگیا۔
احتجاج کے باعث شنکیاری سے تشویشناک حالت میں منتقل کئے جانے والا تین سالہ بچہ بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش کے باعث ایمبولینس میں ہی جاں بحق ہو گیا۔
ایوب میڈیکل کمپلکس میں آئے روز ڈاکٹر اور نرسز کی غفلت سے مریضوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی : ایبٹ آباد کے رہائشی انجم کو کراچی کی خاتون افشاں سے دھوکے سے شادی کرنے پر پولیس نے اے آروائی نیوز کی خبر پرگرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے جعل ساز انجم احوال خان جدون کی کراچی کی افشاں سے دھوکے سے شادی کرنے اور تشدد کی خبر جب گذشتہ روز اے آروائی نیوز پر چلی تو قانون حرکت میں آگیا۔
ملزم انجم کو پولیس نے افشاں کو دئیے گئے جعلی چیک کیس میں گرفتارکر لیا، دوہزار چھ میں انجم احوال خان جدون نے افشاں سے جعلی ساس اورسسرظاہر کرکے شادی کی۔
اصل حقائق سامنے آنے پر ملزم نے پہلی بیوی کے ساتھ مل کر افشاں پر تشدد کیا اور بعد میں طلاق دے دی تھی۔
ایبٹ آباد : عنبرین قتل کیس میں انسداد دہشت گردی ایبٹ آباد کی عدالت نے نو ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، تمام ملزمان نے عدالت کے سامنے صحت جرم سے انکارکر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نو ملزمان جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیے گئے، تمام نو ملزمان نے عدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت کے فاضل جج نے نو ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنےکا حکم دے دیا، اس سے قبل اس کیس میں ملوث مزید پانچ ملزمان پہلے ہی جیل جاچکے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے گزشتہ سماعت پر پولیس کی عنبرین قتل کیس کی تفتیش پر برہمی کا اظہار کیا تھا، عدالت کی جانب سے 37روزہ جسمانی ریمانڈ ملنے کے باوجود بھی ایبٹ آباد پولیس ملزمان سے صحت جرم کروانے میں ناکام رہی۔
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، اور قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔
چند روزقبل ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ مکول پائیں میں عنبرین کو نامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو جلا دیا تھا۔
ایبٹ آباد : عنبرین قتل کیس میں مقتولہ عنبرین کی والدہ کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، آئی جی کے پی کے کی ہدایت پر عنبرین قتل کیس کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عنبرین قتل کیس میں ملزمہ اورمقتولہ عنبرین کی والدہ شمیم بی بی کو ضمانت پر رہا کر دیا.
ملزمہ شمیم بی بی کو عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے کے بعد رہائی ملی۔ آئی جی خیبر پختو نخواہ ناصر خان درانی نے ملزمان سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی بنا دی ہے۔
رہائی کے بعد شمیم بی بی اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کے قتل کی خبر اس کی جلی ہوئی کتابوں کے ٹکڑے پر عنبرین اور اس کے بھائی نعمان کے نام سے ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چند افراد نے 15 سالہ عنبرین کو جرگے کے فیصلے کے بعد گاڑی میں باندھ کر زندہ جلا دیا تھا۔ملزمان نے وارادات کو حادثے کا رنگ دینے کیلئے قریب کھڑی تین گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔
بعد ازاں عنبرین قتل کیس میں کے پی کے حکومت قتل میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے سرگرم ہوگئی، وزیراعظم پاکستان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا تھا۔
مکول میں پندرہ سالہ عنبرین کو قتل اورجلائے جانے والے واقعہ کا وزیراعلی پرویز خٹک نے چند روزقبل نوٹس لیا تھا،ملزمان کی گرفتاری کے بعد صوبائی حکومت اس قتل کیس میں فریق بن گئی اور کیس کی پیروی کرنے لگی۔
کیس کی پیروی کا مقصد ملزمان اور ان کے ورثاء کی جانب سے لڑکی کے والدین پر راضی نامہ کا دباؤ نہ ڈالا جاسکے اور ملزمان کو سخت ترین سزادلوائی جائے۔
وزیر اعلی خیبر پختو نخواہ کے نوٹس کے بعد ہی ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔ وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل غیر اسلامی بلکہ غیر انسانی بھی ہے۔
ایبٹ آباد : تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدرزمان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہزارہ قوم سے غداری کی تو پا نا ما لیکس میں پھنس گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہزارہ صوبہ نہ بنایا تو پاک چین راہداری منصوبہ کیلئے رکاوٹ بنیں گے، یہ بات انہوں نے ایبٹ آباد میں شہداء ہزارہ کی چھٹی برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
بابا حیدرزمان نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت نے اپریل دو ہزار سترہ تک ہزارہ صوبہ کی قرارداد منظور نہ کروائی تو شاہراہ ریشم غیر معینہ مدت تک بند کریں گے ۔
جلسہ سے خطاب میں بابا حیدرزمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہزارہ کے عوام کومحروم رکھا ہوا ہے اور انہیں تاحال ان کے حقوق نہیں دئیے، پاک چین راہداری کا سب سے اہم خطہ ہزارہ ڈویژن ہے اگر ان کے عوام کو حقوق صوبہ ہزارہ کی صورت میں نہ ملے تو اس منصوبہ کیلئے رکاوٹ بنیں گے۔
صوبائی اور مرکزی حکومت جلد از جلد صوبہ ہزارہ کی قراردادیں اسمبلیوں سے پاس کروائے بصورت دیگر ایک سال بعد فوارہ چوک میں ہزارے وال قوم غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دے گی۔
ایبٹ آباد : سترہ دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کیلئے پی پی ایچ آئی ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔
پی پی ایچ آئی ڈاکٹروں نے پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، پولیو کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پانچ ماہ سے سرکاری اکاؤنٹ میں پی پی ایچ آئی ملازمین کی تنخواہ موجود ہونے کے باوجود ادا نہیں کی جاسکی، جس کے خلاف ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے عملہ کے درمیان مذاکرات بھی ناکام ہو گئے۔
ڈاکٹروں نے سترہ سے انیس دسمبر کے درمیان شروع ہونے والی پولیو مہم کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا، پولیو مہم کے باعث لاکھوں بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔
دوسری جانب ڈی ایچ او ڈاکٹر قاسم نے پولیو ڈیوٹی نہ کرنے والے ڈاکٹروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا عندیہ دے دیا۔