Tag: abbottabad

  • ایبٹ آباد: طوفانی بارشوں میں نایاب نسل کے 200 پرندے ہلاک

    ایبٹ آباد: طوفانی بارشوں میں نایاب نسل کے 200 پرندے ہلاک

    ایبٹ آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں سے محکمہ جنگلی حیات کا دفتر زیر آب آگیا جہاں موجود نایاب نسل کے 200 پرندے ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں طوفانی بارش سے شدید نقصان ہوا ہے، بارش میں محکمہ جنگلی حیات کے 200 پرندے بھی ہلاک ہوگئے۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے پرندے نایاب نسل کے تھے، نالوں کی صفائی نہ ہونے سے بارش کا پانی دفتر میں داخل ہوا اور دفتر زیر آب آیا جس کی وجہ سے پرندے ہلاک ہوئے۔

    ایبٹ آباد میں بارش سے کئی مکانات بھی زیر آب آگئے جن میں پھنسے 62 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا، مختلف حادثات میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر میں بارشوں سے مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخواہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • درندگی کی انتہا :13 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والا اس کا حقیقی چچا اور بھتیجا نکلا

    درندگی کی انتہا :13 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والا اس کا حقیقی چچا اور بھتیجا نکلا

    ایبٹ آباد :13 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعدقتل کرنے والا اس کا حقیقی چچا اور بھتیجا نکلا ،پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ میرہ مندروچھ کلاں میں تیرہ سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے پر ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے اے آروائی نیوز کی خبر کا نوٹس لیا۔

    ڈی پی او کے حکم پر دونوں ملزمان کو نواں شہر پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ کو اس کے سگے چچا اور اس کے بیٹے نے زیادتی کے بعد قتل کیا ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، وزیراعلی کے پی کے فوری نوٹس لیں اور مجھے انصاف فراہم کریں۔

    خیال رہے حمائد کو گزشتہ روز زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔

    گذشتہ ماہ  وفاقی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے واردات کے دوران خاتون سے زیادتی کرنے والے باپ بیٹا ‏کو گرفتار کیا تھا۔

    خاتون دفتر سے گھر آرہی تھی کہ ٹیکسی ڈرائیور نے بہانہ بنا کر گاڑی کو دوسرے راستے کی طرف ‏لے گیا، ٹیکسی کی ڈرائیونگ بیٹا کررہا تھا جبکہ باپ ساتھ بیٹھا ہوا تھا، باپ نے گن پوائنٹ پر اپنے بیٹے کے سامنے خاتون سے زبردستی زیادتی کی اور زیورات و موبائل ‏لے کر دونوں فرار ہو گئے۔

  • ایبٹ آباد، حملے کے بعد مقامی افراد نے جنگلی چیتے کو زیر کر لیا (ویڈیو)

    ایبٹ آباد، حملے کے بعد مقامی افراد نے جنگلی چیتے کو زیر کر لیا (ویڈیو)

    ایوبیہ: ایبٹ آباد کے ایک گاؤں ملکوٹ میں مقامی افراد نے آبادی پر حملہ کرنے والے ایک چیتے کو زیر کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوبیہ میں واقع گاؤں ملکوٹ میں ایک چیتے نے آبادی کی طرف آ کر حملہ کر کے ایک معمر شہری کو زخمی کر دیا تھا، جس پر مقامی افراد اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے نکل آئے۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں مقامی افراد نے فائرنگ کر کے چیتے کو ہلاک کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق سرکل بکوٹ میں چیتے نے دن کے وقت ایک شخص پر حملہ کیا تھا، جس میں 55 سالہ رحیم داد شدید زخمی ہو گئے، تاہم موقع پر موجود ایک نوجوان نے لکڑی مار مار کر چیتے سے ان کی جان بچائی، اور انھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں، مقامی لوگوں نے مل کر چیتے کو ہلاک کر دیا۔

    یاد رہے کہ جمعرات 18 مارچ کو صوبہ سندھ میں سکھر کے ایک نواحی علاقے میں بھی لوگوں نے چیتے کے بچے کو مار دیا تھا، رپورٹس کے مطابق چیتا آبادی میں گھس آیا تھا جس پر لوگوں نے فائرنگ کر کے اسے مار دیا۔

  • آرمی چیف کا آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

    آرمی چیف کا آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمٰن کو کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی کے بیج لگائے۔

    اس موقع پر سبکدوش کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد ریٹائرڈ، حاضر سروس افسران اور جوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔

    آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے افسران و جوانوں سے بات چیت بھی کی، انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی سویلینز اور فوجی جوانوں کے لیے طبی خدمات کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں اے ایم سی کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آرمی میڈیکل کور پاک فوج و دیگر اہم شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔

    اس سے قبل آرمی چیف نے سندھ بھر کے نوجوانوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، آپ لوگوں نے پاکستان کی قیادت کے لیے ترجیحات طے کرنی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم خود کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی مدد نہیں کرے گا۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔

  • ایبٹ آباد میں باراتیوں کی جیپ کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

    ایبٹ آباد میں باراتیوں کی جیپ کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

    ایبٹ آباد: صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے ایبٹ آباد میں باراتیوں کی جیپ گہری کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں باراتیوں کی جیپ کھائی میں گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو گڑھی حبیب اللہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جیپ میں سوار ایک ہی خاندان کے افراد شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے کہ گلی میرا کے قریب جیپ گہری کھائی میں جا گری۔

    چلاس: شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گر گئی، 7 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

    شکارپور میں ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 25 جون کو شکارپور میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور کار میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 خواتین سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ایبٹ آباد : کمرے میں گیس بھرنے سے پانچ افراد ہلاک

    ایبٹ آباد : کمرے میں گیس بھرنے سے پانچ افراد ہلاک

    ایبٹ آباد : قلندر آباد کے قریب کمرے میں گیس بھر جانے سے پانچ افراد جاں بحق، لقمہ اجل بننے والوں میں میاں بیوی اورتین بچے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے قلندر آباد میں اتوار کے روز افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گھر میں گیس بھرجانے کے باعث پورا خاندان موت کے منہ میں چلا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی اپنے تین بچوں سمیت رات کو پیٹر چلاکر سوئے تھے لیکن گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہیٹر بند ہوگیا، لیکن اس وقت تک اہل خانہ گہری نیند سو چکے تھے اور جب گیس آئی تو ہیٹر چلنے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی۔

    ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح گھر والوں کے نہ جاگنے پر اہل محلہ نے گھر میں دیکھا تومعلوم ہوا کہ کمرے میں موجود پانچوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 4 کان کن جاں بحق

    یاد رہے کہ 2 جنوری کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے زور دار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں چار مزدور جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان دھماکے کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔

  • ایبٹ آباد: شدید برف باری کے باعث راستہ بند، سیاح پھنس گئے

    ایبٹ آباد: شدید برف باری کے باعث راستہ بند، سیاح پھنس گئے

    ایبٹ آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات گلیات اور ٹھنڈیانی میں برف باری میں شدت آگئی.

    تفصیلات کے مطابق گلیات اور  ٹھنڈیانی میں‌برف باری کے باعث راستے بند ہوگئے. نتھیا گلی میں سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

    [bs-quote quote=”گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سےاسکردو کا ملک سے فضائی اور زمینی رابطہ معطل ہو گیا” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    چترا ل اور گرد و نواح میں بھی برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سےاسکردو کا ملک سے فضائی اور زمینی رابطہ معطل ہو گیا۔

    اسکردو میں چار سے پانچ فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی، پارہ منفی نو تک گر گیا.

    دوسری جانب آزاد کشمیر اور شانگلہ  کی وادیوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔


    مزید پڑھیں: کے 2 کی چوٹی کے بارے میں حیران کن انکشاف


    برف باری کے باعث اسکردوکادیگرعلاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا. مری میں برف باری کے بعد سیاحوں کا رش بڑھ گیا.

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے.

    لاہور، گجرات، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے.

  • 2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں، عمران خان

    2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں، عمران خان

    ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایبٹ آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ پچھلے انتخابات میں دونوں جماعتوں میں سمجھوتا تھا، دونوں نے باریاں لیں اور فرینڈلی اپوزیشن کی، ملک کو لوٹنا ان کا مُک مُکا تھا اور دونوں جماعتیں اپنے امپائر لانا چاہتی تھیں۔

    عمران خان نے کہا کہ جب کوئی ان کی چوری پر ہاتھ ڈالتا ہے تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، 60 سال کی تاریخ میں پاکستان پر قرضہ 6 ہزار ارب تھا، بڑے بڑے ڈیم بنے، بجلی سستی تھی، 10 سال پہلے پاکستان کی ایشیا میں مثال دی جاتی تھی، لیکن ان دس سالوں میں قرضہ 6 ہزار سے 27 ہزار ارب پر پہنچ گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”بیورو کریسی ساتھ نہیں دے گی تو ہم کام یاب نہیں ہوں گے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”عمران خان” author_job=”چیئرمین پی ٹی آئی” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/imran-khan-6.jpg”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ قرضے کا بوجھ اس لیے بڑھا کہ کرپٹ لوگوں کو اداروں میں بٹھایا گیا، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر بھی ان کو نہیں پکڑ سکتی تھی، قرضے واپس کرنے کے لیے ٹیکس لگا کر قیمتیں بڑھائی گئیں، مہنگائی ٹیکس لگنے سے آتی ہے، اس طرح ملک کا اربوں روپیا چوری کر کے باہر لے جایا گیا۔

    عمران نے کہا ’کیپٹن صفدر گرفتاری دینے ایسے جا رہا ہے جیسے کشمیر فتح کر کے آیا ہے، انھیں شرم آنی چاہیے، قومیں تب مرتی ہیں جب اخلاق مر جاتے ہیں، پاکستان سب سے پیچھے رہ گیا بنگلا دیش آگے نکل گیا، دو ڈاکو زرداری اور نواز شریف ملک میں آ کر بیٹھ گئے۔‘

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ’سنا ہے اگلے جمعے باپ بیٹی مظلوم بن کر پاکستان آ رہے ہیں، ضرور آؤ، لیکن نواز شریف، نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، نیلسن منڈیلا نے 27 سال قوم کی خاطر جیل میں گزارے۔‘

    عمران خان نے کہا ’کوئی وزیر اعظم 300 ارب چوری کرلے تو اس کو باہر نکلنے کی جرأت نہیں ہوتی، لیکن یہاں غریب لوگ جیلوں میں ہیں اور طاقت ور کو پکڑنے والا کوئی نہیں ہے، پنجاب آڈیٹرجنرل رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میٹرومیں 6 ارب کا نقصان ہوا۔‘

    انھوں نے کہا کہ نا اہلی اور کرپشن سے فیصل آباد ہاؤسنگ اسکیم میں 25 ارب کا نقصان ہوا، گوجرانوالہ ہاؤسنگ اسکیم میں 24 ارب کا گھپلا ہے، ملتان ہاؤسنگ اسکیم میں عوام کو 8 ارب روپے، پنجاب ایکسائز اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو 126 ارب اور دانش اسکول میں نا اہلی سے 100 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف، نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، نیلسن منڈیلا نے 27 سال قوم کی خاطر جیل میں گزارے۔” style=”style-13″ align=”center” color=”#6193bf”][/bs-quote]

    چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر کرے گی، 25 جولائی کو نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، برطانیہ سے لوگ پاکستان میں نوکری ڈھونڈنے آئیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ بیورو کریسی ساتھ نہیں دے گی تو ہم کام یاب نہیں ہوں گے، بیورو کریسی اور ادارے اکٹھے ہوں تو پاکستان مضبوط ہوگا، شہباز شریف نے سول سروس کو بے عزت کیا، ہم سول سروس کو پروفیشنل بنائیں گے، 60 کی دہائی میں ہماری بیورو کریسی پورے ایشیا میں مانی جاتی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو آزاد امیدواروں کا نہیں بلکہ نظریاتی لوگوں کا الیکشن ہے، آزاد امیدوار 25 جولائی کو جیتے تو بھی ان کی پی ٹی آئی میں جگہ نہیں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مانسہرہ : کیپٹن صفدر کے گارڈز اور لیگی کارکنان کی اے آر وائی کے اینکر سے بد تمیزی

    مانسہرہ : کیپٹن صفدر کے گارڈز اور لیگی کارکنان کی اے آر وائی کے اینکر سے بد تمیزی

    ایبٹ آباد: مانسہرہ میں اے آر وائی نیوز کے اینکر اور کیمرہ مین پر نواز لیگ کے کارکنان نے بد سلوکی کی ہے، ہاتھا پائی کرتے ہوئے ٹیم کو انتخابی تیاریوں کی کوریج سے روکا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے مانسہرہ میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام "اعتراض ہے” کی ٹیم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کے جلسے کی کوریج کیلئے پہنچی تو وہاں کیپٹن صفدر کے نجی گارڈز نے اینکر عادل عباسی اور پروگرام ٹیم سے ناروا سلوک کیا۔

    اس موقع پر وہاں موجود ن لیگی کارکنان بھی پہنچ گئے اور اینکر عادل عباسی کو ٹیم سمیت مغلظات بکتے ہوئے وہاں سے جانے کیلئے کہا۔

    بعد ازاں اینکر نے کیپٹن صفدر سے براہ راست بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے ابا نے اے آر وائی نیوز سے بات سے منع کیا ہے اور یہ ہماری پارٹی کی پالیسی بھی نہیں ہے، لہٰذا آپ سے بات نہیں کرسکتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کا رشتہ داروں سمیت الیکشن سے دست برداری کا اعلان

    ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کا رشتہ داروں سمیت الیکشن سے دست برداری کا اعلان

    ایبٹ آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراضی کے بعد انتخابات 2018 سے دست برداری کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی این اے 15 کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت سے شدید ناراض ہوگئے تھے۔

    خیال کیا جا رہا تھا کہ ناراض رہنما سابق مشیر ہوابازی اپنے حلقے سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے لیکن انھوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    الیکشن سے دست برداری کے اعلان میں ناراض رہنما کے قریبی رشتہ بھی شامل ہیں، عباسی کے بیٹے شمعون یار خان قومی اسمبلی کے حلقے 16 اور کزن و داماد سردار فرید صوبائی اسمبلی کے حلقے 36 سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔

    ایبٹ آباد کے امیدواروں کی طرف سے ٹکٹ کی واپسی نے  ن لیگ کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، اس سے قبل پی کے 37 سے سردار اورنگزیب ، پی کے 38 سے ارشد اعوان اور پی کے 39 سےعنایت خان نے ٹکٹ واپس کیے تھے۔

    نون لیگ میں ایک اور بڑی بغاوت، پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پرسردارمہتاب ناراض


    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن سے پہلے انتشار کا شکار ہوگئی ہے، چوہدری نثار، زعیم قادری اور چوہدری عبدالغفور کے بعد دیرینہ ساتھی سردار مہتاب نےعلم بغاوت بلند کرکے نون لیگ کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امیرمقام کے کہنے پر سردار مہتاب کو ٹکٹ نہیں دیا گیا، جس پر وہ پارٹی سے ناراض ہوگئے تھے، ان کی جگہ مرتضیٰ عباسی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔