Tag: abbottabad

  • ایبٹ آباد : دوخواتین سمیت چھ ملزمان گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    ایبٹ آباد : دوخواتین سمیت چھ ملزمان گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    فیروز والا / ایبٹ آباد : حساس اداروں نے کارروائی کرکے دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کے قبضہ سے اسلحہ بارود برآمد ہوا ہے، ملزمان کوتفتیش کیلئے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے نواحی علاقے منڈیاں میزائل چوک میں خفیہ اطلاعات پر حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتارکرلیا، جن کے قبضہ سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے،.

    ذرائع کے مطابق گرفتارخواتین پر شبہ ہے کہ چارسدہ یونیورسٹی پر حملہ کی سہولت کار نہ ہوں، گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر تفتیش کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے.

    یاد رہے کہ صوبائی محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے پہلے ہی ایبٹ آباد کے بائیس مقامات کو سیکورٹی کے حوالے سے حساس قرار دے دیا تھا۔

    علاوہ ازیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں نجی یونیورسٹی کے ریکٹر کو حراست میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی فیروز والا میں چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں نجی یونیورسٹی کے ریکٹر قیصر شہریار کو حراست میں لے لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دہشت گردوں کیلئے سہولت کار کے طور پر سرگرم تھا۔ سی ٹی ڈی نے قیصر شہر یار کو تفتیش  کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

  • ہزارہ صوبہ کے قیام کیلئے دوکمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

    ہزارہ صوبہ کے قیام کیلئے دوکمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

    ایبٹ آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور اورصوبہ ہزارہ تحریک کے چئیر مین سردار محمد یوسف نے ہزارہ صوبہ کے قیام کیلئے دوکمیٹیاں تشکیل دے دی۔

    کمیٹی وفاقی اور صوبائی سطع پر ارکان پارلیمنٹ سے صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے ان سے مشاورت اور انھیں اعتماد میں لے گی تاکہ صوبہ ہزارہ کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔

    ایبٹ آباد کے پی کے ہاؤس میں سردار یوسف کی سربراہی میں ہزارہ ڈویثرن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سنیٹڑز اور ضلعی ناظمین اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے شہداء ہزارہ کی قربانیوں پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا، اور حکومت سے رائے شماری کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔

    اس کیساتھ ساتھ ضلعی و تحصیل اسمبلیاں جلد صوبہ ہزارہ کی قراردادیں پاس کریں گی،سردار یوسف کا کہنا تھا کہ ہزارہ کی تمام سیاسی جماعتیں،اور تنظیمیں صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے متفق ہیں۔

    حکومت کی جانب سے فاٹا ریفارمز کمیٹی میں بھی صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے ان سے بات چیت کی جائے گی۔

  • صرف سڑکیں بنانے سے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں ملیں گے، پرویز خٹک

    صرف سڑکیں بنانے سے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں ملیں گے، پرویز خٹک

    ایبٹ آباد : خیبر پختو نخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کاایجنڈہ نظام کو ٹھیک کرنا اور عام آدمی تک انصاف کی فراہمی ہے،صرف سڑکیں بنانے سے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں ملیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ایک ہفتے کے اندر تمام پٹواریوں کو اپنے حلقہ میں بیٹھنے کا پابند کریں بصورت دیگر ڈی سی کے خلاف کاروائی ہو گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں مری روڈ کشادگی منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ صوبہ میں پولیس، محکمہ مال، اسپتالوں اور اسکولوں کے نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے، دو ہزار سترہ تک محکمہ مال کے نظام کو کمپوٹرائزڈ کر دیا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم سے غیر حاضر رہنے والے پندرہ سواساتذہ کو فارغ کیا گیا ہے، صوبہ میں اس وقت چالیس ہزار اساتذہ کی کمی ہے جسے پورا کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو وزیر اعلیٰ اور وزیروں کے اختیارات تھے وہ نچلی سطح پر بلدیاتی ممبران کو منتقل کر دئیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں بھی ٹریفک وارڈن کا نظام لایاجارہا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔

  • ایبٹ آباد : ڈاکٹرز کا احتجاج، پولیو مہم خطرے میں پڑ گئی

    ایبٹ آباد : ڈاکٹرز کا احتجاج، پولیو مہم خطرے میں پڑ گئی

    ایبٹ آباد :پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹروں کوپانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر ڈاکٹروں نے اس ماہ شروع ہونے والی پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

    ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث لاکھوں بچوں کا پولیو وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی پی ایچ آئی اور ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث ضلع بھر کے بی ایچ یوز میں تعینات اکتالیس ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو گزشتہ پانچ ماہ سے تنخوائیں ادا نہیں کی گئیں۔

    تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث سترہ دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کا ڈاکٹروں کی جانب سے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ بی ایچ یوز میں او پی ڈیز سروسز بھی بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    جہاں پولیو سے لاکھوں بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے وہیں بی ایچ یوز کی بندش کے باعث دور دراز کے علاقوں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    دوسری جانب پی پی ایچ آئی اور ضلعی انتظامیہ ڈاکٹروں کے مطالبات کو حل کرنے میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے۔

  • ایبٹ آباد میں انسداد پولیو مہم پھرخطرے میں پڑ گئی

    ایبٹ آباد میں انسداد پولیو مہم پھرخطرے میں پڑ گئی

    ایبٹ آباد : انسداد پولیو مہم ایبٹ آباد میں خطرے میں پڑ گئی، ڈاکٹرز نے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات نکے مطابق ایبٹ آباد میں پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹروں کو چار ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں ڈاکٹرز نے حکومت کو متنبہ کیاہے کہ بچوں کو ویکسین کے قطرے نہیں پلائیں گے۔

    ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی نااہلی کی وجہ سے پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹروں کو چار ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس پر ڈاکٹر سراپا احتجاج ہیں ۔

    ڈاکٹروں نے ڈی ایچ او آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دسمبر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کی وجہ سے ہزاروں بچے قطرے پینے سے محروم رہ جائیں گے۔

  • پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ میں میر شکیل الرحمان کیس کی سماعت

    پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ میں میر شکیل الرحمان کیس کی سماعت

    پشاور: ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ میں جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کیس کی سماعت، عدالت نے آئندہ سماعت پر بلوچستان ہائی کورٹ کی کیسز کو یکجا کرنے کے فیصلہ کی کاپی پیش کرنے کا حکم دے دیا.

    جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس قلندر علی پر مشتمل ڈبل بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں ڈی ایس پی لیگل حافظ جانس اور ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کے ملک بھر میں ہونے والے کیسز کو یکجا کرکے ایک عدالت میں سننے کا حکم دیا ہے، جس پر عدالت نے فیصلہ کی کاپی مانگی۔

    تاہم کاپی پپیش نہ کرنے پر عدالت نے آئندہ سماعت تک فیصلہ کی نقل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت میں درخواست سردار بلال مرتضی کے وکیل سردار امان ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی، عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

    عدالت نے گزشتہ سماعت پر جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کی عدم گرفتاری پر شدید بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا پولیس کو حکم دیا تھا۔

  • ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس ڈاکٹرز اورنرسز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری

    ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس ڈاکٹرز اورنرسز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری

    ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس ایبٹ آباد میں ڈاکٹروں اور نرسز کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہو گئی،ماسوائے ایمرجنسی کور کے وارڈز اور او پی ڈیز میں مریضوں کا معائنہ کرنے سے انکار کردیا۔

    ڈاکٹروں نے اسپتال میں سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    کے پی کے حکومت کی جانب سے اسپتالوں مین یونین پر پابندی بے سود نکلی، مریض کی ہلاکت کے بعدلواحقین کی جانب سے اسپتال میں تورپھوڑ کے بعد ڈاکٹرز اور نرسز یونین نے ہرتال شروع کردی۔

    چار روز گزر جانے کے بعد بھی ڈاکٹروں اور نرسز نے ہرتال ختم نہیں کی ، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اسپتال میں ڈاکٹرز اور نرسز ایمرجنسی کے سواء تمام دیگر شعبوں میں کام چھوڑ ہڑتال کررہے ہیں، ڈاکٹروں اور نرسزنے احتجاجی ریلی بھی نکالی اور مطالبہ کیا کہ جب تک انھیں مکمل سیکورٹی فراہم نہیں کی جاتی ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔

    دوسری جانب سیکرٹری صحت کے پی کے مشتاق جدون کی جانب سے بھی ہڑتالی ڈاکٹروں اور نرسز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

  • سانحہ منیٰ: شہید پاکستانیوں کی تعداد95تک پہنچ گئی، سردار محمد یوسف

    سانحہ منیٰ: شہید پاکستانیوں کی تعداد95تک پہنچ گئی، سردار محمد یوسف

    ایبٹ آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد95تک پہنچ گئی ہے۔

    جبکہ 22پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، حج آپریشن کے ذریعے52000 پاکستانی واپس وطن پہنچ گئے ہیں، جبکہ89000 پاکستانی تاحال سعودی عرب میں موجودہیں۔

    محرم الحرام میں امن وامان بر قرار رکھنے اورباہمی اتحاد قائم کرنے کیلئے علمائے کرام کا اجلاس تیرہ اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔

    ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں سردار ابرار کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں سردار یوسف کا کہنا ہے کہ سانحہ منی میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے تین لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی،تاہم سعودی حکومت کی جانب سے کسی امداد کا علم نہیں ہے۔

    سردار یوسف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی طرح ملک کے دیگر صوبوں میں اوقات نماز اور اذان کا ایک وقت مقر ر کرنے کیلئے بھی علمائے کرام سے مشاورت جاری ہے، اور کلینڈران کی وزارت خود بنا کر دے گی۔

  • کنٹو نمنٹ بورڈ ایریاز میں افغانیوں کی رہائش اور کاروبارپرپابندی عائد

    کنٹو نمنٹ بورڈ ایریاز میں افغانیوں کی رہائش اور کاروبارپرپابندی عائد

    ایبٹ آباد : سیکورٹی صورتحال کے پیش نظرایبٹ آباد میں کنٹو نمنٹ بورڈ کی حدود میں افغانیوں کی رہائش اختیار کرنے اور کاروبار کرنے پر پابندی عائدکر دی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد انتظامیہ نے رہائش پذیر تمام افغانیوں کو متنبہ کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر اندر تمام افغانی اپنا کاروبار اور زیر استعمال رہائش کینٹ بورڈ کی حدود سے منتقل کریں،بصورت دیگرآپریشن کے ذریعے انہیں نکالا جائے گا۔

    وائس چئیر مین کنٹو نمنٹ بورڈ سردار ذوالفقار علی بھٹو کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایبٹ آباد کینٹ بورڈ کی حدود میں افغانیوں کو رہائش رکھنے اور کاروبار کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق جو افغانی کاروبار جن میں زیر استعما ل مارکیٹیں، دوکانیں ، ریڑھی اور تھڑے ودیگر شامل ہیں انھیں ایک ماہ کے اندر کینٹ حدود سے منتقل کریں اور اس کے ساتھ اپنی زیر استعمال رہائش گاہوں کو بھی کینٹ کی حدودسے خالی کریں ۔

    ایک ماہ بعد کینٹ بورڈ آپریشن کے ذریعے انہیں نکالے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

    یہ پابندی حساس علاقہ میں سیکورٹی کی صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے، ایبٹ آباد کنٹو نمنٹ حدود میں بڑے پیمانے پر افغانیوں نے رہائش اور کاروباراختیار کررکھا ہے۔

  • ایبٹ آباد ، ڈینگی بخار نے مزید چار افراد کی جان لے لی

    ایبٹ آباد ، ڈینگی بخار نے مزید چار افراد کی جان لے لی

    ایبٹ آباد : ڈینگی بخار میں مبتلا چار مریض جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں،ضلعی انتظامیہ ڈینگی کو روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حویلیاں اور گردونواح کے علاقوں میں ڈینگی کے کیسز میں آئے روز اضافہ ہونے لگا۔

    ڈینگی سے حویلیاں میں دو مرد اور دو خواتین اس بیماری کی نظر ہو گئے، ایوب میڈیکل کمپلکس اوربے نظیر شہید اسپتال میں ڈینگی بخار کیلئے تا حال الگ وارڈ قائم نہیں کیا جا سکا۔

    جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو مریضوں کی داد رسی کی گئی اور نہ ہی ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں فوگ اسپرے کیا گیا،جس کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    پی پی ایچ آئی کی جانب سے حویلیاں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا،جہاں ڈینگی سے متاثرہ علاقوں کے مریضوں کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔