Tag: abdul Hafeez Pirzada

  • سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ کو ان کے آبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، عبدالحفیظ پیرزادہ نے سوگواران میں ایک بیوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ کی میت بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی سے سکھر لائی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

      نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ،سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی ،میر ہزار بجارانی ممتاز بھٹو، نادر لغاری ،سیدناصر شاہ اور سینیٹر اسلام الدین شیخ سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران ججز وکلاء سماجی اور مذہبی رہنماﺅں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    بعد ازاں انہیں ان کےآبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ عبدالحفیظ پیرزادہ یکم ستمبرکو لندن میں پچھترسال کی عمرمیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

    انہوں نے انیس سو تہتر کےآئین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ کا شمار پیپلزپارٹی کے بانی اراکین میں سے تھا، جنہوں نے تیس نومبر انیس سو سڑسٹھ میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔

    وہ ذوالفقار علی بھٹوکے قریبی ساتھی اور قانونی مشیر بھی رہے اور کئی وزارتوں کا قلم دان سنبھالا۔

  • ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ لندن میں انتقال کرگئے

    ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ لندن میں انتقال کرگئے

    لندن : ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ لندن میں پچھترسال کی عمرمیں انتقال کرگئے، انہوں نے انیس سو تہتر کےآئین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔

    معروف قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ نے انیس اکتالیس میں سندھ کے معروف سیاسی خاندان میں آنکھ کھولی، والد پیرزادہ عبدالستار سندھ کے وزیراعلی بھی رہے، عبدالحفیظ پیرزادہ نے کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن کے بعد ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے سندھ یونی ورسٹی سے ایل ایل ایم کیا، وکالت کا آغاز سندھ ہائی کورٹ سے کیا ۔

    عبدالحفیظ پیرزادہ کا شمار پیپلزپارٹی کے بانی اراکین میں سے تھا، جنہوں نے تیس نومبر انیس سو سڑسٹھ میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی، وہ ذوالفقار علی بھٹوکے قریبی ساتھی اور قانونی مشیر رہے اور کئی وزارتوں کا قلم دان سنبھالا، انیس سو تہتر کے آئین تشکیل دینے والی کمیٹی کے ممبر بھی رہے۔

    انیس سو ستتر میں عبدالحفیظ پیرزادہ پیپلزپارٹی کے ان تین اہم اراکین میں شامل تھے، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیے، وہ وزارتِ خزانہ کے منصب پر فائز تھے، جب جنرل ضیاالحق نے پیپلزپارٹی کی حکومت ختم کرکےاقتدار سنبھالا۔

    عبدالحفیظ پیرزادہ نے کئی تاریخی مقدمات کی عدالتوں میں پیروی کی ، جن میں ذوالفقار علی بھٹوکیس سرفہرست ہے، انہوں نے پرویز مشرف کیس ، اصغر خان کیس اور انتخابی دھاندلی کے مقدمے کی بھی اعلیٰ عدالتوں میں پیروی کی، انہوں نے ملک میں جمہوریت اور آمریت کے ادوار کو قریب سے دیکھا اور اقتدار کی غلام گردشوں میں جاری کھیل کے عینی شاہد تھے۔