Tag: Abdul Hafeez Shaikh

  • عدالت نے عبدالحفیظ شیخ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

    عدالت نے عبدالحفیظ شیخ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

    کراچی: سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے ان کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے وطن واپسی پر نیب کو حفیظ شیخ کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے، اور دس روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے حفیظ شیخ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عبدالحفیظ شیخ نے احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے، وہ دبئی میں رہائش پذیر ہیں، اور نیب سے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ حفیظ شیخ کے خلاف کراچی کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے، ان پر قومی خزانے کو 11.25 ملین ڈالر نقصان پہنچانے کا الزام ہے، اور احتساب عدالت نے حفیظ شیخ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو 18 اپریل 2020 کو وزیر اعظم نے مشیر برائے خزانہ مقرر کیا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کے بعد حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ سے وزیر خزانہ بنایا گیا، انھوں نے 10 دسمبر 2020 کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا، اور سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد 28 مارچ 2021 کو انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

  • اختیارات کا ناجائز استعمال،  نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    اختیارات کا ناجائز استعمال، نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    کراچی : قومی احتساب بیورو کراچی چیپٹر نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبد اللہ یوسف اور دیگر کے خلاف اختیارات کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ریجنل بورڈ کی 2 ریفرنسز اور2شکایات انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ منظور شدہ مقدمات میں قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایاگیا ، ایل یو، بورڈ آف ریوینیو سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی شکایت کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق ملزم غلام مصطفی پھل،سابق ممبر ایل یو اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں جبکہ ڈی سی آصف میمن ،ای ڈی اواور دیگر بھی ملوث نکلے، ملزمان نے قیمتی سرکاری زمین کی کوڑیوں کے نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔

    نیب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈآف ریونیوافسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سفارش کردی ہے ، ملزمان میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق چئیرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 اعشاریہ 125 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

    بورڈ نے ڈی سی غربی فیاض سولنگی کے خلاف انکوائری کی اجازت دے دی، ملزم فیاض سولنگی کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے میگا کرپشن کیسز میں کامیاب تفتیش پر مشترکہ کمیٹیوں کو سراہا۔

  • میں حفیظ شیخ کی فتح کا اعلان کرنے آئی ہوں ،فردوس عاشق

    میں حفیظ شیخ کی فتح کا اعلان کرنے آئی ہوں ،فردوس عاشق

    اسلام آباد : : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں نوٹ کی سیاست دفن ہونے جارہی ہے،  میں حفیظ شیخ کی فتح کا اعلان کرنے آئی ہوں۔

    یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب کی ووٹنگ کے نتائج سے حقیقت سامنے آئے گی، پاکستان کی سیاست میں نوٹ کی سیاست دفن ہونے جارہی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مخالفین سینیٹ میں ہاری ہوئی بازی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں، ہر آنے والا دن عمران خان کے مؤقف کو درست ثابت کررہا ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کرپشن کے بت بے نقاب ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے والوں نے وقت آنے پر پسپائی اختیار کی، ایوان کے لیے چھترا منڈی لگائی گئی
    سینیٹ کی سیٹ کے لیے پیپلزپارٹی نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی خریداری والی ویڈیو کے بعد جاتی امرا میں خاموشی چھائی ہوئی ہے اور ،راج کماری صاحبہ کا ٹوئٹر بھی خاموش ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں حفیظ شیخ کی فتح کا اعلان کرنے آئی ہوں ایک بہن ہونے کی حیثیت سے دعا دینے آئی ہوں۔ حفیظ شیخ پاکستان کا خوبصورت درخشاں چہرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے۔وہ صرف پی ٹی آئی کی ہی نہیں ملک کی بھی ضرورت ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی محاذ پر جو کمانڈر کھڑا ہے اسے طاقت دینے کی ضرورت ہے ووٹوں کی طاقت ان کا اسلحہ بارود ثابت ہوگا۔ ووٹوں کی طاقت کومعاشی محاذ پر عوام کی بہتری کیلئےاستعمال کریں گے۔

  • وزیر اعظم نے وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو ایک اور بڑی ذمہ داری دے دی

    وزیر اعظم نے وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو ایک اور بڑی ذمہ داری دے دی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے وزیرخزانہ حفیظ شیخ پر ایک اور ذمہ داری ڈال دی اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو ریونیو کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے جاری ہونے والے حکم نامے میں وزیرخزانہ حفیظ شیخ وزارت خزانہ کے ساتھ ریونیو کا قلمدان بھی سنبھالیں گے۔

    اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اطلاق فوری پر ہوگا، یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے غیرمنتخب شخص کو6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بناسکتے ہیں۔

    قبل ازیں عبدالحفیظ شیخ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ تھے تاہم گزشتہ دنوں وزیراعظم نے انہیں وفاقی وزیر بناتے ہوئے وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا تھا۔

  • برطانوی حکومت کی  پاکستان کو معاشی  بہتری کیلئے مکمل تعاون یقین دہانی

    برطانوی حکومت کی پاکستان کو معاشی بہتری کیلئے مکمل تعاون یقین دہانی

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کو مکمل تعاون یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا برطانوی حکومت معاشی اور معاشرتی بہتری کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ حفیظ شیخ سے برطانوی ہائی کمشنرکی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مشترکہ مفادات کےمعاملات زیر بحث آئے۔

    مشیرخزانہ نے معاشی اقدامات کے حوالے سے برطانوی ہائی کمشنرکو آگاہ کرتے ہوئے کہا معیشت پرکوروناکےاثرات کوکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائےگئے ، غریب اور نادار طبقے کا تحفظ کیا گیا۔

    حفیظ شیخ نے برطانوی ہائی کمشنرکومعاشی آؤٹ لک پر بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا پاکستان کی ترسیلات زر اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، پہلےسہ ماہی میں ایف بی آرمحصولات میں اضافہ،جاری خسارہ سرپلس ہوا، اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی سےمعاشی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کومکمل تعاون یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا برطانوی حکومت معاشی اور معاشرتی بہتری کیلئےہر ممکن مدد کرے گی۔

  • گندم کی امدادی قیمت سے متعلق ای سی سی کا بڑا فیصلہ

    گندم کی امدادی قیمت سے متعلق ای سی سی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق گندم کی امدادی قیمت میں دو سو روپے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد گندم کی نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کر دی گئی ہے، اس سے قبل امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر تھی۔

    اجلاس میں ای سی سی کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے زیر اہتمام گندم کی درآمد پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو ہزار دس سے اب تک چار بار گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کی گئی، اس کے علاوہ گندم کی درآمد کا حجم 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، ساتھ ہی شرکا کو بتایا گیا کہ جنوری2021تک ٹی سی پی10لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرلے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: ای سی سی کی گھریلو اور کمرشل صارفین کیلئے آر ایل این جی فراہم کرنے کی منظوری

    ای سی سی اجلاس میں وزارت فوڈ کی جانب سے روس سے مزید 3 لاکھ 20ہزار ٹن گندم درآمد کی تجویز کی توثیق بھی کی گئی۔New wheat support price to add Rs3b to farmers' kitty | The Express Tribuneاقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن کے 50 فیصد ٹیرف سبسڈی فرق کےاجرا کی بھی منظوری دی گئی، پاور ڈویژن کو دیئےجانے والے65.8 ارب بجلی پیدا کرنے والی کمپنیز کو دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ اضافی بجلی صنعتوں کو 12.96 روپے فی یونٹ پرفراہم کرنےکی بھی منظوری دی گئی۔

  • حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے، عبدالحفیظ شیخ

    حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے، عبدالحفیظ شیخ

    لاہور : مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پرتوجہ نہیں دی گئی، حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا، تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    مشیر خزانہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ماضی کی بات نہ کریں، ماضی کی پالیسی سے ملکی معیشت کو فائدہ نہیں ہوا، حکومت بہتر پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی، ماضی کے نقصانات سے نکلنے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے، انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا، حکومت کو اچھا ماحول مہیا کرکے پرائیوٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

    عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ خام مال پر ہزاروں روپے کی درآمدی ڈیوٹی کو صفر کیا ہے، دوسری جانب حکومتی اخراجات پربھی قابو پایا گیا، ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 100فیصداضافہ ہوا۔

    اس کے علاوہ کورونا سے قبل ہماری کارکردگی کو عالمی اداروں نے بھی سراہا،5سال کے دوران ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا، ماضی میں درآمدات بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہوئی۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : ای سی سی کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس کی صدارت مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایجنڈے میں نو نکات پر بات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اہم اجلا س آج ہوگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایجنڈے میں 9نکات پر بات چیت ہوگی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں این ڈی ایم اے کو ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے 10کروڑ روپے کی فراہمی کے علاوہ این ڈی ایم اے کو کورونا سے نمٹنے کیلئے 5کروڑ ڈالرکی فراہمی کی سمری بھی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ وزارت داخلہ کی رینجرز کیلئے23.5کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ اور اٹامک انرجی کمیشن کیلئے ایک ارب 30کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ پر غور ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ریلیف پیکج سے متعلق سمری اور پی آئی اے کو مارک اپ کی ادائیگی کیلئے مالی اعانت کی فراہمی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

  • بجٹ میں 10 قسم کے ود ہولڈنگ ٹیکسز کو ختم کیا جا رہا ہے: مشیر خزانہ

    بجٹ میں 10 قسم کے ود ہولڈنگ ٹیکسز کو ختم کیا جا رہا ہے: مشیر خزانہ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 10 قسم کے ود ہولڈنگ ٹیکسز کو ختم کیا جا رہا ہے، 2 سال میں 5 ہزار ارب روپے کی قرضوں کی ادائیگی کی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال سے متعلق آگاہ کرنا چاہتا ہوں، بجٹ کرونا وائرس سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہے، 9 ماہ کے دوران حکومت نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو قرضوں کا حجم 30 ہزار ارب تھا، 2 سال میں 5 ہزار ارب روپے کی قرضوں کی ادائیگی کی۔ صوبوں کو دینے کے بعد وفاق کی آمدن 2 ہزار ارب بنتی ہے، تحریک انصاف حکومت نے اس سال 27 سو ارب روپے کے قرضے واپس کیے۔ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے سخت اقدامات کیے، اسٹیٹ بینک سے کوئی قرض نہیں لیا، کسی ادارے کو کوئی گرانٹ نہیں دی۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا سے پہلے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہو رہا تھا، ہمارے پاس ٹیکس کے بڑھنے کی شرح 27 فیصد تھی، حکومت آئی تو زر مبادلہ کے ذخائرختم ہو چکے تھے، تحریک انصاف کو 5 ہزار ارب روپے قرضوں کی مد میں واپس کرنے پڑے ہیں، ماضی میں لیے گئے قرضوں کے سود کی مد میں 27 سو ارب دینے پڑے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے آئی ایم ایف کے مطابق پوری دنیا میں آمدن 4 فیصد گرے گی، کرونا سے ہماری معیشت میں 3 ہزار ارب کی کمی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 1 کروڑ 60 لاکھ افراد میں سے 1 کروڑ کو نقد رقوم فراہم کردی گئیں، 280 ارب روپے کی گندم کی خریداری کی گئی، کاشتکاروں کی بہتری کے لیے 280 ارب کی خریداری کی گئی، چھوٹے کاروباری افراد کے 3 ماہ کے بجلی کے بل دیے گئے، زرعی شعبے کو بہتری کے لیے 50 ارب دیے گئے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوشش کی کہ جتنا فائدہ عوام کو دے سکتے ہیں دیں، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی، حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش گرانٹ اور گندم خریداری کے لیے فنڈز مختص کیے، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی خصوصی پروگرام شروع کیا گیا، عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کومنتقل کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم قرض وزیر اعظم ہاؤس کے لیے نہیں لے رہے، نئے قرض ماضی کے قرضوں کی ادئیگی کے لیے لے رہے ہیں، اس کے باوجود ہم نے کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا، ہم حکومتی اخراجات کم کریں گے اور ترقیاتی بجٹ بڑھائیں گے، احساس پروگرام کے لیے مزید رقم مختص کریں گے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے حالات میں اب آگے کی طرف دیکھنا ہے، اس سال 29 سو ارب روپے پھر قرضوں کی مد میں دینے ہیں، واجب الادا قرضوں کی ادائیگی میں کمی ممکن نہیں، یہ رقوم عوام پرخرچ کرنے کے خواہاں ہیں، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ ہم اخراجات کو کم کر رہے ہیں اور کیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 10 قسم کے ود ہولڈنگ ٹیکسز کو ختم کیا جا رہا ہے، امپورٹ پر ڈیوٹی کو ساڑھے 5 سے کم کر کے ڈیڑھ فیصد کیا جا رہا ہے، تعمیراتی شعبے کے لیے تاریخی پیکج دیا، کیپٹل گین ٹیکس کم کیا جا رہا ہے، سیمنٹ پر 15 روپے فی بیگ کمی کی جارہی ہے۔ ریلیف کے لیے 40 سے 50 ارب کی ڈیوٹیز واپس لے رہے ہیں، ٹیکس ریلیف کے لیے 40 سے 50 ارب کی ڈیوٹیز واپس لے رہے ہیں۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں جو اقدام بھی کریں وہ عوام کی بھلائی کے لیے ہو، ہماری سیونگز ٹیکسوں کی طرح ہدف سے کم رہتی ہیں، ہمارے لیے سیونگز کو بڑھانا ایک چیلنج ہے۔

  • حکومت کا بنیادی مقصد معیشت کی ترقی ہے: مشیر خزانہ

    حکومت کا بنیادی مقصد معیشت کی ترقی ہے: مشیر خزانہ

    کراچی: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کے بنیادی مقاصد میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے، برآمدات میں اضافے اور درآمدات کے لیے کسٹم کا کردار اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کسٹم ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم کی کارکردگی قابل ستائش اور پاکستانی معیشت میں کردار اہم ہے۔

    عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی اور اوور سیز پاکستانیوں کو ملک آمد پر بہترین سہولتیں دینا ضروری ہے، کسٹم حکام کو اس ذمے داری کو پورا کرنے اور ادارے کا تاثر بہتر بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید اصولوں کے مطابق خدمات کو بہتر بنانا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان آنے والوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ کسٹم پاکستان کا چہرہ ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے پاکستان کیسا ہے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قومی اہداف پورے کرنے کے لیے کسٹم کا کردار اہمیت کا حامل ہے، لوگ کسٹم سے متعلق پریشانی نہیں چاہتے۔ اوور سیز پاکستانی آمد پر خوش اسلوبی سے کسٹم سے گزرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنیادی مقاصد میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے، برآمدات میں اضافے اور درآمدات کے لیے کسٹم کا کردار اہم ہے۔ محصولات لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے یا ہراساں کیے بغیر بڑھانے ہیں۔ حکومت دیگر سرکاری اداروں کی طرح کسٹم کو بھی وسائل سے لیس کرے گی۔