Tag: Abida Perveen

  • معروف امریکی گلوکارہ، عابدہ پروین اور راحت کے کس گانے کی مداح نکلیں

    معروف امریکی گلوکارہ، عابدہ پروین اور راحت کے کس گانے کی مداح نکلیں

    نیویارک:معروف ہالی ووڈ اسٹار جاڈا پنکیٹ اسمتھ پاکستانی گلوکاروں کی مداح ہیں اور صوفی موسیقی سننا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان سے عقیدت کا اظہار سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ۔

    تفصیلات کے مطابق جاڈا اسمتھ ادکارہ اور گلوکارہ ہونے کے ساتھ معروف اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ بھی ہیں اور ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کے کوک اسٹوڈیو کے گانے کو شیئر کیا۔

    پوسٹ میں انہوں نے لکھا عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان صوفی موسیقی کے لیے میری دو پسندیدہ آوازیں ہیں، اس گانے چھاپ تلک کو یوٹیوب پر جاکر دیکھیں، یہ بہت خوبصورت ہے۔انہوں نے ان دونوں کو اپنا پسندیدہ قرار دیا اور اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے جاڈا کے خیالات کو سراہا۔

    ایک صارف نے امریکی اداکارہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو مثبت انداز سے پیش کرنا اچھا لگا، خصوصاً اس وقت جب میڈیا اور مخالف ممالک ملک کے بارے میں منفی خبریں پھیلارہے ہیں۔

    اردو نہ سمجھنے والے افراد نے بھی اس پوسٹ کے بعد گانے کو سراہا ۔ایک لکھا کہ میں زبان تو نہیں سمجھ پارہی مگراس کی روح اور نبض کو محسوس کررہی ہوں، ایسی موسیقی خوبصورت ہوتی ہے۔

     

  • بھٹ‌شاہ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار

    بھٹ‌شاہ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار

    بھٹ شاہ: معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کے قریب گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی میں مشتبہ شخص کی موجودگی کے بعد اُسے  پولیس نے گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکارہ عابدہ پروین شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے دوسرے روز کلام پیش کر کے گاڑی کی طرف واپس لوٹیں تو اُن کی گاڑی میں مشتبہ شخص موجود تھا، جس پر وہ گاڑی سے باہر نکل گئیں اور پولیس سے مدد طلب کی۔

    گلوکارہ کی جانب سے مدد طلب کرنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے اُن کی گاڑی میں موجود شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ نمائندہ  کے مطابق عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

    سانحہ شاہ نورانی کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد صوفی بزرگ کے عرس پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے تھے تاہم مشتبہ شخص اُن کی گاڑی تک پہنچنے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ اندر بھی بیٹھ گیا۔

    فنکاروں کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے باوجود حکومت کی جانب سے فنکاروں کو کوئی مناسب سیکورٹی فراہم نہیں کی جاتی جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا ۔۔

  • کوک اسٹوڈیو 9 کا پہلا ٹریلر جاری، شہداء پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت

    کوک اسٹوڈیو 9 کا پہلا ٹریلر جاری، شہداء پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت

    کراچی: پاکستان کے مشہور میوزیکل پروگرام کوک اسٹوڈیوسیزن 9 کا پہلا ٹریلر جاری،فنکاروں نے’’اے راہ حق کے شہیدوں‘‘ ترانے گا کر شہدائے پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو کی جانب سے جاری کردہ 3 منٹ کی اس ویڈیو میں پاکستان کے معروف گلوکاروں عابدہ پروین، راحت فتح علی خان، شہید امجد صابری، علی عظمت، نوری، فاخر، قرۃ العین بلوچ، میشاشفیع، زیب بنگش، صنم ماروی، عمیرجسوال، احمد جہانزیب، سائیں ظہور، نصیبو لال، رفاقت علی، جاوید بشیراور نعیم عباس روفی سمیت نئے نوجوان گلوکاروں نے اپنی آوازوں کا جادو جگاتے ہوئے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربانیں کرکے ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    کوک اسٹوڈیو کا ٹریلر جاری ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے اس کو بہت پذیرائی ملی جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختصر وقت میں   #CokeStudio9 ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔ کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ویڈیو نشر ہونے کے بعد شہید قوال امجد صابری کو عوام الناس کی جانب زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس ویڈیو پر اپنے دلی تاثرات پیش کیے، ویڈیو میں جہاں دیگر فنکاروں نے نغمے کے کچھ اشعار پڑھے وہی امجد صابری کے حصے میں  ’’حسین پاک نے ارشاد یہ کیا ہوگا‘‘ آئے جس کے بعد ان کے مداحوں میں ایک بار پھر اُن کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی۔ یاد رہے کوک اسٹوڈیو کی جانب سے گزشتہ سیزن کے آغاز کے موقع پر ملی نغمہ سوہنی دھرتی پیش کیا گیا تھا جسے سامعین نے بہت سراہا تھا۔ قبل ازیں یہ نغمہ 60 کی دہائی میں میڈم ’’نورجہاں‘‘ کی آواز میں ریکارڈ گایا گیا تھا جو سامعین میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرتا ہے۔