Tag: About 09 May

  • چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا، عوامی ردعمل

    چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا، عوامی ردعمل

    کراچی : نو مئی کو ہونے والے افسوسناک واقعات کے بعد پاکستان بھر کے عوام نے دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی ہے۔

    اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں اے آر وائی نیوز نے عوامی رائے جاننے کیلئے ایک سروے کیا اور شہریوں سے گفتگو کی جس میں انہوں نے نو مئی کے اقدام اور چیئرمین پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے متعلق اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں ایک شہری کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاستدان نے باہر جاکر ملک کو بدنام نہیں کیا جس طرح انہوں نے کیا، ایک نے کہا کہ جو دوسروں کیلئے گڑھا کھودتا ہے وہ خود اس میں گرتا ہے۔

    ایک شہری نے کہا کہ ملک کی اتنی بڑی جماعت کے سربراہ کو ملک اور فوج کیخلاف بیان بازی کرنا زیب نہیں دیتا، عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہوئی، انہوں نے کہا کہ ہم اس کے بیانات اور اقدامات کی مذمت اور پاک فوج کی حمایت کرتے ہیں۔

  • 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، مریم نواز

    9 مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، مریم نواز

    ملتان : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، واقعہ تکلیف دہ تھا لیکن اچھا ہوا دشمن پہنچان لیا گیا۔

    پنجاب کے شہر شجاع آباد میں مسلم لیگ ن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
    ماسٹر مائنڈ کہتا ہے کارکنوں نے ایسا کردیا مجھے کیا پتا، لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل جائے اور کارکنوں پر آنچ نہ آنے دے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ فوج کو جھکا لے گا مگر چال اُلٹی پڑ گئی، فوج کے خلاف بغاوت کے لیے نکلا تھا اب ان سے بات چیت کی بھیک مانگ رہا ہے۔

    نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کرنل شیرخان کے بھائی نے کہا کہ ان کی یادگار ہمارا اثاثہ تھی اسے بھی جلادیا گیا، جنہوں نے شہداء کی بےحرمتی کی کیا وہ کسی رحم کے مستحق ہیں؟ شہداء کی توہین کرنے والے سن لیں قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، یہ قوم شہداء کی تذلیل کرنے والوں چین سے نہیں رہنے دے گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک بھی کارکن نواز شریف کو چھوڑ کرنہیں گیا، ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کرنے والوں کی اپنی جماعت ٹوٹ گئی، اب وہ جماعت اتنی سی ہوگئی ہے کہ ایک چنگچی میں پوری آجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنی جماعت کا صدر، جنرل سیکرٹری، چیف آرگنائرز، ترجمان اور ووٹر بھی خود ہی ہے، جس کے جہاز میں جماعت آئی تھی اسی کے جہاز میں واپس بھی چلی گئی، وہ کہتا تھا 26سال کی محنت سے جماعت بنائی جو 26منٹ میں کرچی کرچی ہوگئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کا مستقبل چھین کر ان کے ہاتھوں میں پیٹرول بم پکڑا دیے، تکبر میں بڑے دعوے کیے، کہتا تھا کہ ان کو رلاؤں گا، ن لیگ کو رلانے والا باجماعت دھاڑیں مار کر رورہا ہے۔

    نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کیا نوازشریف نے ایک بار بھی کہا یہ املاک جلادو؟،جو ملک بناتا ہوں وہ ملک جلاسکتا ہے؟ درد تو اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، جس نے ایک ایک اینٹ سے ملک تعمیر کیا اسی کو ملک کا درد ہوگا، بڑی دفعہ ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، ہمیشہ جمہوری جدوجہد سے انتقام کا سامنا کیا، جن ہاتھوں نے میٹرو بس بنائی ہو کیا وہ میٹرو بس جلا سکتے ہیں؟ جو ہاتھ ملک تعمیر کر سکتے ہیں وہ ملک نہیں توڑ سکتے۔

  • سانحہ نومئی : پاکستان بار کونسل نے ملٹری کورٹس ٹرائلز کی مخالفت کردی

    سانحہ نومئی : پاکستان بار کونسل نے ملٹری کورٹس ٹرائلز کی مخالفت کردی

    اسلام آباد : پاکستان بار کونسل نے آج ہونے والے بار ایسوسی ایشنز اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا، جس میں سانحہ نومئی کے حوالے سے گرفتار شہریوں کی ملٹری کورٹس میں ٹرائلز کی مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل نے اپنے اعلامیے میں ایک بار پھر سانحہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں کے ملٹری کورٹس میں ٹرائلز کی مخالفت کی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے اختیارات کا استعمال کیا اور سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرقانون بنایا، عدالتی اصلاحات قانون وکلاء برادری کی دو دہائیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    پاکستان بار نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ عدالتی اصلاحات قانون کیخلاف حکم امتناع واپس لے، ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر ایکٹ2023متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دیتا ہے اور یہ حق اشرافیہ کیلئے نہیں بلکہ عام عوام کے لیے فائدہ مند ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر قانون کو معطل نہ کرے، آڈیو لیکس کمیشن ٹی اوآر کے مطابق آزادانہ کام کرکے رپورٹ حکومت کو دے، آڈیو لیکس کی تصدیق کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔

    بار نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ2023 کو عملی طور پر نافذ کیا جائے، وزارت قانون وکلاء تحفظ قانون کے تحت قوانین بنائے تاکہ مستفید ہوسکیں، اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی سنیارٹی، فٹنس اور میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

    اس کے علاوہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جوڈیشل کمیشن کے نئے قوانین بنائے جائیں اور جب تک نئے رولز نہیں بنتے تو پرانے طریقہ کار کےتحت ججز کی تعیناتی کی جائے، سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن کی دوبارہ تشکیل کرے اور بارز کو نمائندگی دے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ججز کی خالی نشستوں پر خیبرپختونخوا اور متعلقہ صوبے سے تعیناتی کی جائے، عام شہریوں کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کی مخالفت کرتے ہیں، سانحہ 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے ٹرائلز اےٹی سی میں کرائے جائیں۔

    پاکستان بار اعلامیے میں کہا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتیں 7دنوں میں مقدمات کا فیصلہ کریں، سیاسی جماعتیں جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کا آغاز کریں، پاکستان بار کونسل سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    اعلامیہ میں بار کونسل نے کوئٹہ میں وکیل کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان بار کی جانب سے کل ملک بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، بار کونسل کے مطابق جون کے تیسرے ہفتے میں ملک بھر کی بار کونسلز اور ایسوسی ایشنزکا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا۔

  • پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال کی نومئی کے واقعات کی شدید مذمت

    پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال کی نومئی کے واقعات کی شدید مذمت

    اسلام آباد : مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کے پوتے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ نومئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جناح ہاؤس پر حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کی مذمت کرتا ہوں۔

    ولید اقبال نے مزید کہا کہ سینیٹ میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کی صدرات کرتا ہوں جس میں اس حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کا جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کارکنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ کارکنان کا ذاتی فعل تھا، اس حوالے سے نہ پارٹی نے ایسا کوئی اعلان کیا تھا اور نہ ایسی کوئی پالیسی تھی۔

  • پی ٹی آئی رہنما کے بڑے بھائی کے بعد بھتیجا بھی گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما کے بڑے بھائی کے بعد بھتیجا بھی گرفتار

    لاہور : پنجاب پولیس کی جانب سے نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے، جائے وقوعہ کے آس پاس موجود ہونے کے شواہد ملنے کے بعد چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کے بھتیجے حمزہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق حمزہ اکرم کے موبائل فون کی لوکیشن9مئی کو جناح ہاؤس پر آئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد حمزہ اکرم کے موبائل فون کا جائزہ لیا گیا تو وہاں سے ایک جوئے کی بک کا ریکارڈ بھی ملا ہے، سی آئی اے کینٹ نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ کے والد میاں اکرم اقبال پہلے ہی گرفتار ہیں، میاں اسلم اقبال جناح ہاؤس پر حملے اور ایک شخص کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے میاں حمزہ اور میاں اکرم کی نشاندہی پر میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

  • ’’نو مئی کے بعد کارروائیاں نہیں غصہ نکالا جارہا ہے‘‘

    ’’نو مئی کے بعد کارروائیاں نہیں غصہ نکالا جارہا ہے‘‘

    ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی چیئر پرسن حنا جیلانی نے ملک میں سیاسی بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے بعد کارروائیاں نہیں بلکہ غصہ نکالا جارہا ہے۔

    انسانی حقوق کی تنظیم کے دیگر عہدیداران سیکریٹری اسد بٹ، حارث خلیق و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے پریشانی اور تحفظات بھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کے بعد سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، حکومت اب تک عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    چیئر پرسن ایچ آر سی پی نے کہا کہ نو مئی کے بعد کیے گئے حکومتی اقدامات پر تنظیم کو شدید تحفظات ہیں، یہ قانونی کارروائیاں نہیں بلکہ غصہ نکالا جا رہا ہے، یہاں ان لوگوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے جس کی صرف پارٹی سے وابستگی تھی۔

    حنا جیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے بھی سیاسی انجینئرنگ پر اعتراض تھا اور آج بھی ہے، سیاسی کارکنوں پر تشدد کے حوالے سے ہمارے پاس ثبوت نہیں، ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارے نمائندے نے آج اڈیالہ جیل میں گرفتار لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں، اڈیالہ جیل میں ایک خاتون زیر حراست ہے تاہم ان سے ملنے سے انتظامیہ نے نہیں روکا۔

    چیئر پرسن حنا جیلانی نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور شہریار آفریدی سے ملاقات ہوئی، جیل میں ان کو تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔

    33عام شہریوں کو ملٹری کورٹ میں دیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے گرفتار شہریوں کو سول عدالتوں میں پیش کیا جائے، حکومت سے مطالبہ ہے جو لوگ گرفتار ہیں ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

    ایچ آر سی پی چیئر پرسن کا مزید کہنا تھا کہ جیسے اکتوبر میں الیکشن کا کہا گیا ہے اس پر عمل کرنا ضروری ہے، کسی سیاسی جماعت پر پابندی کی مخالفت کریں گے۔

  • ’’اوورسیز پاکستانی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘‘

    ’’اوورسیز پاکستانی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘‘

    جرمنی میں اوورسیز پاکستانیوں کے رہنما دانیال جہانگیر اعوان کا کہنا ہے کہ 9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے شہر گروس گیراؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا،

    اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت کی جانب سے افواج پاکستان کی املاک اور جناح ہاؤس کو نظر آتش کیا گیا پاک افواج پاکستان کے شہداء کی یادگار کی بے حرمتی کی جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

    اوورسیز پاکستانی جرمن کمیونٹی کی جانب سے استحکام پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،

    رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی جب تک زندہ ہیں اپنے وطن عزیز اور افواج پاکستان پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان میں پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں۔

  • مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ نو مئی کے مقدمے میں شامل تفتیش

    مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ نو مئی کے مقدمے میں شامل تفتیش

    اسلام آباد : نو مئی 2023کے واقعات کی تحقیقات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما مسرت چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے سابق رہنما جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ اپنے وکلاء کے ہمراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوئے اور دونوں میاں بیوی نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان کیخلاف 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پانچ مقدمات درج ہیں۔

    دوسری جانب اٹک جیل میں نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ و عسکری تنصیبات پر حملے میں ملوث تیس شرپسندوں کی شناخت پریڈ مکمل کرلی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گواہان نے شناخت پریڈ کی دوران ملزمان کی نشاندہی کی، ملزمان کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے جس میں سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ بھی نامزد ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں42گرفتار ملزمان کی شناخت پریڈ کرائی تھی، ملزمان نے مری روڈ پر توڑ پھوڑ اور حساس ادارے کے دفتر پر پتھراؤ کیا تھا، اس کے علاوہ مری روڈ واقعات پر 72ملزمان گرفتار ہیں۔

  • نو مئی کے ملزمان کیخلاف مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں، سراج الحق

    نو مئی کے ملزمان کیخلاف مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں، سراج الحق

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات فوجی کی بجائے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں۔

    کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے خود کش حملے کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلٹ پروف گاڑی مسئلے کا حل نہیں عوام امن چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ژوب میں جلسے سے قبل ہمیں کوئی تھریٹ نہیں تھا، حکومت نے تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ نہیں کیا، ایک شہری کی حیثیت سے میں اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ مجھ پر خود کش حملہ کس نے اور کیوں کروایا؟

    سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈٰی ایم، پی ٹی آئی کی لڑائی، آئینی، معاشی اور سیاسی بحران ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں پاکستان کے حالات پر چائنا نے بھی مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اپنے رہنماؤں کو چننے کا اختیار عوام کو دیا جائے، اگست میں الیکشن کروا کر حکومت نئی قیادت کو سونپ دی جائے نو مئی کے واقعات کی پی ٹی آئی کی قیادت نے بھی مذمت کی ہے۔

  • نومئی : گرفتار صحافیوں کی رہائی کیلئے عدالت میں درخواست

    نومئی : گرفتار صحافیوں کی رہائی کیلئے عدالت میں درخواست

    لاہور ہائی کورٹ میں 9 مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی گرفتاریوں کا اقدام چیلنج کردیا گیا، لاہور پریس کلب نے عدالت سے رہائی کی استدعا کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے اظہر صدیق کے توسط سے درخواست کردی۔

    درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پر قدغن عائد نہیں کرتا۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قوانین کے تحت پیشہ ور صحافیوں کو ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے، 9مئی واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو گھروں سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔

    صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ گرفتاری کے دوران چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، عدالت پولیس کو گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دے۔