Tag: About 09 May

  • تحریک لبیک نے 22 مئی کو ’احتجاجی مارچ‘  کا اعلان کردیا

    تحریک لبیک نے 22 مئی کو ’احتجاجی مارچ‘ کا اعلان کردیا

    لاہور : امیر تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے زیر اہتمام 22مئی سے مہنگائی کیخلاف احتجاجی مارچ کا آغاز کیا جائے گا، جو کراچی سے شروع ہوکر اسلام آباد تک روانہ ہوگا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرز سیاست کو بھی آڑتے ہاتھوں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی 22مئی کو کراچی سے اسلام آباد میں بھرپور احتجاجی مارچ کرے گی،25روپے پیٹرول بڑھا کر 12روپے کم کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے، ابھی ہمارا مارچ مہنگائی کیخلاف ہے، دفعہ 144 سندھ میں نہیں لگی جب تک اسلام آباد پہنچیں گے حالات بہتر ہوجائیں گے۔ ٹی ایل پی نے کبھی ایسا کام نہیں کیا جس کی وجہ سے دفعہ 144 لگے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نکاح اور بیٹی کا معاملہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، ملک میں اور بھی مسائل ہیں سیاست کیلئے پاکستان کا نقصان نہ کیا جائے۔

    نوازشریف نے قوم کے ووٹ کا غلط استعمال کیا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک سے باہر محل اور اپارٹمنٹس بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کو ایسے ہی لیڈر ملے جو ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں مگر خود ویزہ لے کر لندن جاکر بیٹھ گئے۔

    سعد رضوی نے کہا کہ پہلے نوازشریف نے قوم کے ووٹ کا غلط استعمال کیا اور پھر اپنے کاروبار کو لے کر ملک سے باہر چلے گئے نوازشریف نے ملک سے باہر بڑے بڑے محل اور اپارٹمنٹس بنائے عمران خان نے بھی اپنی ذات کے لیے یہی کچھ کیا۔

    عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے 9مئی کو جو کچھ کیا ہم اس کی سخت مخالفت اور مذمت کرتے ہیں، سانحہ9مئی کے جو بھی ذمہ داران تھے ان کو پکڑیں، ملوث لوگوں کو سزا دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے لیکن تحریک لبیک پاکستان ملک کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادے گی۔

    سعد رضوی کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت سیاسی اتفراتفری ہے، ہم سیاسی اور ذاتی انتقام کے خلاف ہیں تاہم ملک میں خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

    امیر ٹی ایل پی نے کہا کہ تحریک لبیک پہلے بھی مہنگائی کیخلاف احتجاج کرچکی ہے، سعد رضوی ٹی ایل پی نے کبھی ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈال کربات منوانے کی کوشش نہیں کی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے نظریے پر جو بھی آجائے گا اس سے اتحاد ہوسکتا ہے، پی ڈی ایم دہرا معیار نہ اپنائے، پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر گھیراؤ کی شدید مخالفت کرتے ہیں، ہم ہر وقت پاکستان کی مدد کریں گے، پاکستان کے لئے جس قربانی کی بھی ضرورت ہو دینگے۔

    سعد رضوی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن ہی ہونے چاہئیں، عمران خان نے جو سیاسی غلطیاں کی ہیں ان کو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔ ماضی میں ہم پر جو جو الزامات عائد کیے گئے آج وہ تمام عمران خان پر لگائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج مہنگائی کیخلاف ہے الیکشن مہم کیلئے نہیں، ہم سے حکومت نہیں لیکن کمیشن کھانے والوں نے رابطہ کیا ہے، ہمارا مارچ ہوگا اگر حکومت روکے گی تو بھی ہوگا، جب تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے ہم سڑکوں پر ہوں گے۔

    تحریک لبیک کے امیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے جب حکومت کی آئینی مدت پوری ہوگی تو بات کریں گے، ہم سسٹم میں آنے کے لیے اپنے بنیادی نظریے کے ساتھ محنت کرینگے۔

  • سابق صوبائی وزیر نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا

    سابق صوبائی وزیر نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا

    پشاور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے مظاہروں کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے احتجاجاً پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنما پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں، اور اب ایک اور رہنما نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے بھی پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

    پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے کہا کہ
    9مئی کے دلخراش واقعے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک پاکستان سے وفاداری سیاست سے بالاتر ہے، کسی ایسی پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتا جو ملک کی سلامتی کے ادارے سے متصادم ہو۔

    اقبال وزیر نے واضح الفاظ میں اس بات کو دہرایا کہ میں کسی بھی قسم کے دباؤ کے بغیر پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر عمران شاہ، مولوی محمود، سنجے گنگوانی، کریم بخش گبول کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے والے ان ارکان اسمبلی نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا۔

  • نو مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، علی زیدی

    نو مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، علی زیدی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مرکزی رہنما علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ ٹی وی پر جو مناظر دیکھے وہ تکلیف دہ تھے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی کے نجی اسپتال میں طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ میری کمر میں 4دن سے شدید تکلیف ہے، اس لیے میں نے اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست دی تھی۔

    نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آارئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، پاکستان ایئرفورس کے ایم ایم عالم کے جہازکو جلایا گیا، شہداء کی یادگار کو جلانے پر مجھے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، نو مئی کو جس جس نے دہشت گردی کی فوجی املاک پر حملہ کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو سیاستدان مانتا ہوں لیڈر تو وہی ہے، انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی سے دور رہنے کی تلقین کی ہے، پولیس کی گاڑی پاکستان کی ہے ، سپریم کورٹ بھی پاکستان کی ہے، پاک نیوی، پاک ایئرفورس ،پاک آرمی ،ریلوے سب پاکستان کے ہیں، کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر بہت افسوس ہوا۔

    تحریک انصاف سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے علی زیدی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بنے ہوئے 23سال ہوگئے ہیں، پارٹی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں پی ٹی آئی اس وقت چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس والے تو مجھے جیکب آباد لے کر جارہے تھے لیکن شکر گزار ہوں گھر میں نظربند کیا گیا، جو تماشا 9 مئی کو ٹی وی چینلز پر نظر آیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

    علی زیدی نے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والا پی ٹی آئی کارکن نہیں ہوسکتا، پرامن احتجاج آپ کا آئینی حق ہے، مجھ پر اے ٹی سی کی ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے میں تو تشدد سے روک رہا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نہ تشدد کی حمایت اور نہ اس کی اجازت دوں گا، میری جانب سے مشتعل کارکنان کو روکے جانے کے باوجود مجھ پرجھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔

  • عمران خان کی 9مئی کے بعد درج مقدمات کیخلاف درخواست دائر

    عمران خان کی 9مئی کے بعد درج مقدمات کیخلاف درخواست دائر

    لاہور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 9 مئی کے بعد خود پر ہونے والے مقدمات کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو اپنی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے درج مقدمات کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دے دی۔

    مذکورہ درخواست میں آئی جی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں 9 مئی اور اس کے بعد درج ہونے والے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ درخواست میں 9 مئی کو یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، پنجاب حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے،9مئی کے واقعات کے بعد متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔