Tag: Abrar ul haq

  • ابرارالحق چیئرمین ہلال احمر پاکستان کے عہدے سے فارغ، نوٹیفکیشن جاری

    ابرارالحق چیئرمین ہلال احمر پاکستان کے عہدے سے فارغ، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کو ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کو آرڈی نیشن حکومت پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ابرار الحق کو چیئرین ہلال احمر پاکستان کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔ ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی جس کے بعد سردار شاہد احمد لغاری نئے چیئرمین ہلال احمر پاکستان تعینات کردئیے گئے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق شاہد احمد لغاری کی تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔

    یاد رہے کہ ستائیس دسمبر دو ہزار انیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و گلوکار ابرار الحق نے بطور چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہلالِ احمر نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 572 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔

    اس کے علاوہ ہلالِ احمر کی جانب سے بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 20 کروڑ روپے کی فوری گرانٹ جاری کی گئی تھی جب کہ باقی رقم بھی قسطوں کی شکل میں جاری کی جائے گی۔

  • گلوکار ابرار الحق نے اپنے بکرے کو "نچ مجاجن نچ” سنا دیا

    گلوکار ابرار الحق نے اپنے بکرے کو "نچ مجاجن نچ” سنا دیا

    لاہور : پاکستان کے نامور گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کی اپنے بکرے کے ساتھ گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انسٹا گرام پر کی گئی ویڈیو پوسٹ میں انہیں بکرے کی رسی تھامے خوشگوار موڈ میں گانا گاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، انہوں نے رسی کو بطور مائیک استعمال کیا۔

    ابرارالحق سوشل میڈیا سائٹ پر اپنا گانا "نچ مجاجن نچ” اپنے قربانی کے بکرے کو وقف کردیا اور اس کی تعریفوں میں مگن دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں بکرا بھی گانا انجوائے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ ابرارالحق نے اپنا مشہور گانا نچ پنجابن نچ بغیر اجازت بھارتی فلم میں شامل کرنے پر بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوا رکھا ہے۔

    ابرارالحق کا کہنا ہے کہ بھارتیوں نے انتہائی بدتمیزی کے ساتھ میرا گانا کاپی کیا، نہ صرف کاپی کیا بلکہ اس کی دھن ہی خراب کردی۔

  • ابرار الحق پر تنقید : معروف اداکارہ نے ناقدین کو کھری کھری سُنادیں

    ابرار الحق پر تنقید : معروف اداکارہ نے ناقدین کو کھری کھری سُنادیں

    کراچی : ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ زرنش خان نے گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کے آج کل کی ماؤں پر دیے گئے حالیہ بیان پر اُن سے اتفاق کرتے ہوئے ناقدین کو کھری کھری سُنادیں۔

    زرنش خان نے ابرار الحق کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کی ہے۔اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ناقدین کو کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی شخص اچھی بات کرتا ہے تو اُس کی بات کواچھا کہیں، اُنہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں ماڈل نادیہ حسین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اُس شخص کی کہی گئی اچھی بات کو نظر انداز کرکے اُس کی مکمل زندگی پر تبصرے نہ کریں۔

    یاد رہے کہ نادیہ حسین نے ابرار الحق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ آپ نے ماں کی گود سے کلمہ سُنتے سُنتے ’نچ پنجابن‘ اور ’بِلّو کے گھر‘ تک کا سفر پتا نہیں کیسے طے کیا۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرارالحق نے کہا تھا کہ جب ہم چھوٹے تھے تو اُس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں لے کر اُنہیں کلمہ سُنا کر اور اللّہ تعالیٰ کا نام سُنا کر سُلایا کرتی تھیں اور بچے فوراَ سے سو بھی جاتے تھے۔

    ابرارالحق نے موجودہ دور کی ماؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں اپنے بچوں کو گود میں لیتی ہیں اُنہیں موبائل فونز تھما دیتی ہیں جن پر دُعاؤں کے بجائے "بے بی شارک” چل رہا ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اُن کے بیان پر اتفاق بھی کیا گیا تھا۔

  • علی سدپارہ کا مشن : ابرار الحق نے بڑا اعلان کردیا

    علی سدپارہ کا مشن : ابرار الحق نے بڑا اعلان کردیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور گلوکار ابرار الحق نے کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان کردیا۔

    ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق جو کہ سماجی کاموں کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کوہ پیما علی سدپارہ کے مشن کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں گلوکار  ابرار الحق نے علی سدپارہ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ تحریر کیا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہم نے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشااللہ جلد ہی ہم اپنے ہیرو کی یاد میں ان کے گاؤں میں اسکول بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے علی سدپارہ اور دو ساتھی کوہ پیماؤں کا نو روز بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    علی سدپارہ اور ساتھی کوہ پیماؤں کی تلاش میں ناصرف جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے بلکہ پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کے علاوہ ایف 16 طیاروں سے بھی کے ٹو کے علاقے کی سرچنگ میں مدد فراہم کی ہے۔

    ان کی تلاش میں آئس لینڈ کی خلائی ایجنسی نے سٹیلائٹ کی جدید ٹیکنالوجی سے علاقے کی تصاویر بنائیں اور زمینی سرچ آپریشن بھی کیا گیا لیکن علی سدپارہ اور ساتھیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔

  • ابرار الحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم کی معطلی برقرار

    ابرار الحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم کی معطلی برقرار

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابرار الحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کےحکم کی معطلی برقرار رکھا اور وفاق کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کی، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

    عدالت کہا آئندہ سماعت تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا جبکہ وفاق نے جواب داخل کرانے کے لیےمہلت طلب کرلی ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جواب تیار ہےآج ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نےوفاق کی استدعا منظور کرلی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا پہلے وفاق کاجواب آ جائے پھر سماعت کریں گے اور سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

    مزید پڑھیں : ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف رٹ قابل سماعت نہیں، وکیل ابرار الحق

    گذشتہ سماعت میں ابرارالحق کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے، ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف رٹ قابل سماعت نہیں ہے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ قانون موجود ہے اس کی کوئی خلاف ورزی نہیں کرسکتا۔

    یاد رہے کہ 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر کی تعیناتی کا حکم معطل کر دیا تھا۔

  • ابرار الحق اور خیبرپختونخواہ بار کونسل کی طرف سے ڈیم فنڈز کے لیے خطیر رقم کا چیک

    ابرار الحق اور خیبرپختونخواہ بار کونسل کی طرف سے ڈیم فنڈز کے لیے خطیر رقم کا چیک

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق اور ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں شخصیات نے ڈیم فنڈ کے لیے عطیات کی رقم کا چیک پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سہارا ٹرسٹ اور تحریک انصاف کے رہنما کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے گفتگو بھی کی گئی۔

    نامور گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق نے اپنی ٹرسٹ کی جانب سے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

    مزید پڑھیں: شیخ رشید کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کی طرف سے خطیر رقم کا چیک پیش

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے   ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے خیبرپختونخواہ بار کونسل کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر دیامیر اور بھاشا ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے جس کے مطابق اب تک پاکستانیوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 ارب چوالیس کروڑ بیس لاکھ چوبیس ہزار 879 روپے عطیہ کیے۔

    یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر کھولے جانے والے سپریم کورٹ اور وزیراعظم ڈیم فنڈ میں پاکستانی ملی وحدت کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہر کوئی اپنے طور پر ڈیموں کی تعمیر کےلیے عطیات جمع کروا رہا ہے۔

    دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں اب تک اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن : ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

    پاکستانیوں نے ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ اور موبائل میسج کے ذریعے بھی ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروائے جبکہ مختلف بینکوں میں کھولے جانے والے ڈیمز فنڈ میں رقم جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

    ڈیم فنڈز کھولنے کا حکم

    یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔

  • الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، ابرار الحق

    الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، ابرار الحق

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ الیکٹبلز خلائی مخلوق نہیں ہوتے، یہ ایسے لوگ ہیں جو الیکشن جیت سکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز پر وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ انتخابات جیت سکیں انھیں الیکٹبلز کہا جاتا ہے۔

    ابرار الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نظریاتی اور صاف ستھرے لوگوں کو الیکشن میں آزمایا، عوام کو بھی کسی نہ کسی حد تک خود کو بدلنا ہوگا۔

    گلو کار ابرار الحق کا کہنا تھا کہ جو تبدیلی نچلی سطح سے آتی ہے وہ بڑی واضح ہوتی ہے، پی ٹی آئی ایسی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے پروگرام میں کہا کہ خیبر پختونخوا کو پی ٹی آئی نے بدل کر رکھ دیا ہے، تحریک انصاف نے وہاں بہت کام کیا ہے۔

    ابرار الحق نے تعلیم کے شعبے میں پی ٹی آئی کی کار کردگی پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں بچے نجی اسکولوں سے نکل کر سرکاری اسکولوں میں داخل ہوئے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے پروگرام میں کہا کہ دنیا کہتی ہے کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ بہتر گورننس خیبر پختونخوا میں ہے۔

    اے آر وائی پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ خراب حالات حکومتی خامیوں کی وجہ سے ہیں تو اپوزیشن کو تنقید کرنی چاہیے۔

    کراچی: انصاف ہاوس میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی توڑ پھوڑ


    معروف گلو کار ابرار الحق نے کہا کہ ن لیگی حکومت نے اربوں روپے کے قرضے لیے جس کی وجہ سے آج پورا ملک مقروض ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف پر یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے نظریاتی کارکنوں کی بجائے ان افراد کو ٹکٹ دے رہی ہے جن کا تعلق دیگر جماعتوں سے رہا ہے جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ الیکشن جیت سکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میانمارمظالم : ابرارالحق نے اوآئی سی کا سفیربننے کی پیشکش ٹھکرا دی

    میانمارمظالم : ابرارالحق نے اوآئی سی کا سفیربننے کی پیشکش ٹھکرا دی

    لاہور : پی ٹی آئی کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے برمی مسلمانوں پر میانمار فوج کے بہیمانہ مظالم کیخلاف احتجاجی طور پر او آئی سی کی جانب سے سفیر بننے کی پیشکش ٹھکرادی۔

    تفصیلات کے مطابق میانمار میں مسلم کشی کیخلاف ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    روہنگیا مسلمانوں کے میانمار میں بدھ انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف لبرٹی چوک لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ملک کے معروف گلوکار ابرار الحق نے کی۔


    ،مزید پڑھیں: چند ہفتوں میں میانمارمیں ہلاک افراد کی تعداد1000ہوگئی


    گلوکار ابرار الحق کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ بھی مظاہرے میں شریک ہوئے، اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، مظاہرین نے میانمار حکومت اور اقوام متحدہ کی بے حسی کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔


    مزید پڑھیں: روہنگیا مسلمانوں پر ظلم وستم، امریکا نے تحقیقات کا مطالبہ

    کردیا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • برما میں‌ مظالم پر احتجاج، سفیر کو ملک بدر، او آئی سی سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

    برما میں‌ مظالم پر احتجاج، سفیر کو ملک بدر، او آئی سی سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

    کراچی: برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور انہیں بے گھر کیے جانے کی پوری دنیا اور ملک بھر میں مذمت کی گئی، شہروں میں جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں، برما کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور مسلم حکمرانوں او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

    بنگلہ دیش کی حکومت مہاجرین کو قبول کرے، مفتی منیب

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو روہنگیا مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے، بنگلہ دیش کی حکومت کو مہاجرین کو قبول کرنا چاہیے تھا۔

    او آئی سی سے امید لگانا بے کار ہے، مفتی منیب

    انہوں نے کہا کہ مسلم عوام اپنی اپنی حکومتوں کو اس جانب متوجہ کریں،معاملے پر او آئی سی سے امید لگانا عبث ہے۔

    گوجرانوالہ جماعت اسلامی کی ریلی، برما کے سفیر کو نکالا جائے، شرکا

    برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف جماعت اسلامی نے گوجرانوالہ میں ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ریلی کے شرکا کے امریکا،بھارت،اسرائیل اور برما کے خلاف نعرے لگائے، شرکا نے برما کے سفیر کو پاکستان سے فوری واپس بھیجنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اسلامی برادران ممالک برما حکومت کو دہشت گرد قرار دیں۔

    حیدر آباد پریس کلب پر احتجاج

    برما میں مسلمانوں پر ظلم کے خلاف حیدر آباد پریس کلب پر احتجاج کیا گیا مسلمانوں کے قتل پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا، مظاہرین نے برما میں پرتشدد واقعات کے خلاف نعرے بازی کی۔

    ابرار الحق کا ریلی نکالنے کا اعلان

    پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے مظالم کے خلاف کل احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہر فورم پر مسلمانوں کے حق میں احتجاج کریں گے۔

  • جنید جمشید کے دوستوں میں غم کی لہردوڑگئی

    جنید جمشید کے دوستوں میں غم کی لہردوڑگئی

    کراچی : چترال سے اسلام آباد آنے والے بد قسمت طیارے کے حادثے میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ کے جاں بحق ہونے اطلاع سن کر ان کے دوستوں میں غم لہر دوڑ گئی، اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے نامور گلوکاروں فخر عالم، علی عظمت، فاخر، رحیم شاہ اور ابرار الحق نے جنید جمشید کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


    یہ پڑھیں: پی آئی اے طیارہ تباہ، 36 لاشیں نکال لی گئیں، تمام مسافر جاں‌ بحق ہونے کا خدشہ


    جنید جمشید کی زندگی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، فخرعالم

    گلوکار فخر عالم نے کہا کہ جنید میرے پڑوسی بھی ہیں، میرے گھر کے سامنے ان کی رہائش ہے، دل دل پاکستان کی کہانی آج یوں بیان ہوئی کہ ہر پاکستان کا دل اداس ہے، جنید کی زندگی کا سفر نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، ان کا اسلام سے محبت کا سفر تاریخ میں رقم ہوگیا، جب بھی کسی پر مصیبت آتی تھی تو وہ فوراً دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتے تھے آج میں قوم سے گزارش کرتا ہوں کہ جنید کے لیے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائیں۔

    فخر عالم جو کہ پائلٹ بھی رہ چکے ہیں انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقے میں جہاز اڑانا ویسے ہی مشکل ہے اس کی باقاعدہ تربیت ہوتی ہے، اے ٹی آر طیارے ناقابل اعتبار ہیں، ان کے اب تک پندرہ حادثے ہوچکے ہیں، ان طیاروں کو شدید مرمت درکار رہتی ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہم نے اے ٹی آر طیارے تاحال کیوں رکھے ہوئے ہیں؟

    فخر عالم نے بتایا کہ جب ہم دونوں اپنے اپنے گھروں کے ٹیرس پر آتے تھے تو جنید وہیں سے مجھ دیکھ کر آواز دیتا تھا کہ کیا کررہے ہو؟ چلو آؤ نماز پڑھتے ہیں۔

    جنید نے اللہ کے راستے میں شہادت پائی، ابرار الحق

    گلوکارابرارالحق نے گلوگیر لہجے میں کہا کہ جنید کے بارے میں کیا کہوں،آج میرا دل بھاری ہورہا تھا، مغرب کی نماز میں ویسے ہی روپڑا تھا، جنید مبلغ دین تھا، وہ اسلام کی دعوت دینے کے لیے جاتا تھا ہم کسی کو بھی شہید کہہ دیتے ہیں لیکن جنید واقعی شہید ہے جو لوگوں کو اللہ کی طرف بلاتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جنید اپنے پروگرامز میں لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول کے راستے پر چلنے کا پیغام دیتا تھا اس کی زندگی کا مشن ہی یہی تھا، وہ خوش قسمت بندہ تھا کہ تبلیغ کے لیے گیا اور واپس نہ آیا، اللہ کے راستے میں شہادت پائی، جنید کے اہل خانہ اور ہمارے لیے ان کی شہادت باعث فخر ہے۔

    جنید مذہب کے معاملے پر میری سرزنش بھی کرتا تھا، علی عظمت

    گلوکارعلی عظمت نے اناللہ وانا الیہ راجعون پڑھتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کیا کہ کہوں، جنید بہت اچھا اور پیارا انسان تھا، میرا اور جنید کا ساتھ 30 برس پرانا ہے، لوگ مجھے کہتے کہ جنید مولوی ہوگیا دیکھو اسے کیا ہوگیا میں کہتا تھا جو کرررہا ہے ٹھیک کررہا ہے۔

    علی عظمت نے کہا کہ جنید مذہب کے معاملے پر میری سرزنش بھی کرتا تھا اور کہتا تھا کہ ایک دن تم بھی راستے پر آؤ گے ،جیند سے آخری ملاقات رمضان المبارک میں اے آر وائی کے دفتر میں گرم جوشی کے ساتھ ہوئی، جنید حقوق العباد اور حقوق اللہ میں بہت آگے تھا،اللہ جنید کو جنت نصیب کرے۔

    جنید جمشید ہر ایک کا بھلا چاہتے تھے،فاخر

    ان کے ساتھی گلوکار فاخر نے کہا کہ ہم صدمے سے دوچار ہیں،تین ماہ قبل ان سے آخری بات چیت ہوئی تھی،جنید جمشید سے بہت پرانی ار برسوں پر محیط دوستی ہے۔

    جنید جمشید بہت اچھے اور ہمیشہ خوش رہنے والے شخص تھے، وہ ہر ایک کا بھلا چاہتے تھے،ان میں کوئی برائی نہیں تھی، جنید جمشید جہاز کے دیگرمسافروں سے منفرد یوں بھی تھے کہ وہ تبلیغ کے لیے چترال گئے تھے یہ بات انہیں دیگر مسافروں سے ممتاز بناتی ہے۔ فاخر نے دعا کی کہ جہاز میں ان کے ساتھ ان کی فیملی کم سے کم ہو۔

    وہ چاہتے تھے کہ ان خاتمہ ایمان پر ہو، رحیم شاہ

    گلوکار رحیم شاہ نے انااللہ وانا الیہ راجعون پڑھا اور کہا کہ جنید بھائی کے ساتھ آخری بات فون پر اس وقت ہوئی جب وہ عمرے پر تھے اور مدینہ پہنچے تھے، انہوں نے کہا کہ پتا نہیں کیوں دل چاہ رہا ہے کہ تمھیں دعائیں دوں اور کہا کہ دعا کرو کہ میرا خاتمہ ایمان پر ہو۔

    آج یہ جو حادثہ ہوا تو ان کی بات یاد آئی کہ وہ چاہتے تھے کہ ان خاتمہ ایمان پر ہو اور ایسا ہی ہوا، اللہ انہیں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی دکھ سے کہتا ہوں کہ ان کا خلا پر نہیں ہوسکے گا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔ آمین