Tag: abroad

  • سری لنکا میں کم عمر خواتین کو بیرون ملک ملازمت کی اجازت

    سری لنکا میں کم عمر خواتین کو بیرون ملک ملازمت کی اجازت

    کولمبو: سری لنکا نے کم عمر خواتین کو ملازمت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوسکے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق معاشی بحران سے دو چار ملک سری لنکا نے کم عمر خواتین کو بیرون ملک ملازمت کرنے کی اجازت دے دی ہے جو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

    سری لنکا نے منگل کو خواتین کے لیے بیرون ملک ملازمت کی مدت عمر کم کر کے 21 برس کر دی ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2013 میں سری لنکا کی حکومت نے احکامات جاری کیے تھے کہ صرف 23 برس سے زیادہ عمر کی خواتین ملازمت کی غرض سے بیرون ملک جا سکتی ہیں۔

    تاہم سری لنکا کو درپیش شدید معاشی مشکلات کے پیش نظر خواتین کی عمر سے متعلق شرائط میں نرمی کر دی گئی ہے۔

    حکومتی ترجمان بندولا گوناوردانہ نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی بھی بیرون ملک میں ملازمت کی کم سے کم عمر 21 برس کرنے کا فیصلہ کابینہ نے کیا ہے۔

    یاد رہے کہ دیگر ممالک میں کام کرنے والے سری لنکن غیر ملکی زرمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ ہیں جو سالانہ 7 ارب ڈالر ترسیلات زر کی مد میں بھجواتے ہیں۔

    کرونا وائرس کے بعد سنہ 2021 میں ترسیلات زر کی مد میں سری لنکا بھیجی جانے والی رقم کم ہو کر 5.4 ارب ڈالر ہو گئی تھی جبکہ حالیہ معاشی بحران کے باعث مزید کمی کی توقع ہے جو 3.5 ارب ڈالر سے نیچے جا سکتی ہیں۔

    2 کروڑ 20 لاکھ کی آبادی والے ملک سری لنکا کے 16 لاکھ شہری ملازمت کی غرض سے بیرون ممالک کا رخ کرتے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی ترجیح مشرق وسطیٰ کے ممالک ہیں۔

    سری لنکا کا معاشی بحران زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے پیدا ہوا جس کے بعد سے حکومت نے ایندھن، ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی درآمد پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

  • سعودی عرب: بیرون ملک سفر کی اجازت کب ملے گی؟

    سعودی عرب: بیرون ملک سفر کی اجازت کب ملے گی؟

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سعودی شہری کو صرف انسانی یا ہنگامی مجبوری پیش آنے کی صورت میں ہی بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ سعودی شہریوں کو کرونا وائرس بحران کے دوران انتہائی مجبوری میں بیرون ملک سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری نئے کرونا وائرس کے بحران اور بین الاقوامی پروازوں پر تا ہدایت ثانی پابندی کے دوران بیرون مملکت صرف ایک صورت میں سفر کرسکتے ہیں کہ اگر کسی کو انسانی یا ہنگامی مجبوری پیش آجائے تو ایسی صورت میں وہ مملکت سے باہر جا سکتا ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مقامی شہری کو ایسی صورت میں مملکت سے باہر جانے کے لیے وزارت داخلہ کو ٹیلی گرام کر کے اجازت حاصل کرنا ہوگی یا وزارت صحت سے 969 پر رابطہ کر کے سفر کی اجازت لینا ہوگی۔

    حکام کے مطابق شفر کے خواہشمند شہری کو اپنی درخواست کے ساتھ انسانی اور ہنگامی مسئلے کے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے دستاویزات منسلک کرنا پڑیں گی۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ صورت میں مبینہ طریقہ کار اپنائے بغیر موجودہ حالات میں کوئی بھی سعودی شہری بیرون ملک نہیں جا سکتا۔

  • اب بیرون ملک سے  لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، کسٹم حکام

    اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، کسٹم حکام

    اسلام آباد: کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ فنانس بل کے بعد اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل پر بھی ٹیکس دیناہوگا ، کوئی بھی موبائل اب ڈیوٹی فری ملک میں نہیں آسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس روبینہ خالدکی زیرصدارت ہوا، قائمہ کمیٹیوں کےاجلاس قومی اسمبلی اجلاس سے مشروط کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    ایف آئی اے حکام نے سائبرکرائمز سےمتعلق کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا عوامی مقامات پر فحاشی کا انسداد ہمارا مینڈیٹ نہیں ہے، مسافروں کے ڈیٹا چوری میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کیا۔

    حکام نے بتایا کہ پی ٹی اے نے مسافروں کے لئے ڈربز نظام بنایا تھا، پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر مسافر 60 روز میں موبائل رجسٹر کرسکتا ہے، جرائم پیشہ افراد نے مختلف طریقوں سے ڈیٹا چوری کیا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے نے اجلاس کوبتایا کہ ایف ائی اے کے اپنے لوگوں نے اسمگلرز کیساتھ ڈیٹا شئیر کیا، ایف ائی اے کے 3 ملازمین کو حراست میں لیا گیا ایک کی ضمانت ہوگئی ، لاہور میں 5 لوگوں گرفتار کیا جو موبائل رجسٹر کرتے تھے، کئی شکایات آئیں کہ ان کے ڈیٹا پر پہلے ہی موبائل رجسٹر ہوگیا ہے، پی ٹی اے نے اب تک 15 شکایات ہمیں دی ہیں۔

    سینیٹر روبینہ خالد نے کہا فون لانےوالی کی رجسٹریشن سہولت نہیں رکاوٹ ہے، سسٹم نےلوگوں کی زندگی عذاب کی ہوئی ہے جبکہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا موبائل رجسٹریشن کے سسٹم کومعطل کیا جائے، اوورسیزپاکستانی اب ایک خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔

    کسٹم حکام نے بتایا فنانس بل کےبعداب ایک موبائل پربھی ٹیکس دیناہوگا ، چاہےآپ چندگھنٹےکےلئے بیرون ملک جائیں واپسی پرٹیکس دینا ہوگا، کوئی بھی موبائل اب ڈیوٹی فری ملک میں نہیں آسکتا،  60دن تک ملک میں موبائل فری چلایا جاسکتا ہے، 60 دن کے بعد موبائل رجسٹر کرانا ہوگا، موبائل رجسٹرنہیں کرایا جاتا تو خود بخود بند ہوجائےگا۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں: ایف بی آر اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب

    بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں: ایف بی آر اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے 14 جنوری کو ایف بی آر اور ایف آئی اے سے دبئی جائیدادوں پر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے نے ماہانہ رپورٹ فائل کرنی تھی، کیا وقار احمد جرمانے کی رقم ادا کر رہے ہیں؟ جس پر وقار احمد کے وکیل نے کہا کہ وقار احمد نے 6 کروڑ کی رقم ادا کر دی ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے پوچھا کہ 21 ماڈل کیسوں پر کیا پیش رفت ہوئی؟ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین نے بتایا کہ تمام کیسوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ تاثر دیا گیا دبئی جائیدادوں پر 3 ہزار ارب مل سکتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ 16 کروڑ کی ادائیگی ٹیکس کی مد میں وصول ہو چکی ہے۔ 14 کروڑ کی ادائیگیوں کا مزید تعین کر لیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ علیمہ خان نے 29 کروڑ سے زائد ادا کرنے ہیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا علیمہ خان نے رقم ادا کر دی ہے؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ علیمہ خان کے پاس 13 جنوری تک رقم ادا کرنے کا وقت ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ دبئی میں جائیداد خریدی گئی، پاکستان سے پیسہ اڑا کر باہر لے جایا گیا۔ جائیدادوں کی معلومات ڈی جی ایف آئی اے نے حاصل کیں۔ ایف بی آر جس رفتار سے کام کر رہا ہے یہ کام کب تک مکمل ہوگا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انشا اللہ ایف بی آر متحرک انداز سے کیسز کو چلائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایف بی آر پر ہم ذمے داری ڈال رہے ہیں، خدا کا واسطہ ہے ملک کا پیسہ خزانے میں لانے میں کردار ادا کریں۔

    چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو مزید بتایا کہ دبئی جائیدادوں پر ملک بھر میں دفاتر قائم کر دیے، 775 افراد نے جائیدادوں پر بیان حلفی دے دیے۔ 13 جنوری کو عدالت کو مفصل رپورٹ جمع کروائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ 60 کیس ایسے ہیں جن میں جائیدادیں زیادہ ہیں۔ 60 کیسوں سے زیادہ وصولی کا امکان ہے۔

    عدالت نے 14 جنوری کو ایف بی آر اور ایف آئی اے سے دبئی جائیدادوں پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر قانونو انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نو منتخب وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم جاری کرتے ہوئے محکمے کے افسروں کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی۔

    سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے بیرسٹر فروغ نسیم کا استقبال کیا اور وزیر قانون و انصاف کو انٹر نیشنل لیگل فرنٹ اور وزارت قانون وانصاف کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے لاء افسروں کی تقرری کا جائزہ لینےکی ہدایات جاری کی اور وفاقی عدالتوں میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

    وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔