Tag: Absher

  • سعودی عرب: ابشر پر اکاؤنٹ بناتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھا جائے؟

    سعودی عرب: ابشر پر اکاؤنٹ بناتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھا جائے؟

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے ابشر پر درست طریقے سے اکاؤنٹ بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب نے ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے ترقی کی ہے جس کے باعث شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سہولت ہوگئی ہے۔

    ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی سے قبل اقامہ کی تجدید یا چھٹی جانے کے لیے خروج وعودہ ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کرنے کے لیے محکمہ پاسپورٹ جوازت کے دفتر جانا ضروری تھا جہاں روایتی طریقے سے متعلقہ فارم بھرنے کے بعد اس پر تصویر چسپاں کی جاتی اور اپنی باری آنے پر فیس جمع کروانے کے بعد خروج و عودہ ویزا حاصل کیا جاتا تھا۔

    یہی طریقہ اقامے کی تجدید کے لیے بھی تھا جس میں کئی دن بھی لگ جاتے تھے۔

    سعودی حکومت کی جانب سے سال 2005 کے بعد ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کیا گیا جس کے بعد انتہائی تیزی سے تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔

    ڈیجیٹل سروس کے آغاز کے بعد رجسٹریشن کے مرحلے کا آغاز کیا گیا، حکومت نے رجسٹریشن کا عمل مرحلہ وار کیا۔ پہلے بڑی کمپنیوں اور اداروں میں کام کرنے والوں کی رجسٹریشن کی گئی بعد ازاں چھوٹے اداروں کے کارکنوں کو ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رجسٹر کیا گیا۔

    سرکاری سطح پر جب تمام غیر ملکیوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا تو حکومت کی جانب سے تارکین کے اہل خانہ کی رجسٹریشن کے مراحل کا آغاز کیا گیا۔

    ڈیجیٹل سروسز کا مقصد مملکت کے سرکاری اداروں میں روایتی طریقہ کار کا خاتمہ کر کے تمام معاملات کو ڈیجیٹل ذرائع پر منتقل کرنا تھا۔

    ڈیجیٹل سروس کے آغاز کے وقت جو مہم شروع کی گئی تھی اسے بلا کاغذ کا عنوان دیا گیا تھا، یعنی سرکاری معاملات کی انجام دہی کے لیے روایتی کاغذی درخواست کا قانون ختم کیا جائے اور اس کی جگہ ڈیجیٹل سروسز شروع کی جائیں۔

    ابشر اکاؤنٹ اور فنگر پرنٹ

    محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے تارکین وطن کے معاملات کو نمٹانے کے لیے دو طرح کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت مہیا کی گئی جن میں ایک ابشر اور دوسرا مقیم ہے۔

    ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے کوئی بھی شخص اپنے اہل خانہ کے سرکاری معاملات فوری طور پر نمٹا سکتا ہے جبکہ مقیم اکاؤنٹ اداروں کے لیے مخصوص ہوتا ہے جس کے ذریعے کارکنوں کے معاملات نمٹائے جاتے ہیں۔

    ابشر اکاؤنٹ میں رجسٹریشن کے لیے سب سے اہم بات اکاؤنٹ بنانے والے کے فنگر پرنٹس کو سسٹم میں فیڈ کرنا ہوتا ہے، اکاؤنٹ اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک فنگر پرنٹ کا ریکارڈ ابشر سسٹم میں فیڈ نہ ہوجائے۔

    بعض کیسز میں کچھ لوگوں کے فنگر پرنٹ خراب ہو جاتے ہیں یا شوگرکی وجہ سے ان کے انگلیوں کے نشانات مدھم پڑ سکتے ہیں جس سے ایسے افراد کو فنگر پرنٹ رجسٹر کروانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    بعض افراد کی بیماری کی وجہ سے فنگر پرنٹ خراب ہو گئے جس سے انہیں ایئرپورٹ پر دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

    محکمہ پاسپورٹ نے اس مشکل کو حل کرنے لیے ابشر پروگرام کو مزید بہتر کیا جس کے لیے ایسے افراد جن کی فنگر پرنٹ کا مسئلہ ہوتا ہے، تمام شہروں میں جوازات کے ذیلی دفاتر میں فنگر پرنٹنگ کے خصوصی کاؤنٹرز کی سہولت فراہم کی گئی جہاں ابشر اکاؤنٹ رجسٹر کرنے کے لیے خاص انتظامات موجود ہیں۔

    علاوہ ازیں ایسے افراد بینکوں کے ذریعے بھی اپنا ابشر اکاؤنٹ رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

    ابشر اکاؤنٹ بناتے ہوئے غلطیاں

    بعض اوقات صارفین اپنا موبائل فون نمبر اکاؤنٹ میں فیڈ نہیں کرتے، غلطی سے ایسا موبائل فون نمبر فیڈ کردیتے ہیں جو ان کے نام پر رجسٹر نہیں ہوتا جس سے اکاؤنٹ اپ ڈیٹ نہیں ہوتا۔

    ابشر اکاؤنٹ جوازات کے کمپیوٹر پر بنانے کے بعد اس کا کوڈ موبائل نمبر پر ارسال کیا جاتا ہے، جسے اپنے پرسنل کمپیوٹر پر لاگ ان کرنے کے بعد ایکٹو کیا جاتا ہے، یہاں اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ جب تک اکاؤنٹ کو ایکٹو نہیں کیا جاتا اکاؤنٹ فعال نہیں ہوتا۔

  • سعودی عرب: گاڑی چوری ہونے پر کیا کریں؟

    ریاض: سعودی عرب میں اگر آپ کی گاڑی چوری ہو جائے تو اس کی رپورٹ کے لیے طریقہ کار اب بہت آسان بنا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ابشر‘ پر نئی سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کا باقاعدہ آغاز نئے سال کے ساتھ ہی کیا گیا ہے۔

    مسروقہ گاڑی کی رپورٹ کرنے کے لیے اب ’شرطہ‘ یعنی پولیس اسٹیشن میں جانے کی ضرورت نہیں رہی، اور ابشر اکاؤنٹ پر لاگ ان کر کے رپورٹ درج کرائی جا سکتی ہے۔

    سعودی عرب کا سیاحت کے حوالے سے بڑا اعلان

    اس کے لیے ابشر پر لاگ ان کرنے کے بعد ’خدمات‘ کے آپشن کو کلک کریں، اور پھر ’المرکبات‘ (وھیکل) کو کلک کریں، یہاں اپنی گاڑی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرنے کے لیے اس کی تفصیلات درج کریں اوراسے اپ لوڈ کر دیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مسروقہ گاڑی کی بروقت رپورٹ درج کرانے کے لیے اس تھانے جانا ہوتا تھا جہاں سے گاڑی چوری یا غائب ہوئی تھی، ابشر اکاؤنٹ سے مسروقہ گاڑی کی رپورٹ کرانے کی سہولت سے وہ افراد بھی مستفیض ہوں گے جو چھٹی پر وطن گئے ہوں اوران کی گاڑی گم ہو گئی ہو۔

  • ابشر پر سہولتوں میں مزید اضافہ

    ابشر پر سہولتوں میں مزید اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں حکومتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ابشر کی استعداد میں مزید اضافہ کردیا گیا جس کے بعد اس سے مزید 3 نئی سہولتیں حاصل کی جاسکیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود کی سرپرستی میں نائب وزیر ڈاکٹر ناصر الداوود نے بدھ کو سالانہ ابشر فورم میں شرکت کی۔

    ڈاکٹر ناصر الداوود نے وزارت داخلہ کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے نمایاں خدمات کو سراہا۔

    نائب وزیر داخلہ نے نئی الیکٹرانک سہولتوں اور انیشی ایٹوز کا افتتاح کیا، ان میں سعودی پاسپورٹ کا آن لائن اجرا اور تجدید بھی شامل ہے، مقامی شہری آن لائن قومی شناختی کارڈ بھی جاری کروا سکتے ہیں اور فیس بھی آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔

    مقیم غیر ملکیوں کو اپنی فیملی کے افراد کی ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

    معاون وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبد اللہ بن مشاری کا کہنا ہے کہ نئی آن لائن سہولتوں کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ وزارت داخلہ میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزارت داخلہ نے 350 سے زیادہ الیکٹرانک سہولتیں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فراہم کی ہیں جن سے 6 ملین سے زیادہ افراد کو فائدہ ہو رہا ہے۔

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے دی جانے والی نئی آن لائن سہولتوں کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ نے تفصیلات جاری کی ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کے تحت بری راستے سے بحرین روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ابشر سفر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان ناصر العتیبی کا کہنا ہے کہ جو سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کنگ فہد پل کے راستے بحرین جانا چاہتے ہوں وہ روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ابشر سفر کے ذریعے کرسکتے ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے 3 نئی سہولتوں کا اضافہ کیا ہے، ابشر سفر کی سہولت ان میں سے ایک ہے، باقی دو سہولتوں کا اجرا مرحلہ وار ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کنگ فہد پل پر رش کی صورت میں ایس ایم ایس بھیجا جائے گا، اس طرح شہری اور غیر ملکی انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے، گاڑی کا ڈرائیور بکنگ کر کے اپنی نجی معلومات اور گاڑی میں موجود فیملی کے افراد، رشتہ داروں اور دوستوں کی ضروری معلومات درج کروائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کی کارروائی کے لیے ابشر کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دی گئی ہے، اب تک یہ سہولت بینکوں تک محدود تھی۔

  • سعودی عرب: ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کرنے پر غور، سہولیات کیا ہوں گی؟

    سعودی عرب: ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کرنے پر غور، سہولیات کیا ہوں گی؟

    ریاض: سعودی عرب میں ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کیے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ، نیشنل ڈیجیٹل اتھارٹی اور سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے ادارے جائزہ لے رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کیے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے، توکلنا اور ابشر کو ضم کرنے سے شہریوں اور غیر ملکیوں کو مشترکہ پلیٹ فارم میسر آئے گا جس سے انہیں سرکاری معاملات کو نمٹانے میں سہولت ہوگی۔

    ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری معاملات انجام دیے جاتے ہیں جبکہ توکلنا ایپ کرونا وائرس کی وبا کے دوران جاری کی گئی تھی جس کا مقصد سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کرونا وائرس کے بارے میں مطلع کرنے کے علاوہ کرونا ٹیسٹ اور ویکسی نیشن کا ریکارڈ رکھنا ہے۔

    ایسے افراد جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین نہیں لگوائی، ایپ پر ان کا امیون اسٹیٹس نہیں ہوگا جس کی وجہ سے وہ کسی بھی سرکاری و نجی ادارے کے علاوہ عوامی مقامات اور مارکیٹوں میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

    ابشر اور توکلنا کو ضم کرنے سے شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو کافی سہولت ہوگی، ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سہولتیں یکجا ہوجائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے ابشر اور توکلنا کو ضم کرنے کے بارے میں حتمی جائزہ لے رہے ہیں، وزارت داخلہ، نیشنل ڈیجیٹل اتھارٹی اور سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے ادارے اپنی رپوٹ پیش کرنے کے بعد حتمی منظوری اور طریقہ کار جاری کریں گے۔